ابو داؤد
مشہور رکن
- شمولیت
- اپریل 27، 2020
- پیغامات
- 960
- ری ایکشن اسکور
- 232
- پوائنٹ
- 111
کیا امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ تجہم کے عقیدے پر فوت ہوئے تھے؟ علامہ حسان حسین آدم ابو سلمان الصومالی حفظہ اللہ کا فتویٰ
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
1۔ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ ابتدا میں جہمی تھے، پھر انہوں نے اس عقیدے سے توبہ کر لی تھی۔ ان سے توبہ کروانے اور رجوع کرانے کا واقعہ اہل آثار و روایات کے ہاں مشہور ہے۔
2۔ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے تجہم کے عقیدے سے رجوع کرنے کے اسباب میں سے ایک سبب قاضی ابو یوسف رحمہ اللہ کا ان کے ساتھ مناظرہ تھا۔ یہ مناظرہ قرآن کے مخلوق ہونے کے مسئلے میں ایک سال یا چھ ماہ تک جاری رہا، یہاں تک کہ بالآخر دونوں اس بات پر متفق ہو گئے کہ قرآن اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور مخلوق نہیں ہے۔
یہ روایت ابن ابی حاتم نے اپنی کتاب «الرد على الجهمية» میں نقل کی ہے، جیسا کہ حافظ ذہبی کی کتاب «العلو» (صفحہ: 155) اور بیہقی کی کتاب «الأسماء والصفات» (صفحہ: 551) میں بھی موجود ہے۔ اس کی سند جید ہے۔
3۔ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کا قرآن کو مخلوق کہنے کے قول سے رجوع کرنا ثابت ہے، اور اس مسئلے میں ان سے توبہ کروائے جانے کا واقعہ مشہور، بلکہ متواتر ہے، جیسا کہ شیخ معلمی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے۔
4۔ اس کے بعد امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کا جہمیہ کی تکفیر کرنا ان کے شاگردوں کی کتابوں اور دیگر کتب میں معروف و معلوم ہے۔
5۔ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کو جو لوگ تجہم کی نسبت سے متصف کرتے ہیں، ان کی مراد ان کی ابتدائی حالت اور اللہ کے دشمن جہم بن صفوان کے مذہب سے رجوع کرنے سے پہلے کا زمانہ ہوتا ہے۔
چنانچہ خطیب بغدادی نے اپنی کتاب «تاريخ بغداد» (15/514) میں امام ابو یوسف رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے کہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ جہم بن صفوان کی مذمت کرتے اور اس کے قول پر عیب لگاتے تھے۔
اور انہوں نے ایک دوسری سند سے امام ابو یوسف رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے کہ انہوں نے فرمایا: امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے فرمایا: «صِنْفَانِ مِنْ شَرِّ النَّاسِ بِخُرَاسَانَ: الْجَهْمِيَّةُ وَالْمُشَبِّهَةُ، وَرُبَّمَا قَالَ الْمُقَاتِلِيَّةَ» ’’خراسان میں لوگوں کے دو گروہ بدترین ہیں: جہمیہ اور مشبہہ۔ اور بعض اوقات آپ مقاتلیہ کا نام بھی لیتے تھے۔‘‘
اور خطیب بغدادی نے عبدالحمید بن عبدالرحمن الحمانی کے طریق سے روایت کیا ہے، انہوں نے کہا: میں نے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: «جَهْمُ بْنُ صَفْوَانَ كَافِرٌ» ’’جہم بن صفوان کافر ہے۔‘‘
6۔ جہاں تک اس دعوے کا تعلق ہے کہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کا انتقال جہمی عقیدے پر ہوا تھا، تو یہ بات درست نہیں؛ کیونکہ یہ روایت منکر یا شاذ ہے، جسے محمد بن سعید بن سلم نے اپنے والد سے روایت کرنے میں منفرد طور پر نقل کیا ہے، جبکہ محمد بن سعید مجہول ہے۔
اور ان کے والد سعید بن سلم سے محفوظ روایت یہ ہے کہ انہوں نے کہا: «قُلْتُ لِأَبِي يُوسُفَ: أَكَانَ أَبُو حَنِيفَةَ جَهْمِيًّا؟ قَالَ: نَعَمْ» ’’میں نے امام ابو یوسف سے پوچھا: کیا ابو حنیفہ جہمی تھے؟ انہوں نے جواب دیا: ہاں۔‘‘ اس روایت کو امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے رجوع اور ان سے توبہ کروائے جانے سے پہلے کی حالت پر محمول کیا جائے گا۔
بہرحال، امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کا تجہم کے عقیدے پر فوت ہونا جس روایت سے ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، اس کا مدار سعید بن سلم الباہلی پر ہے، جس نے اس روایت کو بیان کرنے میں تفرد کیا ہے۔ وہ مجہول الحال ہے، اور محدثین نے اس کے متعلق نہ کوئی جرح بیان کی ہے اور نہ تعدیل۔ مزید یہ کہ تاریخی حقائق اور واقعات کے اعتبار سے بھی یہ روایت محل اشکال ہے۔
7۔ امام ابو یوسف رحمہ اللہ سے صحیح طور پر یہ بات منقول ہے کہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ قرآن کو مخلوق کہتے تھے۔ لیکن اس روایت کو ان کے رجوع اور توبہ کروائے جانے سے پہلے کے زمانے پر محمول کیا جائے گا؛ کیونکہ امام ابو یوسف رحمہ اللہ کا ان سے قرآن کے مخلوق ہونے کے مسئلے میں مناظرہ کرنا اور امام ابو حنیفہ کا اس قول سے رجوع کرنا ثابت ہے۔ نیز اس مسئلے میں ان سے توبہ کروائے جانے کا واقعہ مشہور اور متواتر ہے۔ لہٰذا کسی مجہول الحال راوی کی روایت سے چمٹے رہنے کا کوئی معنی نہیں بنتا۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کا تجہم کے عقیدے پر انتقال کرنا ثابت نہیں ہے۔
امام محمد بن حسن شیبانی رحمہ اللہ بھی ابتدا میں جہمی تھے، پھر انہوں نے اس عقیدے سے رجوع کیا اور توبہ کی، اور اس کے بعد اہل سنت کے حامیوں میں شامل ہو گئے؛ سوائے مسئلہ ایمان (ارجاء) کے۔
امام ابو زرعہ رازی رحمہ اللہ نے فرمایا: «كَانَ أَبُو حَنِيفَةَ جَهْمِيًّا، وَكَانَ مُحَمَّدُ بْنُ الْحَسَنِ جَهْمِيًّا، وَكَانَ أَبُو يُوسُفَ سَلِيمًا مِنَ التَّجَهُّمِ» ’’ابو حنیفہ جہمی تھے، محمد بن حسن بھی جہمی تھے، جبکہ ابو یوسف تجہم کے عقیدے سے محفوظ تھے۔‘‘
اور امام ابو زرعہ رازی رحمہ اللہ نے یہ بھی فرمایا: «كَانَ مُحَمَّدُ بْنُ الْحَسَنِ جَهْمِيًّا وَكَذَا شَيْخُهُ، وَكَانَ أَبُو يُوسُفَ بَعِيدًا مِنَ التَّجَهُّمِ» ’’محمد بن حسن جہمی تھے، اور اسی طرح ان کے استاد بھی جہمی تھے، جبکہ ابو یوسف تجہم کے عقیدے سے بہت دور تھے۔‘‘
عمر الناقد نے فرمایا: «مَا أُحِبُّ أَنْ أَرْوِيَ عَنْ أَحَدٍ مِنْ أَصْحَابِ الرَّأْيِ إِلَّا عَنْ أَبِي يُوسُفَ، فَإِنَّهُ كَانَ صَاحِبَ سُنَّةٍ» ’’میں اہل رائے میں سے کسی شخص سے روایت کرنا پسند نہیں کرتا، سوائے ابو یوسف کے؛ کیونکہ وہ سنت کے پیروکار تھے۔‘‘
لیکن امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے حقیقت واضح کرتے ہوئے فرمایا: «كَانَ مُحَمَّدُ بْنُ الْحَسَنِ فِي الْأَوَّلِ يَذْهَبُ مَذْهَبَ الْجَهْمِ» ’’محمد بن حسن ابتدا میں جہم کے مذہب پر تھے۔‘‘
اسی وجہ سے امام محمد بن حسن شیبانی رحمہ اللہ نے جہم کے مذہب سے رجوع کرنے کے بعد اس مذہب کی تردید کی، فقہاء کے اس پر گمراہ ہونے اور اس کے مذہب کے باطل ہونے پر اجماع نقل کیا، اور اسماء و صفات کے باب میں اہل حدیث کے مذہب کو واضح اور مقرر کیا۔