محمد سعود مقصود
مبتدی
- شمولیت
- مارچ 04، 2025
- پیغامات
- 10
- ری ایکشن اسکور
- 1
- پوائنٹ
- 12
"ھ "اور " ہ "میں فرق
کیا "ہاں" اور "ھاں" دونوں صحیح ہیں؟ اگر نہیں تو پھر کیا فرق ہے؟
اردو میں دو چشمی" ھ " کا استعمال مرکب حروف تہجی بنانے کے لئے ہوتا ہے۔ جیسے:
بھ، پھ، تھ، ٹھ، جھ، چھ، دھ، ڈھ، کھ، گھ، لھ،اور نھ وغیرہ۔
اکثر لوگ بعض اوقات بعض جگہوں پر خوب صورتی بڑھانے کے لیے یا نادانی کی وجہ سے "ھ" کا استعمال کرتے ہیں۔ جیسے: ھے، ھماری اور ھم وغیرہ۔
لیکن یہ استعمال درست نہیں ہے۔
١_ اردو میں دو چشمی "ھ" لفظ ابتداء میں کبھی آ ہی نہیں سکتا کیونکہ دو چشمی "ھ" کی اکیلی کوئی مستقل آواز نہیں ہے، جبکہ "ہ" کی ایک الگ مستقل آواز ہے اور دو چشمی "ھ" کسی دوسرے حرف کے ساتھ ملا کر لکھا اور پڑھا جاتا ہے ۔
٢_ اردو میں دو چشمی "ھ" ہندی زبان سے ماخوذ ہے اور یہ صرف چند حروف کے ساتھ ہی آسکتی ہے، اردو کے تمام حروف تہجی کے ساتھ نہیں آسکتی۔
جیسے: بھ، پھ، تھ، ٹھ، جھ، چھ، دھ، ڈھ، کھ، گھ، لھ اور نھ وغیرہ۔
اس کے علاوہ باقی حروف کے ساتھ دو چشمی "ھ" نہیں آتی ہے۔
ذیل میں دو چشمی "ھ" اور "ہ" کے چند الفاظ لکھے جا رہے ہیں جنہیں پڑھ کر خود ہی آپ کو یہ اندازہ ہو جائے گا کہ ان دونوں کے اندر کیا فرق ہے:
بھ: بھارت، بھوت، بھابھی، بھائی، بھی، بھکاری، بھوپال، بھول۔
بہ: بہت، بہترین، بہن، بہار، بہادر، بہو، بہانہ، بہاؤ۔
پھ: پھر، پھول، پھیلنا، پھیپھڑا، پھل، پھاڑنا۔
پہ: پہلا، پہاڑ، پہچان، پہنچ، پہلوان، پہیلی، پہننا۔
تھ : تھوڑا، تھا، تھائی لینڈ، تھالی، تھوکنا، تھکن۔
تہ: تہائی، تہوار، تہذیب، تہلکہ، تہمت، تہنیت۔
ٹھ : ٹھیک، ٹھہرنا، ٹھوکر، ٹھوس، ٹھنڈا، ٹھکانہ، ٹھکیدار۔
ٹہ: ٹہلنا، ٹہنی، ٹہلوا(خدمت گار)، ٹہوکا(دھکا)۔
جھ: جھارکھنڈ، جھیل، جھوٹ، جھولنا، جھنڈا، جھلک، جھگڑا، جھاڑو۔
جہ : جہاں، جہاز، جہالت، جہنم، جہاد، جہیز۔
چھ: چھوٹ، چھوٹا، چھاپ، چھاؤں، چھوڑنا، چھونا، چھٹی، چھری، چھت۔
چہ: چہرہ، چہارم، چہل، چہچہانا، باغیچہ، کتابچہ، دریچہ، مورچہ، صندوقچہ، چمچہ۔
دھ: دھماکہ، دھوبی، دھوکہ، دھواں، دھول، دھیان، دھڑکن، دھوپ، دھارہ، دھاگہ۔
دہ: دہلی، دہی، دہشت، دہلیز، دہائی، دہرانا، پرندہ، درندہ، شرمندہ۔
ڈھ: ڈھانچہ، ڈھال، ڈھکن، ڈھول، ڈھنگ، ڈھیر، ڈھٹائی، ڈھونڈنا، ڈھانپنا۔
( "ڈ" کے ساتھ ‘‘ہ’’ اور "ر" کے ساتھ "ھ" کا لفظ نہیں آتا۔)
ڑھ: پڑھ، بڑھ، چڑھ، باڑھ، گڑھ، داڑھی، گڑھنا، سیڑھی، گاڑھا، کڑھائی، ساڑھے تین، کوڑھ۔
( یہ حرف ہمیشہ لفظ کے درمیان یا آخر میں آتا ہے۔)
ڑہ: باڑہ، اکھاڑہ، پکواڑہ( ١٥ دن کی مدت)، رجواڑہ( راجا کا ملک)، واڑہ۔
( یہ صرف لفظ کے آخر میں آتا ہے، مخصوص اور پرانے الفاظ تک ہی محدود ہے۔)
کھ: کھیل، کھانا، کھیت، کھولنا، کھوج، کھڑکی ، کھال، کھینچنا۔
کہ: کہنا، کہاں، کہنی، کہکشاں، کہاوت۔
گھ: گھر، گھوڑا، گھسنا، گھولنا، گھنٹہ، گھڑی، گھومنا، گھنا، گھاس، گھٹنا، گھبراہٹ۔
گہ: گہنا، گہرا، گہوارہ، گہرائی، گہن۔
لھ: چولھا، دولھا ، کولھا، الھڑ، ملھار، کلھڑ، کلھاڑی، سولھواں، سولھی(کھیل)۔
لہ: لہر، لہجہ، لہو، لہسن، لہلہانا، لہنگا، صلہ، مجلہ، بدلہ۔
نھ: ننھیال، ننھے، ننھا۔
( یہ حرف بہت ہی محدود ہے)
نہ: نہیں، نہ، نہر، نہایت، نہلانا، گنہگار، سینہ۔
یہ الفاظ صرف دوچشمی "ھ" اور "ہ" کے آپس میں فرق واضح کرنے کے لیے بطور مثال لکھے ہیں، اُمّید ہے کہ آپ اس سے مستفید ہوں گے۔
محمد سعودمتعلم: جامعہ نجران، سعودی عرب