اور یہ اہل علم کا فورم ہے اور اہل علم جانتے ہیں کہ ائمہ مجتہدین میں اجتہادی اختلاف تھا، اور اجتہادی اختلاف کی بناء پر کسی کے فتویٰ کو غیر اسلامی قرار دینا سرا سر نا انصافی اور کم علمی ہے، اسے مجتہدکی اجتہادی غلطی قرار دیا جا سکتا ہے اور بس ۔ امام شافعی امام مالک کی شاگردی کے باوجود اپنے استاد سے کتنا اختلاف کرتے ہیں اور ایک ایک الگ مذہب کے بانی کہلائے۔
فورم کے منتظمین کی مرضی مگر اگر آپ دو تہائی مسلمانوں کے نظریات کو کہ جن سے آپ کا اجتہادی اختلاف ہے ، کے کسی اجتہادی مسئلے کو غیر اسلامی افکار و نظریات کے زمرہ میں رکھتے ہیں، تو اس سے آپ دنیا کو کیا دکھانا چاہتے ہیں،
آپ اس موضوع کا عنوان رکھ سکتے تھے، ائمہ مجتہدین کی اجتہادی خطائیں ،جس سے کہ مقصد بھی حل ہو جاتا اور ایک اچھا اثر بھی پڑتا۔ نہ کہ آپ نے دھڑلے سے امام ابوحنیفہ رحمہ کے اجتہاد کو غیر اسلامی فکر و نظریہ قرار دے دیا اور ساتھ ہی دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ان کے کروڑوں مقلدین کو بھی۔
محترم عمر معاویہ بھائی جان،
موضوع کا عنوان غلط نہیں ہے۔ البتہ جس کیٹگری میں موضوع کو پوسٹ کیا گیا ہے وہ کیٹگری غلط ہے۔ اس سے قبل بھی جتنے مسلکی اختلافات پر مشتمل دھاگے پوسٹ کئے گئے ہیں سب ہی ’غیر اسلامی افکار و نظریات‘ کی کیٹگری میں پوسٹ ہوئے ہیں۔ دراصل اس کی وجہ یہ نہیں کہ خدانخواستہ ہمارے نزدیک یہ اجتہادی یا فقہی اختلافات کوئی اسلام و غیر اسلام کا مسئلہ ہے بلکہ ہم نے شروع سے ہی مسلکی اختلافات پر مشتمل دھاگوں پر پابندی عائد کی ہوئی تھی اور اسی لئے متعلقہ کیٹگریز بھی آن لائن نہیں کی تھیں۔ اب چونکہ حال ہی میں ہم نے اختلافی مسائل سے متعلق پالیسی بنائی ہے۔ لہٰذا اب اس قسم کے اختلافی مسائل کے لئے مناسب کیٹگریز بھی جلد ہی اوپن کر دی جائیں گی۔ اور پھر موجودہ دھاگہ اور اس سے ملتے جلتے تمام دھاگے متعلقہ کیٹگریز میں انتظامیہ کی طرف سے ٹرانسفر کر دئے جائیں گے ان شاءاللہ۔
آپ کے حسن ظن اور مثبت تنقید کے لئے آپ کے مشکور ہیں۔
باقی آپ نے جو تعداد والی بات کی ہے وہ البتہ غلط ہے۔ اس پر امید ہے کہ آپ کو بھی اصرار نہیں ہوگا۔سَروں کی گنتی سے کسی خاص مسلک یا دین کی فوقیت ظاہر نہیں ہوتی کہ آج بھی عیسائیوں کی تعداد مسلمانوں سے بہت زیادہ ہے لیکن اس سے ہرگز عیسائیت کی حقانیت ظاہر نہیں ہوتی۔
اور یہ ایک عظیم حقیقت ہے کہ فقہ حنفی کے ماننے والے کل مسلمانوں کے دو تہائی تک ہیں، اور ایک زمانہ میں پوری کی پوری خلافت ہی فقہ حنفیہ پر عمل پیرا رہی ہے، خلافت عباسیہ ، خلافت عثمانیہ ۔
یہ بھی کچھ مبالغہ آمیزی ہے۔ نیز یہ بھی دیکھیں کہ فقہ حنفی کے ماننے والوں ہی میں اس قدر شدید اختلافات ہیں کہ ایک دوسرے پر کفر کے فتوے ہیں۔ برصغیر ہی میں دیوبندی بریلوی اختلاف ہی دیکھ لیں۔اور اب حیاتی و مماتی دیوبندی کاعقیدہ میں اختلاف۔ پھر ایک پوائنٹ یہ بھی ہے کہ بریلوی مسلک کے ماننے والوں کی تعداد بالیقین دیوبندی مسلک کے ماننے والوں سے زیادہ ہے، لیکن اس سے بریلوی مسلک کا حق ہونا کشید کرنا یقیناً آپ کے نزدیک بھی غلط ہوگا۔
واللہ اعلم!