- شمولیت
- اپریل 27، 2013
- پیغامات
- 26,589
- ری ایکشن اسکور
- 6,779
- پوائنٹ
- 1,207
خانہء نبوت
۱۔حضرت خدیجہؓ:
ہجرت سے قبل مکہ میں نبی ﷺ کا گھرانہ آپ ﷺ اور آپ کی بیوی حضرت خدیجہ ؓ پر مشتمل تھا۔ شادی کے وقت آپ ﷺ کی عمر پچیس سال تھی۔ اور حضرت خدیجہؓ کی عمر چالیس سال۔ حضرت خدیجہؓ آپ ﷺ کی پہلی بیوی تھیں۔ اور ان کے جیتے جی آپ ﷺ نے کوئی اور شادی نہیں کی۔ آپ ﷺ کی اولاد میں حضرت ابراہیم کے ماسوا تمام صاحبزادے اور صاحبزادیاں ان ہی حضرت خدیجہؓ کے بطن سے تھیں۔ صاحبزادگان میں سے تو کوئی زندہ نہ بچا۔ البتہ صاحبزادیاں حیات رہیں۔ ان کے نام یہ ہیں : زینبؓ، رُقَیہّؓ، اُمِ کلثومؓ، اور فاطمہؓ - زینبؓ کی شادی ہجرت سے پہلے ان کے پھوپھی زاد بھائی حضرت ابو العاص بن ربیع سے ہوئی۔ رقیہ اور ام کلثوم رضی اللہ عنہما کی شادی یکے بعد دیگرے حضرت عثمانؓ سے ہوئی۔ حضرت فاطمہؓ کی شادی جنگ بدر اور جنگ احد کے درمیانی عرصہ میں حضرت علی بن ابی طالبؓ سے ہوئی۔ اور ان کے بطن سے حسن، حسین رضی اللہ عنہما، زینب اور ام کلثوم رضی اللہ عنہما پیدا ہوئیں۔
معلوم ہے کہ نبی ﷺ کو امت کے بالمقابل یہ امتیازی خصوصیت حاصل تھی کہ آپ ﷺ مختلف اغراض کے پیش نظر چار سے زیادہ شادیاں کر سکتے تھے۔ چنانچہ جن عورتوںسے آپ ﷺ نے عقد فرمایا ان کی تعداد گیارہ تھی۔ جن میں سے نو عورتیں آپ ﷺ کی رحلت کے وقت حیات تھیں۔ اور دوعورتیں آپ ﷺ کی زندگی ہی میں وفات پا چکی تھیں۔ (یعنی حضرت خدیجہؓ اور ام المساکین حضرت زینب بنت خزیمہ رضی اللہ عنہما) ان کے علاوہ مزید دو عورتیں ہیں جن کے بارے میں اختلاف ہے کہ آپ ﷺ کا ان سے عقد ہوا تھا یا نہیں لیکن اس پر اتفاق ہے کہ انہیں آپ ﷺ کے پاس رخصت نہیں کیا گیا۔ ذیل میں ہم ازواج مطہرات کے نام اور ان کے مختصر حالات ترتیب وار پیش کر رہے ہیں۔