سبحان اللہ !چند ہی دن بعد ہمیں دوبارہ رمضان المبارک کی با سعادت گھڑیاں نصیب ہوں گی۔اس دفعہ آ پ کا رمضان پلان کیا ہے؟
(صرف تذکیر کے لیے ذکر کر رہی ہوں)
اس دفعہ ہم چند بہنوں نے دوران رمضان سورہ بقرہ حفظ کرنے کا ارادہ کیا ہے۔روزانہ دو رکوع یا ایک رکوع۔۔حسب استطاعت۔خوشی کی بات ہے کہ ایک بہن خود سورہ بقرہ حفظ کی دہرائی کریں گی اور ان کی سات سالہ بیٹی روزانہ دو رکوع یاد کر کے سنائیں گی۔اگر وہ بہن اپنے بچوں کو اس طرف راغب کر سکتی ہیں تو ہم کیوں نہیں؟؟اپنے ساتھ اپنی اولاد کو بھی نیکی کے کاموں میں شریک بنائیے۔
اس دفعہ رمضان پلان پچھلی دفعہ سے خاصا مختلف ہے۔پچھلے سال ارد گرد افراد سے سیکھنے سکھانے کا تعلق رہا تھا۔اس دفعہ شدید گرمی کے باعث ایسا ممکن نہیں اور والدین کو شکایت کا موقع بھی ملتا ہے کہ دوران رمضان چاہے بچے مختلف نئی چیزیں سیکھتے ہیں،لیکن قرآن کلاس کی چھٹی کی وجہ سے بچے قرآن بھول جاتے ہیں۔اس لیے اس دفعہ قرآن کلاس کو ہی دوران رمضان جاری رکھنے کا ارادہ ہے۔
ایک بہن واٹس ایپ پر سورہ یٰس کی تجوید و تحفیظ کروا رہی ہیں کہ یہ بہت زیادہ پڑھی جانے والی سورت ہے،اس کی تجوید بہتر ہونا لازم ہے۔دوران رمضان نیکی کے ابھرتے جذبے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
ایک دوسری بہن جز عم حفظ کروا رہی ہیں۔ان تینوں پلانز میں حصہ دار اکثر بہنیں نوجوان نسل سےتعلق رکھتی ہیں اور یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ نوجوان نسل اپنے اصل کی طرف پلٹ رہی ہے۔
اس سال کوشش کریں کہ ترجمہ و تفسیر کا دورہ قرآن ضرور مکمل کیجیے۔ارد گرد ہونے والے کسی پروگرام یا انٹرنیٹ پر موجود کسی اچھے عالم کے دورہ قرآن کو دوران رمضان سنیے ۔غیر ضروری ایپس کو ان انسٹال کریں۔غیر ضروری گروپس کو میوٹ کریں اور غیر ضروری صفحات کو ان فالو کریں۔۔انٹرنیٹ کو عبادات میں حائل نہ ہونے دیں!!