اسلام و علیکم بھائی اردو میں تفصیل کے ساتھ بتائیں ان کے بارے، کہ یہ ثقہ ہیں یا نہیں، اور ان کی کتاب جامع مسانید کی کیا حیثیت ہے،
کوئی ثقہ ہے یا نہیں ہے ؟ کسی عربی کتاب کی کیا اہمیت ہے ؟ اس سب سے پہلے آپ سے گزارش ہے کہ ’’ السلام علیکم ‘‘ صحیح لکھنا سیکھیں ۔ ان مبادیات سے صرف نظر کرکے علماء کا قد ناپنے بیٹھ جانا مناسب بات نہیں ۔
خیر خلاصہ سن لیجیے :
جامع المسانید کے مؤلف الخوارزمی معروف حنفی علماء میں سے ہیں ، اس سے زیادہ ان کی تعریف و توصیف مجھے نہیں مل سکی ۔
ان کی کتاب جامع المسانید میں 15 کتابوں کو جمع کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ اور بھی کچھ مسانید ہیں ، میں نے اکثر کی اسانید دیکھنے کی کوشش کی ہے ، لیکن خوارزمی سے لیکر صاحب کتاب تک سند میں پائے جانے والے کئی ایک رجال کے تراجم نایاب ہیں ۔ مجھے بڑی حیرانی ہوئی کہ حنفی علما مذہب اور اہل مذہب کی خدمت میں معروف ہیں ، لیکن اس طرف انہوں نے بہت کم توجہ دی ہے ۔ امام صاحب کی طرف منسوب مسانید کے حوالے سے تفصیلی مواد ہونا چاہیے تھا ۔ خوارزمی کا مفصل تعارف ، جامع المسانید کا بہترین طبع ہونا چاہیے تھا ، لیکن افسوس ایسا کچھ بھی نہیں ۔
مسانید ابی حنیفہ کے ساتھ اسی بے اعتنائی کی وجہ سے حافظ ابن حجر جیسے واسع الاطلاع شخص کو کہنا پڑا ہے کہ مجھے ابو حنیفہ رحمہ اللہ کی طرف منسوب کوئی قابل اعتماد مسند نہیں مل سکی ۔
علامہ معلمی رحمہ اللہ نے بھی اسی قسم کے تاثرات کا اظہار کیا ہے ۔
حال ہی میں علامہ تقی الدین ندوی کی تحقیق کے ساتھ شرح مسند ابی حنیفہ چھپی ہے ، جسے میں ابھی تک دیکھ نہیں سکا ، امید ہے انہوں نے اس طرف ضرور توجہ کی ہوگی ۔
مسانید ابی حنیفہ کی استنادی حیثیت کے بارے میں اردو زبان میں پڑھنے کے لیے مولانا ابو القاسم بنارسی کی دفاع صحیحین کا مقدمہ ( ص : س ) از شیخ عزیر شمس ملاحظہ فرمائیں ۔