السلام علیکم۔
مستدرک حاکم جو اک کتب حدیث ہے،
میں جانا چاہتاہوں کہ اس لفظ مستدرک کے معنی کیا ہیں، اور اس کتاب میں کس قسم کے احادیث جمع کیےہیں امام حاکم ٌنے۔
جزاک اللہ ۔۔
و علیکم السلام ورحمۃ اللہ
’’ استدراک ‘‘ کے مختلف معانی ہیں ، یہاں عام فہم معنی یہ ہوسکتا ہے کہ ’’ کمی ، کوتاہی کا ازالہ کرنا ، نقص مکمل کرنا ‘‘ ۔
امام حاکم نے کتاب کا نام ’’ المستدرک علی الصحیحین ‘‘ اس وجہ سے رکھا ہے کیونکہ ان کے نزدیک بہت سی ایسی روایات تھیں جو امام بخاری و مسلم کو اپنی کتابوں میں ذکر کرنا چاہیے تھا ، لیکن انہوں نے ان کو ذکر نہیں کیا ۔
امام حاکم نے کتاب کے شروع میں اُس وقت کی صورت حال بیان کی ہے کہ آج بہت سارے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ صحیح احادیث وہی ہیں جو بخاری و مسلم نے اپنی کتابوں میں ذکر کردی ہیں ، ان کے علاوہ اور احادیث صحیح نہیں ہیں ، لہذا میں یہ کتاب تصنیف کر رہا ہوں اور اس میں ان احادیث کو ذکر کروں گا جو اگرچہ ’’ صحیحین ‘‘ میں نہیں ہیں لیکن صحیح ہیں ۔ تاکہ اس غلط فہمی کا ازالہ ہوسکے کہ ’’ صحیحین ‘‘ میں ذکر کردہ احادیث کے علاوہ سب ضعیف ہیں ۔
اس بنیاد پر انہوں اپنی کتاب کا نام ’’ المستدرک علی الصحیحین ‘‘ رکھا ہے ۔ یہ تو وضاحت تھی وجہ تسمیہ کی ۔
ایک اہم بات یہ ذہن میں رکھنی چاہیے کہ مستدرک حاکم میں بہت ساری ضعیف بلکہ موضوع روایات بھی موجود ہیں ، جس کی مختلف وجوہات ہیں ایک بنیادی وجہ جس کا ذکر حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے کیا ہے وہ یہ ہے کہ :
امام حاکم رحمہ اللہ کتاب کا مسودہ تیار کرچکے تھے ، لیکن نظر ثانی مکمل نہ ہوسکی اور وفات پاگئے ۔
لہذا مستدرک کی روایات کی تحقیق کرنا اور دیگر اہل علم کا ان پر کی گئی تنقید کو مدنظر رکھنا ضروری ہے ۔ جیساکہ حافظ ذہبی نے اس پر کام کیا ہے اور بہت ساری روایات جن کو امام حاکم نے صحیح سمجھا ہے حافظ ذہبی ان کا ضعیف اور من گھڑت ہونا واضح کیا ہے ۔ حافظ ذہبی کی کتاب ’’ تلخیص المستدرک ‘‘ کے نام سے معروف ہے ۔
لیکن حافظ ذہبی نے بھی مکمل احادیث پر کام نہیں کیا بلکہ کئی احادیث رہ گئی ہیں ۔ لہذا ان احادیث کےسلسلے میں دیگر علماء سے رہنمائی لینا ضروری ہے ۔ عصر حاضر اور ماضی قریب میں کئی ایک کتابیں اس سلسلے میں منظر عام پر آ بھی چکی ہیں ۔ واللہ اعلم ۔