ابو داؤد
مشہور رکن
- شمولیت
- اپریل 27، 2020
- پیغامات
- 965
- ری ایکشن اسکور
- 232
- پوائنٹ
- 111
صریح کفر اور کفر مآل کے درمیان فرق، تکفیر اہل بدعت و خلود فی النار کے مسئلے میں ائمہ حنابلہ کا اختلاف اور اہل علم کے اقوال کی روشنی میں اس کی توضیح
شیخ علامہ حسان حسین آدم ابو سلمان الصومالی حفظہ اللہ کی ایک نہایت اہم علمی و اصولی تحریر
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
حنبلی مذہب کے دو جلیل القدر علماء کے مابین ایک علمی اختلاف پایا جاتا ہے، جس کی بنیاد ایک نہایت اہم اور اصولی مسئلے پر ہے، اور وہ ہے: صریح کفر اور کفر مآل کے درمیان فرق کرنا۔
اپنے زمانے کے دو ممتاز حنبلی علماء کے مابین اس مسئلے میں اختلاف ہوا:
1- شیخ ابو محمد ابن قدامہ حنبلی رحمہ اللہ (وفات: 620ھ)۔
2- شیخ ابو عبد اللہ ابن القاسم حرانی رحمہ اللہ (وفات: 622ھ)۔
ان دونوں کے مابین اس مسئلے میں اختلاف تھا کہ جن اہل بدعت پر کفر کا حکم لگایا گیا ہو، آیا وہ جہنم میں ہمیشہ رہیں گے یا نہیں؟ ان میں قرآن مجید کو مخلوق قرار دینے والے بھی شامل ہیں۔
شیخ ابن قدامہ رحمہ اللہ نے ابن القاسم حرانی کے جواب میں فرمایا: اہل بدعت کی تکفیر سے ان کا جہنم میں ہمیشہ رہنا لازم نہیں آتا۔ سنت کا طریقہ یہ ہے کہ اس معاملے میں نہ نفی کی جائے اور نہ اثبات، بلکہ خاموشی اختیار کی جائے۔ ان دونوں میں سے کسی ایک بات کا قطعی فیصلہ کرنا بھی نئی ایجاد کردہ باتوں میں سے ہے۔
اس کے جواب میں ابو عبد اللہ حرانی رحمہ اللہ نے ابن قدامہ رحمہ اللہ کی تردید کرتے ہوئے کہا: ان کی تکفیر کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ وہ جہنم میں ہمیشہ رہیں گے، جیسا کہ قرآن کو مخلوق قرار دینے والے کا معاملہ ہے۔
[ملاحظہ ہو: الذيل على طبقات الحنابلة لابن رجب (4/154)، وشرح مختصر الروضة للطوفي (3/661)]
تعليق: اختلاف کا اصل سبب اور اس کے اصولی مباحث
پہلا اصول: جو شخص صریح کفر کا مرتکب ہو، اس کی تکفیر میں کوئی اختلاف نہیں، اور ایسے شخص کے جہنم میں ہمیشہ رہنے کا حکم بھی بالکل واضح اور واجب ہے۔
دوسرا اصول: جس شخص کے قول کا لازمی نتیجہ کفر ہو، لیکن اس کا اپنا قول صریح کفر نہ ہو اور نہ ہی اس کا ظاہر عقیدہ کفر پر دلالت کرتا ہو، تو ایسے شخص کی تکفیر اختلافی مسئلہ ہے۔
اور جب اصل مسئلہ ہی اختلافی ہو، یعنی تکفیر میں اختلاف ہو، تو بدرجہ اولیٰ اس کی فرع، یعنی جہنم میں ہمیشہ رہنے کا مسئلہ بھی اختلافی ہوگا۔ اور قاعدہ یہ ہے کہ: «أَنَّ الْفَرْعَ لَا يَزِيدُ عَلَى أَصْلِهِ» یعنی فرع اپنے اصل سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی۔
تیسرا اصول: اہل علم کے مابین اس بدعتی شخص کے متعلق بھی اختلاف ہے جس کی تکفیر نہ کی گئی ہو؛ آیا اس کے بارے میں قطعی طور پر یہ فیصلہ کیا جاسکتا ہے کہ وہ اہل جہنم میں سے ہے؟ اس کی بنیاد اس روایت پر ہے کہ: «كُلُّ ضَلَالَةٍ فِي النَّارِ» ’’ہر گمراہی جہنم میں لے جانے والی ہے۔‘‘
چنانچہ اس اصول کی روشنی میں جن اہل بدعت کی تکفیر کی گئی ہے، ان کا جہنم میں داخل ہونا یقینی ہے، لیکن ان کے جہنم میں ہمیشہ رہنے کے بارے میں نزاع ہے؛ کیونکہ اس کی اصل میں اختلاف ہے، اور اگر تکفیر تسلیم کر لی جائے تو کیا وہ جہنم میں ہمیشہ رہنا لازم کرتی ہے؟
اسی بنا پر بعض اہل علم نے کہا ہے: کفر مآلی کا مرتکب قرار دیے جانے والے شخص کو جہنم میں ہمیشہ رکھنا اللہ تعالیٰ کی مشیت کے سپرد ہے؛ اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو اسے ہمیشہ جہنم میں رکھے اور اگر چاہے تو ہمیشہ نہ رکھے۔
اس کی مثال کبیرہ گناہ کے مرتکب شخص کی طرح بیان کی جاتی ہے، یعنی عذاب دینے یا معاف کرنے کے معاملے میں، نہ کہ ہمیشہ جہنم میں رہنے کے معاملے میں؛ چنانچہ اللہ تعالیٰ چاہے تو اسے معاف کردے اور چاہے تو عذاب دے۔
علامہ شہرستانی رحمہ اللہ (وفات: 548ھ) نے کسی مسلمان کی تکفیر کے مسئلے میں فرمایا:
«وَإِنْ طَرَأَ عَلَيْهِ مَا يُضَادُّ إِيمَانَهُ ذَلِكَ، حُكِمَ عَلَيْهِ بِالْكُفْرِ عِنْدَ ذَلِكَ. وَإِنِ اعْتَقَدَ مَذْهَبًا يَلْزَمُهُ مِنْ حُكْمِ مَذْهَبِهِ مُضَادَّةُ رُكْنٍ مِنْ هَذِهِ الْأَرْكَانِ لَمْ يُحْكَمْ بِكُفْرِهِ مُطْلَقًا، بَلْ يُنْسَبُ إِلَى الضَّلَالَةِ وَالْبِدْعَةِ، وَيَكُونُ حُكْمُهُ فِي الْآخِرَةِ مَوْكُولًا إِلَى اللَّهِ تَعَالَى تَخْلِيدًا فِي النَّارِ أَوْ تَأْقِيتًا»
’’اور اگر کسی شخص سے ایسا معاملہ صادر ہوجائے جو اس کے ایمان کے منافی ہو، تو اس وقت اس پر کفر کا حکم لگایا جائے گا۔ لیکن اگر کوئی شخص ایسا مذہب اور عقیدہ اختیار کرے جس کے لازمی نتیجے کے طور پر اس کے مذہب کا حکم ایمان کے ان ارکان میں سے کسی ایک رکن کے منافی ہو، تو اس پر مطلق طور پر کفر کا حکم نہیں لگایا جائے گا، بلکہ اسے گمراہی اور بدعت کی طرف منسوب کیا جائے گا، اور آخرت میں اس کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد ہوگا کہ وہ اسے ہمیشہ جہنم میں رکھے گا یا ایک مدت کے بعد اس سے نکال لے گا۔‘‘
پس علامہ شہرستانی رحمہ اللہ نے مقام تکفیر اور مقام تبديع و تضلیل کے درمیان فرق کیا ہے؛ کیونکہ کسی شخص کو بدعتی اور گمراہ قرار دینے کی بنیاد اور اس کے کافر قرار دینے کی بنیاد ایک نہیں ہے۔ لہٰذا اس فرق کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے۔
اسی اصول کی بنیاد پر حافظ ذہبی رحمہ اللہ (وفات: 748ھ) نے بشر بن غیاث مریسی کے ترجمے میں نہایت اہم بات بیان کی ہے۔ وہ فرماتے ہیں:
«وَمَنْ كَفَّرَ بِبِدْعَةٍ - وَإِنْ جَلَّتْ - لَيْسَ هُوَ مِثْلَ الْكَافِرِ الْأَصْلِيِّ، وَلَا الْيَهُودِيِّ، وَالْمَجُوسِيِّ. أَبَى اللَّهُ أَنْ يَجْعَلَ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ، وَالْيَوْمِ الْآخِرِ، وَصَامَ، وَصَلَّى، وَحَجَّ، وَزَكَّى - وَإِنِ ارْتَكَبَ الْعَظَائِمَ، وَضَلَّ، وَابْتَدَعَ - كَمَنْ عَانَدَ الرَّسُولَ، وَعَبَدَ الْوَثَنَ، وَنَبَذَ الشَّرَائِعَ، وَكَفَرَ، وَلَكِنْ نَبْرَأُ إِلَى اللَّهِ مِنَ الْبِدَعِ وَأَهْلِهَا»
’’اور جس شخص کی تکفیر کسی بدعت کی وجہ سے کی جائے، خواہ وہ بدعت کتنی ہی سنگین کیوں نہ ہو، وہ اس شخص کی مانند نہیں ہے جو اصلا کافر ہو، نہ وہ یہودی اور مجوسی کے برابر ہے۔ اللہ تعالیٰ اس بات سے انکار فرماتا ہے کہ جو شخص اللہ، اس کے رسول اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو، روزہ رکھتا ہو، نماز پڑھتا ہو، حج کرتا ہو اور زکوٰۃ ادا کرتا ہو، اگرچہ وہ بڑے بڑے گناہوں کا ارتکاب کرے، گمراہ ہو اور بدعت ایجاد کرے، تو اسے اس شخص کے برابر قرار دے دیا جائے جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت اور عناد اختیار کیا، بت کی عبادت کی، شریعتوں کو پس پشت ڈال دیا اور کفر اختیار کیا۔ البتہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور بدعات اور اہل بدعت سے اپنی براءت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘
واللہ المستعان، وعليه التكلان۔