• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

پاکستان ، جو ابھی دریافت نہ ہوسکا

خضر حیات

علمی نگران
رکن انتظامیہ
شمولیت
اپریل 14، 2011
پیغامات
8,767
ری ایکشن اسکور
8,515
پوائنٹ
964
پاکستان ، جو ابھی دریافت نہ ہوسکا

حافظ یوسف سراج
دنیاپاکستان کیا دیکھے گی کہ ہم پاکستانیوں نے بھی اپنا پاکستان کہاں دیکھاہے؟گہر صدف کے اندر ہوتے ہیں اور جس نے کبھی صدف نہیں چیرا اسے خبرہی کیا کہ اسی بے چہرہ اوربے مول سیپ کے اندر کیاکیا انمول اور پاکیزہ موتی دمکا اور دہکاکرتے ہیں۔ ہاں یہ ہر گز نادرست نہیں کہ ہمیں اپنوں نے مارا ہے اور دھوپ میں باندھ کے مارا ہے۔کرپشن کے کے ٹواورنااہلی کے ہمالیہ نے ہماری ارض پاک کا چہرہ کجلایااور مفاد و عناد پرستی نے اس کی سندرتاکو گہنایاہے۔ سطحی سیاست اس کے پاؤں کا پتھر ہوئی ہے اور زر زدہ زرد صحافت نے اس کے چہرے کی سرخی بیچ اور نوچ کھائی ہے۔یہ مگر اس کے باجود بھی وہ نہیں ، بظاہر قومی مفادسے مفرور میڈیا اسے جو دکھاتااوررعبِ غیر سے مرعوب آدمی اسے جوبتاتاہے۔ہم نہ جانیں دنیا لیکن جانتی ہے کہ محمد عربی ﷺ کے نام پر لئے گئے محمد علی کے ا س وطن میں وہ صلاحیت و صالحیت ، وہ خوبی و خیر ، وہ فلاح و فوزاور وہ ہنر اور حرارت ہے کہ جسد اس کا زخم زخم ہی سہی ،اس کے باوجود یہ نبضِ عالم کی رفتار میں دل کی طرح دھڑکتااور قلبِ اغیارمیں کانٹے کی طرح کھٹکتاہے۔ ہاں اس دھرتی پر چار نہیں ملہار گاتی برسات سمیت پانچ موسم مہربان ہیں۔ یہاں کی زراعت کی زرخیزی دنیامیں سنہری چڑیا کا چرچااور یہاں کی مٹی دنیا بھر میں سب سے بڑ ے نہری نظام اور دنیا کے واحد مٹی سے بنے ڈیم کی پہچان رکھتی ہے۔ ہاں یہ تیس سیکنڈ میں چار اور ایک منٹ سے کم لمحوں میں کل پانچ جارح جنگی طیاروں کو خاک چٹا دینے والے اس محمد محمود عالم شاہبازہوا باز کا گھر ہے کہ جو مغربی فضائیہ کی تاریخ میں لٹل ڈریگن اور پاکستانیوں کے دل میں ایم ایم عالم کے نام سے بستاہے ، یہ اس اکیلے آدمی ڈاکٹر قدیر جیسے مایہ نازگوریلاایٹمی جنگجو کا در ہے کہ جوایک دن اپنے ساتھیوں کے ساتھ کہوٹہ کی سنگلاخ پہاڑیوں میں گم ہو گیا اور پھرجو ایک طلوع ہوتی صبح وہ نکلا تو ا س کے ہاتھ پر کامیابی کا نشان اور پاکستان کے لبوں پر دنیا کی ساتویں ،جنوبی ایشیاکی دوسری اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے کا اعلان تھا ، ہاں یہاں کے ایک فرزند کی تازہ کہانی یہ ہے کہ کشمیر کے خمیر سے اٹھے اور سرکارِ مدینہ کے مصلے پرکھڑے اس شخص کے پیچھے عرب و عجم سے آئے سرکار کے مہمان مسجد نبوی میں نماز کی صف بندی کیا کرتے ہیں۔ یہاں پھیلے 3500قبل مسیح کی تہذیب دامن میں سموئے وادی سندھ سے لے کر دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کے سلسلے اور یونانیوں سے لے کر مغلوں تک طرزِ تعمیرو تہذیب کے ا?ثارو نوادرات تاریخ کے ماتھے کا جھومرہیں۔یہاں شعور و آگہی اور علم و خواندگی پھیلاتا مدارس کا اتنا مستحکم نجی نظام ہے کہ اتاترک فیم مشرف بھی اسے دنیاکی سب سے بڑی این جی او پکارنے پر مجبور ہو اٹھتاہے۔یہاں گویوں کے گھرانے کا سب سے بے سرا ’پیجی‘ ایک دن دنیا کی نامور یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری کما لاتا اور نصرت فتح علی خان کہلاتاہے۔ پاکستان دنیاکی ساتویں بڑی آبادی، تناسبِ آبادی کے اعتبار سے کسی بھی ملک میں نوجوانوں کی سب سے بڑی آبادی اور دنیا کی بہترین لڑاکا فوج کی بستی ہے۔ لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر لی گئی یہ وہ بستی ہے کہ جہاں سے صرف دو بہنیں میڈم نگہت اور میڈم فرحت ہاشمی اس شان سے اٹھتی ہیں کہ جب وہ پلٹتی ہیں توطبقۂ اشرافیہ کی خواتین کے ہاتھوں میں نورِ قرآن اور ان کے من کو مہکاتی بہارِ ایمان کو ایک دنیا بچشم دنگ دیکھتی ہے۔یہاں ڈاکٹر امجد ثاقب ہیں اورجو ڈاکٹر امجد ثاقب کی سرگزشت اور خود نوشت کو نہیں جانتا اسے کہاں معلوم کہ پاکستان کیاہے؟ سوچتاہوں جب کبھی پیارے حبیب اپنے امتیوں کا تعارف کروائیں گے تو بھلا امجد ثاقب کے بارے میں کیا ارشاد فرمائیں گے؟ شاید یہی کہ اے لوگو! یہ وہ شخص ہے کہ جب حکمرانوں نے عدالتوں سے یہ کہہ کر سٹے لے لئے کہ سود کے بغیر ملک نہیں چلتا تو میرا امجد اپنی سرکاری نوکری کو لات مار کے اٹھا تھا اور اس نے پوری دنیا کواپنی بابرکت عملی جدوجہد سے ثابت کر دکھایاتھا کہ میرے سرکار کبھی غلط نہیں فرما تے۔ پوری دنیا دیکھ لے کہ بغیر سود کے ’اخوت‘ دنیا بھر کے معاشی ماہرین کے سامنے چیلنج بن کے کھڑی ہے۔ یہاں عمران نامی ایک نامی خان بیٹنگ پر آتا ہے تو پہلے سڑوک پر عالمی کپ اور دوسرے پر عالمی سطح کا کینسر کا ہسپتال جیت لاتاہے۔یہاں سید مودودی کی وہ ’الخدمت ‘ہے کہ جس کے بانی کے تنہا قلم نے کبھی پوری امت کی جنگ اک شان سے لڑ کے جیتی تھی۔ یہاں فلاحِ انسانیت ہے کہ جس کے نام پر پابندی لگتے تو دیکھی پر کبھی اس کے کام پر بندش آتے نہیں دیکھی۔ یہاں یوتھ فورس اور مرکزی جمعیت کے شعبہ خدمت خلق نے اپنے قائد سینیٹر ساجد میر کے نام سے پورا ہسپتال موبائل کرکے پسماندہ علاقوں کی دہلیز تک پہنچا نے کا کرشمہ کر کے الگ دنیا حیران کر رکھی ہے۔ یہاں غزالی ٹرسٹ ہے کہ جن کے لئے ہمیشہ دل دعا بنا رہتاہے۔ یہ گویا اس دور کا اصحابِ صفہ کا چبوترہ ہے، جو ناداروں کے بچوں میں علم بانٹتا ہے۔یہاں الخیر ہے کہ ورلڈ کالمسٹ کلب کے صدر ناصر اقبال کے بقول جو رفاہی امور پر پاکستان میں خرچ تو کرتی ہے مگرفنڈنگ پاکستان سے نہیں کرتی۔ یو کے کے کچھ اصحابِ خیر کے دست تعاون نے اسے بے نیاز کر رکھا ہے۔ یہاں پیغام ہے اور دارالسلام ہے۔ قلم و قرطاس کے مجاہد ، ایک کاتب عبدالمالک مجاہد کا بنایا اور پوری دنیا میں پھیلا یا وہ داراالسلام کہ جو آج اردو کتب کی اشاعت میں تو شاہکار تخلیق کرتا ہی ہے مگر وہ انگلش زبان میں اسلامی کتب کاسب سے بڑا عالمی ادارہ ہونے کا فخر بھی پاکستان کے نام کئے ہوئے ہے۔ پیغام وہ اسلامی ٹی وی کہ جس کی دعوتی ، دینی اور اسلام کا روشن و پر امن چہرہ پیش کرتی نشریات سے خوش ہو کے امامِ کعبہ نے اسے اپنی اعزازی سرپرستی عطا فرما کے پاکستان کی شا ن بڑھائی ہے۔ یہ پاکستان کے کسی بھی ٹی وی چینل کے لئے واحد اعزاز ہے۔یہ سارے نیک نام ادارے اصل پاکستان ہیں۔ پھریہ تو وہ نام ہیں جو ذہن میں آگئے۔ کتنے ابھی خیر کے جزیرے ذکر سے رہ گئے ہوں گے۔ ایک جنگ کے بعد خلیفہ عمرؓ کو بتایا گیا کہ فلاں فلاں نامور جنگ میں جام شہادت نوش کر گئے۔ آبدیدہ ہو کے آنجناب نے فرمایاکہ ان کے نام تو ہم نے جان لئے،وہ جو مذکور نہ ہوئے ، زمیں پر گمنام جانے وہ کتنے ہوں گے کہ عرش پر جن کے چرچے ہوں گے۔ بہرحال کہنا یہ ہے کہ یہ ہے ہمارا اصل پاکستان۔ یہ ہے پاکستان کا سچا اور اصلی چہرہ۔وہ نہیں جو دن رات ہمیں دکھایا اور بتایا جاتا ہے ، بقول مرزا رفیع سودا ؂
سودا جو ترا حال ہے اتنا تو نہیں وہ
کیا جانیے تْو نے اسے کس آن میں دیکھا
بہر حال کرنا یہ ہے کہ دئیے سے دیا جلانا ہے اور پاکستان کے اسی چہرے اور اسی شناخت کو مستحکم و مربوط تر کرناہے۔ رمضان میں جب آپ دستِ تعاون اور دست دعا بڑھائیں تو ان میں سے جو رفاہی ادارے ہیں ان کے نام اور باقیوں کے کام بھی ضروریاد رکھئے گا۔ اللہ اسلام ، عالم اسلام اور ہر مسلمان کے دین و دنیا کی حفاظت فرمائے۔
 
Top