یوم آخرت پر ایمان
"یوم آخرت " سے مراد روز قیامت ہے۔اس دن لوگوں کو ان کے اعمال کے حساب اور جزا کے لیے دوبارہ اٹھایا جائے گا۔اس دن کا نام "یوم آخرت" اس لیے ہے کہ اس کے بعد کوئی دوسرا دن نہ ہو،کیونکہ تمام اہل جنت اور جہنم اپنے اپنے ٹھکانوں میں قرار پا چکے ہوں گے۔آخرت کے دن پر ایمان تین امور پر مشتمل ہے:
(1)دوبارہ اٹھائے جانے پر ایمان لانا۔دوبارہ اٹھائے جانے سے مراد دوسری بار صور پھونکتے وقت مردوں کو زندہ کرنا ہے،چنانچہ تمام لوگ بغیر جوتوں کے ننگے پاؤں،بغیر لباس کے ننگے جسم،اور بغیر ختنوں کے اللہ رب العالمین کے حضور کھڑے ہوئے جائیں گے،ارشاد باری تعالیٰ ہے:
كَمَا بَدَأْنَآ أَوَّلَ خَلْقٍۢ نُّعِيدُهُۥ ۚ وَعْدًا عَلَيْنَآ ۚ إِنَّا كُنَّا فَٰعِلِينَ ﴿104﴾
ترجمہ: جس طرح ہم نے پہلی بار پیدا کیا تھا دوبارہ بھی پیدا کریں گے یہ ہمارے ذمہ وعدہ ہے بے شک ہم پورا کرنے والے ہیں (سورۃ الانبیاء،آیت 104)
دوبارہ اٹھایا جانا برحق اور ثابت ہے ،کتاب اللہ ،سنت رسول اور اجماع مسلمین سب اس کے ثبوت پر دلالت کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
ثُمَّ إِنَّكُم بَعْدَ ذَٰلِكَ لَمَيِّتُونَ ﴿15﴾ثُمَّ إِنَّكُمْ يَوْمَ ٱلْقِيَٰمَةِ تُبْعَثُونَ ﴿16﴾
ترجمہ: پھر تم اس کے بعد مرنے والے ہو پھر تم قیامت کے دن اٹھائے جاؤ گے ( سورۃ المومنون،آیت 15-16)
اور نبی ﷺ کا ارشاد ہے:
یحشر الناس یوم القیامۃ حفاۃ عراۃ غرلا
یعنی"قیامت کے دن لوگوں کو ننگے پاؤں ،ننگے بدن اور بغیر ختنے کے جمع کیا جائے گا۔"(صحیح بخاری،الرقاق،باب الحشر،حدیث:6527،وصحیح مسلم ،الجنۃ و نعیمھا،باب فناء الدنیا وبیان الحشر یوم القیامۃ،حدیث:2859 واللفظ لہ)
اس کے اثبات پر مسلمان کا اجماع ہے اور حکمت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی اس مخلوق کو دوبارہ زندہ کرے اور اپنے رسولوں کے ذریعے سے اس نے ان پر جو فرائض عائد کیے تھے،ان کی انہیں جزا دے۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
أَفَحَسِبْتُمْ أَنَّمَا خَلَقْنَٰكُمْ عَبَثًۭا وَأَنَّكُمْ إِلَيْنَا لَا تُرْجَعُونَ ﴿115﴾
ترجمہ: سو کیا تم یہ خیال کرتے ہو کہ ہم نے تمہیں نکما پیدا کیا ہے اور یہ کہ تم ہمارے پاس لوٹ کر نہیں آؤ گے (سورۃ المومنون،آیت 115)
اور اپنے پیغمبر ﷺ سے فرمایا:
إِنَّ ٱلَّذِى فَرَضَ عَلَيْكَ ٱلْقُرْءَانَ لَرَآدُّكَ إِلَىٰ مَعَادٍۢ ۚ
ترجمہ: جس نے تم پر قرآن فرض کیا وہ تمہیں لوٹنے کی جگہ پھیر لائے گا (سورۃ القصص،آیت 85)
(2)حساب و جزا پر ایمان لانا۔یعنی بندے کے تمام اعمال کا حساب ہو گا اور اس کے مطابق اسے پورا بدلہ دیا جائے گا اور اس کے ثبوت پر بھی کتاب و سنت اور اجماع مسلمین سب دلالت کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
إِنَّ إِلَيْنَآ إِيَابَهُمْ ﴿25﴾ثُمَّ إِنَّ عَلَيْنَا حِسَابَهُم ﴿26﴾
ترجمہ: بےشک ہماری طرف ہی ان کو لوٹ کر آنا ہے پھر ہمارےہی ذمہ ان کا حساب لینا ہے (سورۃ الغاشیہ،آیت 25-26)
ایک اور مقام پر ارشاد باری تعالیٰ ہے:
مَن جَآءَ بِٱلْحَسَنَةِ فَلَهُۥ عَشْرُ أَمْثَالِهَا ۖ وَمَن جَآءَ بِٱلسَّيِّئَةِ فَلَا يُجْزَىٰٓ إِلَّا مِثْلَهَا وَهُمْ لَا يُظْلَمُونَ ﴿160﴾
ترجمہ: اور جو کوئی (اللہ کے حضور) نیکی لے کر آئے گا اس کو ویسی دس نیکیاں ملیں گی اور جو برائی لائے گا اسے سزا ویسے ہی ملے گی اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا (سورۃ الانعام،آیت 160)
ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَنَضَعُ ٱلْمَوَٰزِينَ ٱلْقِسْطَ لِيَوْمِ ٱلْقِيَٰمَةِ فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌۭ شَيْا ۖ وَإِن كَانَ مِثْقَالَ حَبَّةٍۢ مِّنْ خَرْدَلٍ أَتَيْنَا بِهَا ۗ وَكَفَىٰ بِنَا حَٰسِبِينَ ﴿47﴾
ترجمہ: اور قیامت کے دن ہم انصاف کی ترازو قائم کریں گے پھرکسی پر کچھ ظلم نہ کیا جائے گا اور اگر رائی کے دانہ کے برابر بھی عمل ہو گا تو اسے بھی ہم لے آئیں گے اور ہم ہی حساب لینے کے لیے کافی ہیں (سورۃ الانبیاء،آیت 47)
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے بھی مروی ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:
"قیامت کے روز اللہ تعالیٰ مومن شخص کو اپنے قریب بلا کر اپنے پردے سے ڈھانپ لے گا اور اس سے پوچھے گا کہ کیا یہ اور یہ گناہ جانتا ہے۔وہ جواب دے گا،ہاں،اے میرے رب !یہاں تک کہ جب وہ اپنے گناہوں کے اقرار کے بعد یہ سمجھ لے گا کہ وہ تباہ و برباد ہو گیا ہے،تو اللہ فرمائے گا:میں نے دنیا میں تیرے گناہوں کی پردہ پوشی کی تھی،آج میں تیرے ان گناہوں کو معاف کرتا ہوں،چنانچہ اس کو اس کی نیکیوں کا اعمال نامہ دے دیا جائے گا،لیکن کفار اور منافقین کو علی الاعلان تمام مخلوق کے سامنے بلا کر یہ کہا جائے گا:"یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب کو جھٹلایا ،خبردار ظالموں پر اللہ کی لعنت ہے۔"(صحیح بخاری،المظالم)
اور نبی ﷺ سے صحیح طور پر ثابت ہے:
((فمن ھم بحسنۃ فلم یعملھا کتبھا اللہ لہ عندہ حسنۃ کاملۃ فان ھم بھا وعملھا کتبھا اللہ لہ عندہ عشر حسنات الی سبعمائۃ ضعف الی اضعاف کثیرۃ ومن ھم بسیئۃ فلم یعملھا کتبھا اللہ لہ عندہ حسنۃ کاملۃ فان ھو ھم بھا فعملھا کتبھا اللہ لہ سیئۃ واحدۃ))
"جس نے نیکی کا ارادہ کیا اور نیکی نہیں کی،اللہ تعالیٰ اپنے ہاں اُس کے لیے پوری ایک نیکی لکھ دیتا ہے اور جس نے ارادہ نیکی کرنے کے بعد وہ نیکی کر لی تو اللہ تعالیٰ اس ایک نیکی کو اپنے ہاں دس گنا سے سات سو گنا بلکہ اس سے بھی زیادہ نیکیاں لکھ دیتا ہے اور جب کوئی کسی بدی کا ارادہ کر کے اس پر عمل نہ کرے تو اللہ تعالیٰ اپنے ہاں ایک مکمل نیکی لکھ دیتا ہے،پس وہ بدی پر عمل بھی کر گزرے ،تو اللہ تعالیٰ اپنے ہاں (اس کے نامہ اعمال میں )صرف ایک ہی بدی لکھتا ہے۔"(صحیح بخاری،الرقاق،من ھم بحسنۃ او بسئۃ ،حدیث 6491،وصحیح مسلم،الایمان،اذا ھم العبد بحسنۃ کتبت۔۔۔۔،128،129،130)
قیامت کے روز تمام انسانی اعمال کے حساب کتاب اور ان کی جزا و سزا کے اثبات پر تمام مسلمانوں کا اتفاق ہے اور حکمت کا تقاضا بھی یہی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے کتابیں نازل کیں،رسول بھیجے جو احکام شریعت وہ لائے تھے انہیں قبول کرنا اور ان میں سے جن احکام پر عمل کرنا واجب تھا،ان پر عمل کرنا بندوں پر فرض کیا۔جو لوگ اس کی شریعت کے مخالف ہیں،اُن کے ساتھ قتال کو واجب قرار دیا ،ان کے خون ،ان کی اولاد،ان کی عورتوں اور ان کے مالوں کو حلال قرار دیا۔تو اگر ان تمام اعمال کا حساب کتاب ہی نہ ہو اور نہ ان کے مطابق جزا و سزا دی جائے تو یہ تمام احکام بے کار اور مہمل قرار پاتے ہیں حالانکہ تمام جہانوں کا پروردگار تو ہر عبث چیز سے منزہ ہے،چنانچہ اس حقیقت کی طرف اللہ تعالیٰ نے خود اشارہ فرمایا ہے:
فَلَنَسْلَنَّ ٱلَّذِينَ أُرْسِلَ إِلَيْهِمْ وَلَنَسْلَنَّ ٱلْمُرْسَلِينَ ﴿6﴾فَلَنَقُصَّنَّ عَلَيْهِم بِعِلْمٍۢ ۖ وَمَا كُنَّا غَآئِبِينَ ﴿7﴾
ترجمہ: پھر ہم ان لوگوں سے ضرور سوال کریں گے جن کے پاس پیغمبر بھیجے گئے تھے اور ان پیغمبروں سے ضرور پوچھیں گے پھر اپنے علم کی بناء پر ان کے سامنے بیان کر دیں گے اور ہم کہیں حاضر نہ تھے (سورۃ الاعراف،آیت 6-7)
(3)جنت اور جہنم پر ایمان لانا ،یعنی یہ دونوں مخلوق کے ابدی ٹھکانے ہیں،سو جنت نعمتوں کا گھر ہے جسے اللہ تعالیٰ نے تقوی اختیار کرنے والے ان مومنوں کے لیے بنایا ہے جو ان چیزوں پر ایمان لائے جن پر ایمان لانا اللہ تعالیٰ نے ان پر واجب ٹھہرایا ،اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اطاعت کی اور اللہ تعالیٰ سے مخلص اور اس کے رسول کے سچے پیروکار رہے۔ان کے لیے جنت میں طرح طرح کی نعمتیں ہیں۔ایک حدیث میں ہے:
ما لا عین رات،ولا اذن سمعت،ولا خطر علی قلب بشر
"جسے نہ کسی آنکھ نے دیکھا،نہ کسی کان نے سنا اور نہ کسی انسان کے دل میں اس کا خیال تک گزرا۔"(صحیح بخاری،بدءالخلق،باب ما جاء فی صفہ الجنۃ اوانھا مخلوقۃ حدیث:3244)
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
إِنَّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ وَعَمِلُوا۟ ٱلصَّٰلِحَٰتِ أُو۟لَٰٓئِكَ هُمْ خَيْرُ ٱلْبَرِيَّةِ ﴿7﴾جَزَآؤُهُمْ عِندَ رَبِّهِمْ جَنَّٰتُ عَدْنٍۢ تَجْرِى مِن تَحْتِهَا ٱلْأَنْهَٰرُ خَٰلِدِينَ فِيهَآ أَبَدًۭا ۖ رَّضِىَ ٱللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا۟ عَنْهُ ۚ ذَٰلِكَ لِمَنْ خَشِىَ رَبَّهُۥ ﴿8﴾
ترجمہ: بے شک جولوگ ایمان لائے اورنیک کام کیے یہی لوگ بہترین مخلوقات ہیں ان کا بدلہ ان کے رب کے ہاں ہمیشہ رہنے کے بہشت ہیں ان کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے الله ان سے راضی ہوا اور وہ اس سے راضی ہوئے یہ اس کے لئےہے جو اپنے رب سے ڈرتا ہے (سورۃ البینۃ ،آیت 7-8)
ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌۭ مَّآ أُخْفِىَ لَهُم مِّن قُرَّةِ أَعْيُنٍۢ جَزَآءًۢ بِمَا كَانُوا۟ يَعْمَلُونَ﴿17﴾
ترجمہ: پھر کوئی شخص نہیں جانتا کہ ان کے عمل کے بدلہ میں ان کی آنکھو ں کی کیا ٹھنڈک چھپا رکھی ہے (سورۃ السجدۃ،آیت 17)
اور "جہنم" عذاب کا گھر ہے،اسے اللہ تعالیٰ نے ان ظالم کافروں کے لیے بنایا ہے جنہوں نے اس کے ساتھ کفر کیا اور اس کے رسولوں کی نافرنی کی۔جہنم میں طرح طرح کا عذاب اور سامان عبرت ہے،کوئی دل ان ہولناکیوں کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
وَاتَّقُوا النَّارَ الَّتِي أُعِدَّتْ لِلْكَافِرِينَ ﴿131﴾
ترجمہ: "اور اس آگ سے بچو جو کافروں کے لیے تیار گئی ہے"(سورۃ آل عمران،آیت 131)
اور ایک جگہ یوں فرمایا:
إِنَّآ أَعْتَدْنَا لِلظَّٰلِمِينَ نَارًا أَحَاطَ بِهِمْ سُرَادِقُهَا ۚ وَإِن يَسْتَغِيثُوا۟ يُغَاثُوا۟ بِمَآءٍۢ كَٱلْمُهْلِ يَشْوِى ٱلْوُجُوهَ ۚ بِئْسَ ٱلشَّرَابُ وَسَآءَتْ مُرْتَفَقًا ﴿29﴾
ترجمہ: بے شک ہم نے ظالموں کے لیے آگ تیار کر رکھی ہے انہیں اس کی قناتیں گھیر لیں گی اور اگر فریاد کریں گے تو ایسے پانی سے فریاد رسی کیے جائیں گے جو تانبے کی طرح پگھلا ہوا ہو گا مونہوں کو جھلس دے گا کیا ہی برا پانی ہو گا او رکیا ہی بری آرام گاہ ہو گی (سورہ الکہف،آیت 29)
اور ایک مقام پر ارشاد باری تعالیٰ ہے:
إِنَّ ٱللَّهَ لَعَنَ ٱلْكَٰفِرِينَ وَأَعَدَّ لَهُمْ سَعِيرًا ﴿64﴾خَٰلِدِينَ فِيهَآ أَبَدًۭا ۖ لَّا يَجِدُونَ وَلِيًّۭا وَلَا نَصِيرًۭا ﴿65﴾يَوْمَ تُقَلَّبُ وُجُوهُهُمْ فِى ٱلنَّارِ يَقُولُونَ يَٰلَيْتَنَآ أَطَعْنَا ٱللَّهَ وَأَطَعْنَا ٱلرَّسُولَا۠﴿66﴾
ترجمہ: بے شک الله نے کافروں پر لعنت کی ہے اور ان کے لیے دوزخ تیار کر رکھا ہے وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے نہ کوئی دوست پائیں گے اور نہ کوئی مددگار جس دن ان کے منہ آگ میں الٹ دیے جائیں گے کہیں گے اے کاش ہم نے الله اور رسول کا کہا مانا ہوتا (سورۃ الاحزاب،آیت 64-66)