ساجد
رکن ادارہ محدث
- شمولیت
- مارچ 02، 2011
- پیغامات
- 6,602
- ری ایکشن اسکور
- 9,379
- پوائنٹ
- 635
سبعۃ اَحرف سے کیا مراد ہے؟
ڈاکٹر ابومجاہد عبدالعزیز القاری
مترجم: ڈاکٹر حافظ حسن مدنی
مترجم: ڈاکٹر حافظ حسن مدنی
’سبعۂ احرف‘کامفہوم کیاہے اس کے بارے میں علماء کے مابین بہت اختلاف ہے حتیٰ کہ علامہ سیوطی رحمہ اللہ نے ’الاتقان‘ میں علماء کے ۴۰؍اَقوال ذکرکئے ہیں۔(الاتقان:ص۱۳۱) ،لیکن اقوال کی یہ کثرت قاری کے لیے باعث خوف اور وجۂ مشقت نہیں ہے،کیونکہ اکثر اَقوال ایسے ہیں جو دلیل و نظر کی کسوٹی پرپورے نہیں اُترتے۔بغور جائزہ لینے پرایسے اَقوال بہت کم ہیں جن میں صحیح ہونے کی گنجائش ہے۔ ان میں سے چھ اَقوال کو ہم یہاں ذکرکرتے ہیں:گزشتہ شمارے میں حدیث سبعۃ أحرف کے ضمن میں ہم نے تین تحریریں شائع کی تھیں۔ اس حدیث کا مفہوم چونکہ اُمت میں معرکۃ الآراء مسائل میں سے ہے، چنانچہ ادارے کا احساس ہے کہ اس باب میں اُردو زبان میں بھرپور مواد کو بھی منتقل کیا جائے اورسبعۃ أحرف کے مفہوم کی تعیین کی کوشش بھی بروئے کار لائی جائے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کا نتیجہ ہے کہ زیر نظر شمارہ میں اس سلسلہ میں ہم مزیدچھ تحریریں شائع کررہے ہیں، جن میں سبعۃ أحرف کے مفہوم کو خصوصاً زیر بحث لایا گیا ہے۔ ان تحریروں میں سے جناب ڈاکٹر قاری حمزہ مدنی﷾ کی تحریر کو اس کے عمومی موضوع کے اعتبار سے اگرچہ ’’مباحث قراء ا ت‘‘ کے ذیلی عنوان کے تحت شائع کیا گیا ہے، لیکن اُس تحریر کا اکثر حصہ اِس موضوع سے متعلقہ ہے۔ ہم مکرراً عرض کرتے ہیں کہ ان تمام مضامین کے آخر میں اِدارہ کلِّیۃ القرآن الکریم کے اَرباب ِدانش کی رائے پر مبنی ایک مستقل مضمون بھی ہدیہ قارئین کیا جائے گا، جس میں شائع شدہ تمام مضامین میں پیش کردہ افکار کا خلاصہ و موازنہ پیش کرتے ہوئے سبعۃ أحرف کے مفہوم کے سلسلہ میں راجح موقف کی تعیین کی کوشش کی جائے گی۔
زیر نظر تحریر میں فاضل مضمون نگار نے بڑے دیانتدارانہ طریقے سے ’سبعہ احرف‘ سے مراد کے تعین کی کوشش کی ہے اور بظاہر اس دقیق بحث کواپنے آسان طرزِ بیان سے انہوں نے بڑی حد تک سہل کردیا ہے۔ اُسلوب نگارش بڑا ہی منطقی اور اُصولی ہے۔اس تفصیلی مضمون کی پہلی قسط ڈاکٹر حافظ حسن مدنی﷾کے سلیس ترجمہ کے ساتھ اس سے قبل پچھلے شمارے میں بھی شائع ہوچکی ہے، جواپنے مقام پر ایک مستقل حیثیت کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ اس بحث سے بھی گہراتعلق رکھتی ہے،کیونکہ انہی احادیث کی روشنی میں، جوکہ تفصیل سے گزشتہ شمارے میں ذکر ہوئیں، سبعۃ أحرف کی مراد کا تعین کیا گیا ہے، چنانچہ اس مضمون میں بھی قارئین کو جابجا گزشتہ قسط کے حوالے نظر آئیں گے۔ مکمل استفادے کے خواہش مند حضرات اس قسط کوبھی سامنے رکھیں۔ (ادارہ)