مجھے ٹھیک سے یاد نہیں لیکن شاید اب تک میں نے تعارف کے ضمن میں دو افراد کو خوش آمدید کہاہے۔
ایک توہمارے کنعان صاحب ہیں جو مجھ سے نہایت سینئر اوربزرگ ہیں اورمختلف زمروں میں ان کے تھریڈمختلف معاملات پر ان کے مراسلات جہاں کے طویل تجربے کی نشاندہی کرتے ہیں وہیں ان کے خلوص کا بھی پتہ دیتے ہیں۔بالخصوص دیارغیر میں مختلف معاملات سے متعلق ان کی معلومات قابل رشک اوران کاجذبہ ہمدردی قابل ستائش ہے۔
دوسرے ہمارے حیدرآبادی صاحب ہیں۔حیدرآبادی صاحب سے وجہ اشتراک یہ بنی کہ ان کا بھی گھر حیدرآباد میں ہے اورمیری بھی سسرال حیدرآباد میں ہے اوربقول شاعر"ایک نسبت ہے جوتیرے نام سے ہے"اس کے علاوہ تعلیم کی غرض سے بھی چارپانچ سال حیدرآباد کی میزبانی کا لطف اٹھایاہے۔
تیسری خوش نصیب یابدنصیب آپ ہیں جن کو میں تعارف کے خانہ میں خوش آمدید کہہ رہاہوں۔اس کی وجہ کیابہت ساری وجوہات ہیں۔فورم کے ایک ممبر کی حیثیت سے خوش آمدید کہنے کا حق ہے۔دوسرے آج کل راوی چین ہی چین لکھ رہاہے۔تیسرے اپنے اپنے تعارف کے خانے میں کچھ اچھی اچھی باتیں لکھی ہیں کہ
وھوسماکم المسلمین
لیکن کیایہ ساری وجوہات واقعی کوئی حقیقت رکھتی ہیں؟
جواب ہوگانہیں۔کیونکہ جن کو میں نے خوش آمدید نہیں کہاممبر کی حیثیت سے بھی تب بھی یہ حق تھا کہ ان کو خوش آمدید کہوں۔چین وسکون اورامن فراغت کا تب بھی دوردورہ ہواکرتاتھا۔بہت سارے دیگر ممبران نے بھی تعارف کے خانے میں ایسی باتیں لکھیں کہ سعدی کی نصیحتیں اس کے سامنے گرد بلکہ غبار لگتی ہیں۔
پھرشاید اس کی وجہ یہ ہو کہ آپ کے والد صاحب وکیل ہیں اورآپ کو خود بھی لاء سے شوق ہے ۔اس شوق میں بھی راقم الحروف بھی کسی حد تک شریک ہے۔لیکن میری قانونی معلومات بس اسی حد تک ہے جس سے میری صحافتی ذمہ داریاں پوری ہوجائین اوریہ لطیفہ نہ ہو کہ
ہمارے ایک اردو رپورٹر نے ایک مرتبہ کسی عدالتی کارروائی کی رپورٹ کی اورمدرسہ سے فراغت کی وجہ سے انہوںنے اپنی رپورٹ میں لکھا
"جج نے
فرمایا"
ہوسکتاہے کہ کوئی صاحب یاصاحبہ یہ "خوش آمدید نامہ "پڑھ کر اعتراض کرنے لگیں کہ یہ توکلیم عاجز کی غزل ہوتی جارہی ہے کہ نہ یہ مانگانہ وہ مانگاہے لیکن کیامانگاہے اس کی سرے سے کوئی خبرہی نہیں۔توقبل اس کے کلیم عاجزکی طرح لوگ یہ کہناشروع کردیں
"آخرش کون سی پاگل نے دعامانگی ہے"
توبتاہی دوں کہ
آپ کا نام پڑھ کر یہ خیال آیاکہ جن کے نام نامی فداہ ابی وامی کے آنے پر ہم پر درودوسلام بھیجنالازمی ہوجاتاہے توآپ کے تعارف کے تھریڈ میں آپ کا نام پڑھ کر( حلیمہ سعدیہ) کم ازکم خوش آمدید کہناتواپناخلاقی فرض بنتاہی ہے نا!