ابو داؤد
مشہور رکن
- شمولیت
- اپریل 27، 2020
- پیغامات
- 960
- ری ایکشن اسکور
- 232
- پوائنٹ
- 111
اصل الدین، اس میں تکفیر کی حیثیت اور وہم و گمان کی بنیاد پر پوری پوری قوموں کو کافر قرار دینے کے متعلق شیخ ابو سلمان حسان حسین آدم الصومالی حفظہ اللہ کا فتاویٰ
سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! ہمارے شیخ! اللہ تعالیٰ آپ کو ہر قسم کی برائی اور ناگوار چیز سے محفوظ رکھے، اور آپ کے اوقات کو خوشیوں سے بھر دے۔
شیخ محترم! میں آپ کی خدمت میں مسئلہ اصل الدین کے متعلق وضاحت چاہتا ہوں کہ اصل الدین کیا ہے؟ کیا تکفیر بھی اصل الدین میں شامل ہے؟ اور اس تکفیر سے کیا مراد ہے؟ کیا اس سے مراد مجموعی طور پر ان سب کی تکفیر ہے یا ہر فرد کی الگ الگ تکفیر؟
اور عارضی طور پر کفر کے زیر اثر آنے والے علاقوں میں کیا اصل یہ ہے کہ ان کے باشندوں کو عمومی طور پر مسلمان قرار دیا جائے، الا یہ کہ ہم ان سے صریح کفر اکبر دیکھ لیں؟ یا اصل یہ ہے کہ انہیں عمومی طور پر کافر قرار دیا جائے، الا یہ کہ ہم ان سے یقینی طور پر توحید دیکھ لیں؟
ہم شمالی عراق کے کرد ہیں۔ ان مسائل کے متعلق ہمارے ہاں کچھ شبہات اور اشکالات پائے جاتے ہیں۔ لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ ان کی وضاحت اور تشریح فرمائیں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کی اس وضاحت کو ہدایت اور راہ راست کا ذریعہ بنائے۔
جواب: وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! وإياكم وفقكم الله وسدّد خطاكم وبارك فيكم۔
پہلا اور دوسرا مسئلہ: (اصل الدین کیا ہے؟ اور کیا تکفیر اصل الدین میں شامل ہے؟) ان دونوں سوالات کا جواب یہ ہے، وباللہ نتأيّد :
اصل الدین یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو الوہیت میں یکتا مانا جائے اور اس کے سوا جن معبودوں کی عبادت کی جاتی ہے، ان کا انکار کیا جائے، نیز توحید ربوبیت اور اسماء و صفات کے ان ضروری دینی و عقلی امور کو تسلیم کیا جائے جن کا علم ناگزیر ہے۔ مثلا اس بات کا اقرار کرنا کہ اللہ تعالیٰ ہی ہمارا خالق اور ہمارا واحد معبود ہے، خواہ اعتقاد کا معاملہ ہو یا عمل کا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو عبادت میں یکتا ماننا اور اس کے سوا کسی دوسرے کی عبادت کے باطل ہونے کا علم، کسی معصوم کی خبر پر موقوف نہیں ہے۔ اور وحی کے ذریعے عذاب کا مستحق قرار دیا جانا، فطری اور عقلی توحید اور شرک کے باطل ہونے سے الگ معاملہ ہے۔
یا یوں کہا جائے: اصل الدین ہر وہ شرعی مطالبہ ہے جس کا ثبوت وحی و سماعی دلیل پر موقوف نہ ہو، بلکہ اسے صریح عقل اور صحیح فطرت ضرورت کے طور پر پہچانتی ہو۔
اور دین کا ہر وہ مطالبہ جس کا علم خبر شرعی پر موقوف ہو، وہ اصل الدین میں سے نہیں، بلکہ اس کے واجبات اور فروع میں سے ہے۔
یا یوں کہا جائے: اصل الدین وہ امور ہیں جو ایمان باللہ کے مفہوم میں لازما داخل ہیں اور جن میں کسی شخص کو جہالت یا تاویل کا عذر نہیں دیا جاتا۔
یا یوں کہا جائے: اصل الدین وہ چیز ہے جو وحی کی خبر پہنچنے سے پہلے ہی ضرورت کے طور پر ثابت ہو، اور اس میں کسی شخص کو کسی بھی زمانے اور کسی بھی مقام پر جہالت کا عذر نہیں دیا جاتا؛ کیونکہ اصل الدین میں غلطی کفر ہے اور اس کا مرتکب کافر ہے، اس لیے کہ اس کے اندر ایمان باللہ اور اسلام موجود نہیں رہتا۔
عقلی اور نقلی اعتبار سے یہ ناممکن ہے کہ کسی مشتق (جیسے مسلمان، مؤمن اور عارف) کا اثبات کیا جائے، جبکہ وہ اصل جس سے یہ مشتق نکلا ہے (یعنی اسلام، ایمان اور معرفت) ہی موجود نہ ہو۔
اس بنا پر یہ اعتقاد رکھنا کہ جاہل اللہ تعالیٰ کو پہچاننے والا نہیں، اور جو اللہ کو نہیں پہچانتا وہ اس پر ایمان رکھنے والا نہیں، نیز مشرک مسلمان نہیں؛ کیونکہ اسلام اور توحید کے درمیان تضاد ہے اور ایک ہی محل میں دو متناقض چیزوں کا جمع ہونا محال ہے۔
لہٰذا اس شخص کی تکفیر، یعنی اس سے اسلام کی نفی کا اعتقاد رکھنا، اصل الدین میں سے ہے، جس میں کسی کو عذر نہیں دیا جاتا؛ کیونکہ کسی چیز پر ایمان لانا اس کی معرفت کے بعد ہی ممکن ہے۔ جو شخص کسی چیز کو جانتا ہی نہیں، وہ اس پر ایمان کیسے لائے گا؟
تیسرا مسئلہ: (اس تکفیر سے کیا مراد ہے؟ کیا مجموعی تکفیر مراد ہے یا ہر فرد کی الگ الگ تکفیر؟)
اس سے مراد یہ ہے کہ جس شخص میں کوئی ایسا وصف پایا جائے جو لازمی طور پر اسلام کے منافی ہو، اس سے اسلام اور توحید کی نفی کی جائے۔
مثلا مشرکین کی تکفیر؛ کیونکہ یہ اصل الدین میں سے ہے۔ اس لیے کہ کسی شخص کے مشرک ہونے کی حقیقت معلوم ہونے کے باوجود اسے مسلمان قرار دینا، اسلام سے ناواقفیت ہے، اور مشرک کو مسلمان قرار دینے والا اسلام کی حقیقت سے ناواقف ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ جس شخص نے اسلام کی حقیقت کو سمجھ لیا، اس نے مسلمان اور مشرک کے درمیان فرق بھی پہچان لیا۔ اور شرک و اسلام ایک دوسرے کے متناقض ہیں؛ یہ دونوں نہ ایک ہی وقت میں جمع ہو سکتے ہیں اور نہ ایک دوسرے کے ساتھ بیک وقت معدوم ہو سکتے ہیں۔
جس طرح وجود اور عدم، رات اور دن، سیاہی اور سفیدی، گرمی اور سردی، نور اور تاریکی، بہادری اور بزدلی، سخاوت اور بخل ایک دوسرے کی ضد ہیں۔ پس جس شخص نے ان معانی کی حقیقت کو سمجھ لیا، اس نے لازما ان کی متضاد حقیقتوں کو بھی پہچان لیا۔
ہاں! ہم مجموعی تکفیر اور انفرادی تکفیر، یعنی نوع اور عین کے درمیان فرق نہیں کرتے؛ کیونکہ ہر وہ معین شخص جس میں کفر پایا جائے، وہ کافر ہے، اور ہر وہ شخص جس میں کفر موجود نہ ہو، وہ کافر نہیں ہے۔
البتہ بعض اہل علم کفر صریح (کفر تصریح) اور کفر تاویل (کفر مآل) کے درمیان، نیز مجموعی حکم اور انفرادی حکم (فرقوں اور معین اشخاص) کے درمیان فرق کرتے ہیں۔
چنانچہ وہ کفر مآل اور کفر لازم کے متعلق کہتے ہیں کہ فلاں گروہ کافر یا بدعتی ہے، لیکن کسی معین شخص کے متعلق اس وقت تک یہ نہیں کہتے کہ وہ کافر ہے، جب تک اس میں تکفیر کی شرائط ثابت نہ ہو جائیں۔ ہم کسی دوسرے مقام پر اس تفریق میں پائے جانے والے اشتباہ، اجمال اور تفصیل کو بیان کریں گے۔
یہاں مقصود یہ ہے کہ مشرکین کی تکفیر اس معنی میں کہ ان کے اسلام کی نفی کی جائے؛ یہ اصل الدین میں سے ہے، جس میں کسی کو جہالت یا تاویل کا عذر نہیں دیا جاتا۔ اسی طرح کسی شخص کے مشرک ہونے کی حقیقت معلوم ہو جانے کے بعد اسے مسلمان قرار دینے والے کے لئے بھی کوئی عذر نہیں ہے۔
البتہ تکفیر اس معنی میں کہ مشرک پر فورا یا بعد میں عذاب نافذ کرنا، ایک شرعی اور سماعی حکم ہے، جس کا ادراک محض عقل سے نہیں ہو سکتا؛ کیونکہ قتل سزاؤں میں سے ہے اور سزاؤں کا نفاذ شرعی دلائل پر موقوف ہے۔ اس کے برخلاف کسی مجرم کا سزا کا مستحق ہونا عقل کے ذریعے بھی معلوم کیا جا سکتا ہے۔
حاصل کلام یہ ہے کہ مشرک سے اسلام کی نفی کا حکم ایک عقلی اور فطری حکم ہے؛ کیونکہ اسلام شرک کی ضد ہے اور تضاد ایک عقلی حکم ہے۔ جبکہ مشرک کی تکفیر، اس معنی میں کہ اسے ابدی سزا دینا اور اس کا خون اور مال مباح کرنا، ایک شرعی اور سماعی حکم ہے۔ جو شخص ان دونوں کو خلط ملط کرتا ہے، وہ درحقیقت ایک مغالطے میں مبتلا ہے، جسے مسائل کو ایک ہی مسئلہ بنا کر خلط ملط کرنا کہا جاتا ہے۔
اسی طرح کسی ضروری سماعی حکم سے ناواقفیت، خبر شرعی پہنچنے سے پہلے بھی کفر نہیں ہے اور اس کے بعد بھی بذات خود کفر نہیں ہے۔ البتہ کسی ضروری دینی، عقلی اور سماعی امر سے جہالت اس وقت خبر شرعی پہنچنے سے پہلے بھی کفر کو لازم کر سکتی ہے، جب اس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ اور اسلام کی حقیقت سے جہالت لازم آئے۔
اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی بعض صفات سے ناواقفیت خبر شرعی پہنچنے سے پہلے بھی کفر بن جاتی ہے، جبکہ بعض دوسری صفات سے ناواقفیت خبر شرعی پہنچنے سے پہلے کفر نہیں بنتی۔
تنبیہ: ہر وہ چیز جس کا علم عقل کی ضرورت سے حاصل ہو، کفر کو لازم نہیں کرتی؛ بلکہ کفر کو لازم کرنے والی چیز وہ ضروری دینی حقیقت ہے جس سے جہالت اللہ سبحانہ وتعالیٰ اور اسلام و شرک کی حقیقتوں سے جہالت کو لازم کرتی ہو۔
خلاصہ یہ ہے کہ بعض ضروری دینی امور ایسے ہوتے ہیں جن سے جہالت خبر شرعی پہنچنے سے پہلے بھی کفر ہے۔ لیکن کسی چیز کا ضروری ہونا لازما یہ معنی نہیں رکھتا کہ اس سے ناواقفیت کفر ہے، اور نہ ہی یہ لازم آتا ہے کہ اس میں جہالت کی بنا پر عذر دیا جائے۔ بلکہ جہالت کی بنا پر عذر صرف ضروری دینی امور کی ایک خاص قسم، یعنی سماعی امور میں ہوتا ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ ضروری دینی امور کی دو قسمیں ہیں:
پہلی قسم: وہ امور جن سے جہالت اللہ تعالیٰ اور اسلام سے جہالت کو لازم کرتی ہے، مثلا اللہ تعالیٰ کے علم اور قدرت سے جہالت، اور مشرک کو مسلمان قرار دینا۔
اس قسم کے کفر میں دو چیزیں جمع ہوتی ہیں: جب کوئی شخص مشرک کو مسلمان قرار دیتا ہے تو اس کے اس حکم میں دو طرح کا کفر جمع ہو جاتا ہے پہلا اسلام کی حقیقت سے ناواقفیت کا کفر اور دوسرا مشرکین کے متعلق شارع کے حکم کا انکار اور اسے رد کرنے کا کفر۔ ان دونوں میں سے ہر ایک کا اپنا الگ سبب اور اپنا الگ حکم و اثر ہے۔
چنانچہ کفر الجہل کی خصوصیت یہ ہے کہ خبر شرعی پہنچنے سے پہلے ہی اسلام کی نفی ہو جاتی ہے، لیکن اس سے سزا کا وجوب لازم نہیں آتا۔ جبکہ کفر جحود کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے نتیجے میں عذاب اور سزا لازم آتی ہے۔
دوسری قسم: وہ ضروری دینی امور جن سے جہالت اللہ تعالیٰ اور اسلام سے جہالت کو لازم نہیں کرتی، مثلا نماز اور روزے کے وجوب سے جہالت، اور اللہ تعالیٰ کی بعض صفات خبریہ سے جہالت، جیسے چہرہ، دونوں ہاتھ، آنکھ، اور عرش پر مستوی ہونا۔
چوتھا مسئلہ: (عارضی طور پر کفر کے زیر اثر آنے والے علاقوں میں کیا اصل یہ ہے کہ ان کے باشندوں کو عمومی طور پر مسلمان قرار دیا جائے، الا یہ کہ ہم ان سے کفر اکبر دیکھ لیں، یا انہیں عمومی طور پر کافر قرار دیا جائے، الا یہ کہ ہم ان سے یقینی طور پر توحید دیکھ لیں؟)
جواب: جو شخص کسی بھی زمانے اور کسی بھی علاقے میں اسلام کا اظہار کرے، خواہ وہ علاقہ اصل سے کفر کا علاقہ ہو یا ارتداد کا، تو واجب ہے کہ اس کے ظاہر کے اعتبار سے اسے مسلمان قرار دیا جائے، یہاں تک کہ اس سے کوئی ناقض الاسلام ظاہر ہو جائے۔ اور جو شخص کسی بھی علاقے میں کفر کا اظہار کرے، وہ کافر ہے، یہاں تک کہ اس کی طرف سے توبہ اور اسلام ظاہر ہو جائے۔
ہم ان ملحدین حراقصہ سے اس بات میں اختلاف نہیں کرتے کہ جو شخص غیر اللہ کی عبادت کرے اور اس کے لیے شریک و ہمسر بنائے، وہ کافر ہے۔ ہمارا اختلاف تو ان سے اس بات میں ہے کہ وہ محض اس وجہ سے اسلام کا اظہار کرنے والے شخص کو کافر قرار دیتے ہیں کہ وہ ایسے علاقے میں رہتا ہے جہاں کفر اور شرک بکثرت پایا جاتا ہے!
ہم پوری پوری عوام اور قوموں کی تکفیر اس وقت تک نہیں کرتے جب تک ان سے کوئی ناقض الاسلام معلوم نہ ہو جائے۔ اس کے برخلاف ملحد انہیں اس وقت بھی کافر قرار دیتا ہے جب وہ اسلام کا اظہار کر رہے ہوں اور ان سے کسی ناقض الاسلام کا علم بھی نہ ہو۔
وہ اکثریت کے حکم کو اقلیت کے حکم کے تابع بنا دیتا ہے، چنانچہ اس طرح اسلام کے تمام اصول اس ملحد کے خلاف الٹ جاتے ہیں! شرعی طور پر لازم یہ ہے کہ اکثریت کو مسلمان قرار دیا جائے اور ان معین افراد کو اس حکم سے مستثنیٰ کیا جائے جو کفر میں ملوث ہوں۔
رہا ان کا یہ قول کہ پوری پوری قوموں کی تکفیر کی جائے گی: ’’جو شخص کسی علاقے میں رہتا ہے، وہ اسی علاقے کے باشندوں میں شمار ہوگا، یہاں تک کہ اس سے اس کے برعکس کوئی بات ظاہر ہو جائے۔ اور حکم غالب اکثریت کا ہوگا، جبکہ اقلیت کا کوئی اعتبار نہیں۔‘‘ تو اس کا جواب دو پہلوؤں سے ہے:
پہلا پہلو: انسانیت میں اصل اسلام ہے، یہاں تک کہ دلیل کے ساتھ کفر ثابت ہو جائے۔ اصل یہ ہے کہ کسی شخص کے بارے میں حکم لگاتے وقت اس کے ذاتی اور اصلی حکم کو تبعی حکم پر مقدم رکھا جائے۔ اصل یہ ہے کہ کسی شخص کے متعلق اس کی اپنی حالت کے مطابق حکم لگایا جائے، نہ کہ اس کے والدین یا اس علاقے کی بنیاد پر جہاں وہ رہتا ہے۔
اصل یہ ہے کہ جو شخص اسلام کا اظہار کرے، وہ حقیقتا یا حکما مسلمان ہے، خواہ کسی بھی علاقے میں ہو اور کسی بھی زمانے میں ہو۔ اور جو شخص کفر کا اظہار کرے، وہ کسی بھی ملک اور کسی بھی زمانے میں کافر ہے۔
جس شخص کی حالت کفر یا اسلام کے اعتبار سے معلوم ہو، وہ بالاجماع علاقے کے حکم کا تابع نہیں ہوتا؛ بلکہ علاقے کا حکم صرف اس شخص پر لاگو ہوتا ہے جس کی حالت نامعلوم ہو، یعنی جو نہ کفر کا اظہار کرتا ہو اور نہ اسلام کا
جو شخص ان معلوم اور متفق علیہ اصولوں کی مخالفت کرے، وہ حجت قائم ہو جانے کے بعد کافر ہے، اور یہی صورت واقعہ ہے۔
دوسرا پہلو: کسی ایسے غالب حکم کے مقابلے میں، جو کسی واضح دلیل یا اقرار پر قائم نہ ہو، اقلیت کے حکم کو مقدم کرنا، باب التکفیر میں کالعدم اور ناقابل اعتبار ہے۔ اسی وجہ سے اسلام کا اظہار کرنے والے شخص کے حق میں دلالت الحال کو غیر معتبر قرار دینا شرعی اصولوں میں سے ہے!
اس اصول کے دلائل درج ذیل ہیں:
1۔ پہلی دلیل: مسلمانوں کا اس بات پر اجماع ہے کہ حربی کافر اور مرتد کو تلوار کے ذریعے اسلام قبول کرنے پر مجبور کرنا جائز ہے، اور جب وہ تلوار کے سائے تلے کلمہ شہادت پڑھ لے تو اسے مسلمان قرار دیا جائے گا۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت کی حالت اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ اس کے اسلام قبول کرنے کے دعوے میں سچائی نہیں ہے۔ لیکن حالات کی اس دلالت سے پیدا ہونے والا یہ گمان، خواہ کتنا ہی قوی کیوں نہ ہو، شرعا معتبر نہیں ہے؛ بلکہ کسی شخص کے اسلام کا ظاہری اظہار ہی اس کے مسلمان قرار دیے جانے کے لیے کافی ہے۔
ایسی صورت حال میں غالب گمان یہی ہوتا ہے کہ اس شخص کا اسلام قبول کرنا سچائی اور اخلاص پر مبنی نہیں، اور ایسے لوگ قتل اور قید و بند کے خوف سے اسلام قبول کرتے ہیں۔ لیکن یہ غالب گمان، کلمہ شہادت پڑھنے والے شخص کے حق میں شرعا معتبر نہیں، یہاں تک کہ اس کی طرف سے کفر ظاہر ہو جائے۔ پس غور کرو اور راہ حق سے منحرف ہونے والوں میں سے نہ بنو!
اس میں کوئی شک نہیں کہ تلوار کے سائے تلے کلمہ شہادت پڑھنا، حالات کی دلالت کے اعتبار سے تقیہ اور نفاق پر دلالت کرتا ہے، لیکن اس باب میں اس دلالت پر اعتماد نہیں کیا جائے گا؛ بلکہ شارع نے قول کی دلالت، یعنی کلمہ شہادت پڑھنے کو حالت کی دلالت پر مقدم رکھا ہے! غور کرو اور شیطانی خیالات کی بنیاد پر لوگوں کی تکفیر کرنے والوں میں سے نہ بنو!
اسی لیے کہا جاتا ہے کہ کسی ایسے ملک میں اسلام کا اظہار کرنے والا شخص جہاں شرکیہ اعمال بکثرت پائے جاتے ہوں، اس کے معاملے میں بدترین صورت میں بھی دلالت حال اور دلالت مقال ایک دوسرے کے مقابل آ جاتی ہیں۔ پہلی دلالت اس بات کا تقاضا کر سکتی ہے کہ وہ مشرکین میں سے ہے، جبکہ دلالت مقال اس بات کو واجب کرتی ہے کہ اس کے ظاہر کردہ ایمان کی بنا پر اسے مسلمان قرار دیا جائے۔
لیکن اسلام کا اظہار کرنے والے شخص کے بارے میں قول کی ظاہری دلالت کو حالت کی دلالت پر مقدم رکھنا ایک قطعی شرعی اصول ہے، جس کے مطابق اس شخص کو مسلمان قرار دیا جائے گا جس سے کوئی ناقض السلام ظاہر نہ ہوا ہو۔
2۔ دوسرا دلیل: اس اصل پر مسلمانوں کا اجماع، یعنی دلالت مقال کو غالب گمان (دلالت حال) پر مقدم کرنا، سنت نبویہ سے بھی ثابت ہے، جیسا کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما کی حدیث میں آیا ہے۔
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ نے دلالت حال پر اعتماد کرتے ہوئے اس شخص کو قتل کر دیا اور دلالت مقال، یعنی اس کے کلمہ شہادت پڑھنے کو معتبر نہیں سمجھا۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پر نکیر فرمائی اور کہا: «أَقَتَلْتَهُ بَعْدَ مَا قَالَ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ؟ كَيْفَ تَصْنَعُ بِلَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ إِذَا جَاءَتْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ؟» ’’کیا تم نے اسے اس کے لا إله إلا الله کہنے کے بعد قتل کر دیا؟ جب قیامت کے دن لا إله إلا الله تمہارے سامنے آئے گا تو تم اس کے ساتھ کیا کرو گے؟‘‘
جب حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ نے دلالت مقال پر دلالت حال کو مقدم کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے عرض کیا: «يَا رَسُولَ اللّٰهِ، إِنَّمَا كَانَ مُتَعَوِّذًا مِنَ الْقَتْلِ» ’’اے اللہ کے رسول! اس نے تو محض قتل سے بچنے کے لیے کلمہ پڑھا تھا۔‘‘ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بار بار یہی فرماتے رہے: «أَقَتَلْتَهُ بَعْدَ مَا قَالَ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ؟» ’’کیا تم نے اسے لا إله إلا الله کہنے کے بعد قتل کر دیا؟‘‘ یہاں تک کہ حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ نے تمنا کی کہ کاش وہ اسی دن اسلام لائے ہوتے!
اس باب میں ایک اور دلیل حضرت مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ کی حدیث ہے۔ انہوں نے عرض کیا: ’’اے اللہ کے رسول! آپ کا کیا خیال ہے کہ اگر میری ملاقات کسی کافر شخص سے ہو، پھر وہ مجھ سے جنگ کرے اور تلوار کے ذریعے میرا ایک ہاتھ کاٹ دے، پھر مجھ سے بچنے کے لیے کسی درخت کی آڑ لے کر کہے: میں اللہ کے لیے مسلمان ہو گیا، تو کیا اس کے یہ کلمہ کہنے کے بعد بھی میں اسے قتل کر سکتا ہوں؟‘‘
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لَا تَقْتُلْهُ» ’’اسے قتل نہ کرو۔‘‘ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! اس نے تو میرا ہاتھ کاٹ دیا ہے، پھر ہاتھ کاٹنے کے بعد یہ کلمہ کہا ہے، کیا اس کے باوجود میں اسے قتل نہ کروں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«لَا تَقْتُلْهُ، فَإِنْ قَتَلْتَهُ فَإِنَّهُ بِمَنْزِلَتِكَ قَبْلَ أَنْ تَقْتُلَهُ، وَإِنَّكَ بِمَنْزِلَتِهِ قَبْلَ أَنْ يَقُولَ كَلِمَتَهُ الَّتِي قَالَ» ’’اسے قتل نہ کرو؛ کیونکہ اگر تم نے اسے قتل کر دیا تو وہ تمہارے اس مقام پر ہوگا جہاں تم اسے قتل کرنے سے پہلے تھے، اور تم اس کے اس مقام پر ہو جاؤ گے جہاں وہ اس کلمے کے کہنے سے پہلے تھا جو اس نے کہا ہے۔‘‘
اس موضوع میں اور بھی بہت سی روایات اور آثار موجود ہیں۔ ان احادیث سے حاصل ہونے والے فقہی نکات میں سے یہ ہے کہ جو شخص اسلام کا اظہار کرے، اسے مسلمان قرار دیا جائے گا اور اس کے معاملے میں اس وقت تک توقف نہیں کیا جائے گا جب تک اس کی طرف سے کوئی ناقض السلام ظاہر نہ ہو جائے۔ نیز اسلام کا اظہار کرنے والے شخص کے معاملے میں غالب گمان، یعنی دلالت حال، کا اعتبار نہیں کیا جائے گا۔
امام شافعی رحمہ اللہ نے حضرت مقداد رضی اللہ عنہ کی حدیث کے متعلق فرمایا: «فَأَخْبَرَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ أَنَّ اللّٰهَ حَرَّمَ دَمَ هَذَا بِإِظْهَارِهِ الْإِيمَانَ فِي حَالِ خَوْفِهِ عَلَى دَمِهِ، وَلَمْ يُبِحْهُ بِالْأَغْلَبِ أَنَّهُ لَمْ يُسْلِمْ إِلَّا مُتَعَوِّذًا مِنَ الْقَتْلِ بِالْإِسْلَامِ»
’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی کہ اللہ تعالیٰ نے اس شخص کے خون کو اس کے ایمان کے اظہار کی وجہ سے حرام قرار دے دیا، حالانکہ وہ اپنی جان کے خوف میں مبتلا تھا۔ اور اس غالب گمان کی بنیاد پر اس کا خون مباح قرار نہیں دیا کہ اس نے محض قتل سے بچنے کے لیے اسلام قبول کیا ہے۔‘‘
میں کہتا ہوں: اس کی وجہ یہ ہے کہ باطنی اسلام ایک پوشیدہ معاملہ ہے، جس طرح کسی چیز پر دلی رضامندی ایک مخفی معاملہ ہے۔ اسی لیے شارع نے دنیا میں لوگوں کو مسلمان قرار دینے کے معاملے میں باطن کو زیر نظر رکھنے سے اجتناب کیا ہے۔
ابو حامد غزالی (505ھ) نے فرمایا: «وَدَلِيلُ قَطْعِ النَّظَرِ عَنْهُ: أَنَّ الْمُكْرَهَ تَحْتَ ظِلَالِ السُّيُوفِ يُحْكَمُ بِإِسْلَامِهِ مَعَ الْعِلْمِ بِقَرَائِنِ الْأَحْوَالِ بِكَوْنِهِ مُصِرًّا» ’’اس باطنی معاملے کو نظر انداز کرنے کی دلیل یہ ہے کہ تلواروں کے سائے تلے مجبور کیے جانے والے شخص کو مسلمان قرار دیا جاتا ہے، حالانکہ حالات کے قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنے سابقہ کفر پر قائم ہے۔‘‘
3۔ تیسری دلیل: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا منافقین کو مسلمان قرار دینا، حالانکہ حالات اور قرائن اس بات کا تقاضا کرتے تھے کہ وہ اپنے سابقہ کفر پر قائم ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مدینہ منورہ میں شرکیہ نفاق پھیل گیا تھا، لیکن اس کے باوجود لوگوں کے ساتھ ظاہری اسلام کے مطابق معاملہ کرنے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
4۔ چوتھی دلیل: صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا اس بات پر اجماع کہ مرتدین کے علاقوں میں، مثلا مسیلمہ کذاب کے علاقے میں، جو شخص اسلام کا اظہار کرے اسے مسلمان قرار دیا جائے گا۔ انہوں نے دلالت حال، یعنی غالب صورت حال، کو دلالت مقال اور اسلام کے ظاہری اظہار پر مقدم نہیں کیا۔
صحابہ میں سے کسی ایک سے بھی یہ بات صحیح سند کے ساتھ ثابت نہیں کہ انہوں نے محض اس وجہ سے کسی شخص کو کافر قرار دیا ہو کہ وہ ارتداد کے علاقے میں رہتا ہے، حالانکہ وہ شعائر اسلام کے اظہار کے ذریعے اپنے اسلام کا اظہار کر رہا ہو۔
مقصود یہ ہے کہ خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے زمانے میں یمامہ اور دیگر علاقوں میں کفر اور ارتداد پھیل گیا تھا، لیکن اس کے باوجود لوگوں کے ساتھ ظاہری اسلام کے مطابق معاملہ کرنے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، حتیٰ کہ ان لوگوں کے معاملے میں بھی نہیں جنہیں مرتدین کے لشکر میں پایا گیا تھا، جیسے علقمہ بن علاثہ کی بیوی اور اس کی بیٹی!
علقمہ کی بیوی نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے کہا: «إِنْ كَانَ عَلْقَمَةُ كَفَرَ فَإِنِّي لَمْ أَكْفُرْ أَنَا وَابْنَتِي» ’’اگر علقمہ نے کفر کیا ہے تو میں اور میری بیٹی تو کافر نہیں ہوئے۔‘‘ اس پر اہل سنت والجماعت کے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا: «مَا أَحْسَنَ مَا احْتَجَّتْ عَلَيْهِ، مَا أَحْسَنَ مَا قَالَتْ» ’’اس نے کیا ہی عمدہ دلیل پیش کی ہے! اس نے کیا ہی اچھی بات کہی ہے!‘‘
اس واقعے سے استدلال یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے مرتدین کے لشکر میں موجود ہونے کے باوجود ان کے سردار کے اہل خانہ کی تکفیر نہیں کی۔ اسی طرح کا واقعہ بنو حنیفہ کے ایک گروہ کے ساتھ بھی پیش آیا، جن میں ان کے سردار مجاعہ بن مرارہ اور ساریہ بن عمرو بھی شامل تھے۔ كتب السير والمغازی میں مذکور ہے کہ صحابہ کرام نے انہیں گھیر لیا، گرفتار کیا اور حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کے پاس لے آئے، یہاں تک کہ انہیں آپ کے سامنے کھڑا کر دیا۔
حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ نے ان سے پوچھا: «يا بني حنيفة، ما تقولون في صاحبكم مسيلمة؟» ’’اے بنو حنیفہ! تم اپنے سردار مسیلمہ کے متعلق کیا کہتے ہو؟‘‘ انہوں نے جواب دیا: «نقول إنه شريك محمد بن عبد الله في نبوته» ’’ہم کہتے ہیں کہ وہ محمد بن عبداللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نبوت میں شریک ہے۔‘‘ اس پر ساریہ بن عمرو نامی ایک شخص نے کہا: «يا أبا سليمان، ولكني لا أقول ذلك» ’’اے ابو سلیمان! لیکن میں یہ بات نہیں کہتا۔‘‘
حضرت خالد رضی اللہ عنہ نے مجاعہ سے پوچھا: «ما تقول فيما يقول أصحابك هؤلاء؟» ’’تم اپنے ان ساتھیوں کی بات کے متعلق کیا کہتے ہو؟‘‘ مجاعہ نے جواب دیا: «أقول إني قدمت المدينة، وبها رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم، فآمنت به وصدقته أنا وصاحبي هذا سارية بن عامر، ولا والله ما غيرنا ولا بدلنا، غير أنه لم يكن لنا بد من مداراة مسيلمة خوفا على أنفسنا وأموالنا وأولادن»
’’میں یہ کہتا ہوں کہ میں مدینہ آیا تھا، جبکہ وہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم موجود تھے۔ پس میں نے آپ پر ایمان لایا اور آپ کی تصدیق کی۔ میں اور میرے یہ ساتھی ساریہ بن عامر دونوں آپ پر ایمان لائے تھے۔ اللہ کی قسم! ہم نے نہ اپنے دین کو بدلا اور نہ ہی اس میں کوئی تبدیلی کی۔ البتہ ہمارے لیے مسیلمہ کے ساتھ مداہنت اور ظاہری موافقت اختیار کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا، کیونکہ ہمیں اپنی جانوں، مالوں اور اولاد کا خوف تھا۔‘‘
اس پر حضرت خالد رضی اللہ عنہ نے فرمایا: «فاعتزل أنت وصاحبك هذا ناحية من هؤلاء الكفار» ’’تم اور تمہارا یہ ساتھی ان کافروں سے الگ ہو کر ایک طرف کھڑے ہو جاؤ۔‘‘ «ثم قدم خالد بقية القوم فضرب أعناقهم صبرا» پھر حضرت خالد رضی اللہ عنہ نے باقی لوگوں کو آگے بلایا اور ان کی گردنیں اڑا دیں۔
اس واقعے سے استدلال یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے ان دونوں کو محض اس وجہ سے کافر قرار نہیں دیا کہ وہ ایسے علاقوں اور قبیلوں میں رہتے تھے جہاں ارتداد غالب تھا، اور نہ ہی اس وجہ سے کہ وہ مرتدین کے قبیلے سے تعلق رکھتے تھے، اور نہ ہی اس وجہ سے کہ وہ مرتدین کے سامنے خاموش رہے اور ان کی مخالفت نہیں کی۔
بلکہ انہوں نے انہیں اس عقیدے کی وجہ سے کافر قرار دیا کہ مسیلمہ کذاب نبی ہے۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے ارتداد کے علاقوں میں ظاہری اسلام اور شعائر اسلام کا اعتبار کیا، برخلاف ان نئے حراقصہ کے!
5۔ پانچویں دلیل: کسی ملک میں کفر کے پھیل جانے کو وہاں کے معین افراد کی تکفیر کا سبب قرار دینا ایک شرعی اور وضعی حکم ہے، جس کے لیے دلیل درکار ہے۔ اور اس کی کوئی دلیل موجود نہیں، سوائے اس صورت کے کہ کسی ایسے شخص کو، جس کی حالت نامعلوم ہو، غالب اکثریت کے حکم کے ساتھ ملحق کیا جائے۔ لیکن جو شخص اسلام یا کفر کا اظہار کر رہا ہو، اسے علاقے کے حکم کے تابع قرار دینا بالاجماع باطل ہے۔
تنبیہ: مجاعہ کا واقعہ کتاب «مختصر السيرة» میں اس سے مختلف سیاق کے ساتھ نقل ہوا ہے، لیکن وہ وہم ہے، لہٰذا اس سے دھوکا نہ کھایا جائے۔
6۔ چھٹی دلیل: اسی اصول کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ سلف صالحین نے شہروں اور ان کے باشندوں میں کفر آمیز بدعات کے پھیل جانے کے باوجود پوری پوری قوموں کو مسلمان قرار دیا۔ مقصود یہ ہے کہ دوسری صدی ہجری کے اواخر اور تیسری صدی ہجری کے اوائل میں بلاد و عباد میں کفر آمیز بدعات، مثلا جہمیہ اور معتزلہ کے عقائد، پھیل گئے تھے۔
یہاں تک کہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کفر آمیز بدعات کے عام ہو جانے کی وجہ سے صرف اسی شخص کے پیچھے نماز پڑھتے تھے جس پر انہیں اعتماد ہوتا تھا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے پوری پوری عوام کی تکفیر نہیں کی۔
اور جب سے بلاد و عباد میں کفر آمیز بدعات پھیلیں، امام یحییٰ بن معین رحمہ اللہ جمعہ کی نماز دوبارہ پڑھنے لگے۔نماز کے معاملے میں اس قدر احتیاط کے باوجود ائمہ سلف شہروں اور ان کے باشندوں کی نہ عمومی تکفیر کرتے تھے اور نہ انفرادی، سوائے ان لوگوں کے جن کا کفر ان کے مخصوص شرعی سبب کے ساتھ معلوم ہو جاتا تھا۔ یہ ان دین سے نکل جانے والے لوگوں کے برخلاف ہے۔
خلاصہ جواب یہ ہے کہ جس شخص کا اسلام یا کفر معلوم ہو، اس کا علاقے کے حکم سے کوئی تعلق نہیں؛ کیونکہ ہم اس کی اپنی حالت کو اسلام یا کفر کے اعتبار سے جان چکے ہیں، لہٰذا اس کے ساتھ ایسے شخص جیسا معاملہ نہیں کیا جائے گا جس کی حالت نامعلوم ہو۔
البتہ جس شخص کی حالت اسلام اور کفر کے اعتبار سے نامعلوم ہو، تو جب اس سے کوئی شرعی حکم متعلق ہو، اس وقت وہ اپنے علاقے کے حکم کے تابع ہوگا۔ اور انسان کے حسن اسلام میں سے یہ بھی ہے کہ وہ ان چیزوں کو چھوڑ دے جو اس سے متعلق نہیں ہیں۔
هذا آخر الجواب والله الموفق للصواب والهادي إلى سواء السبيل۔