کتاب و سنت کی بجائے کسی مرشد، پیر یا امام کے نام پر فرقہ بندی کی اسلام میں کوئی اجازت نہیں ہے اور کسی پارلیمنٹ کو بھی یہ حق نہیں کہ وہ مسلمانوں کی زندگی اور موت کے تمام معاملات پر مشتمل ایسے تعزیراتی، مالیاتی، سیاسی، اقتصادی، سماجی اور بین الاقوامی قوانین بنائے جو اللہ کے نازل کردہ احکام کے خلاف ہوں۔ نماز کی ادائیگی سے قبل مذکورہ تمام عقائد پر ایمان لانا ضروری ہے۔
(کیونکہ اللہ کی بارگاہ میں کسی عمل کی قبولیت کا انحصار بالترتیب تین چیزوں پر ہے: ۱۔ عقیدے کی درستی۔ ۲۔ نیت کی رستی۔ ۳۔ عمل کی درستی۔ ان میں سے کسی ایک میں خلل واقع ہونے سے سارا عمل مردود ہو جاتا ہے۔ اور یاد رہے کہ کتاب اللہ، سنت ثابتہ، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا مجموعی طرز عمل اور اجماع اُمت ہی وہ کسوٹی ہے جس پر کسی عقیدے یا عمل کی صحت کو پرکھا جا سکتا ہے۔)"ع، ر"
الحمد للہ اس کتاب کی ترتیب میں کوشش کی گئی ہے کہ احادیث صحیحہ سے مدد لی جائے۔ اس سلسلے میں ’’القول المقبول فی تخریج صلاۃ الرسول‘‘ سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔
(القول المقبول فی تخریج صلاۃ الرسول کتاب مولانا عبدالرؤف سندھو حفظہ اللہفاضل مدینہ یونیورسٹی) کی تالیف ہے اور مولانا حکیم محمد صادق سیالکوٹی کی کتاب صلاۃ الرسول صلی اللہ علیہ وسلم میں مذکور احادیث و اثار کی تحقیق و تخریج پر مشتمل ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ اس کتاب کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور جن دوستوں نے اس کتاب کی ترتیب و تزئین میں تعاون کیا ہے ان تمام معاونین کی اُخروی نجات کا ذریعہ بنائے۔ خصوصاً مولانا عبدالرشید صاحب ـ(ناظم ادارہ علوم اسلامیہ، سمن آباد، جھنگ) کو اللہ تعالی جزائے خیر دے جنہوں نے اپنے قیمتی اوقات میں سے وقت نکال کر پوری کتاب کا مطالعہ کیا اور بعض مقامات پر اصلاح فرمائی۔ آمین!
میں دارالسلام پبلشرز کے ذمہ داران خصوصاً برادرم حافظ عبدالعظیم اسد مینجنگ ڈائیریکٹر لاہور کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے خصوصی دلچسپی لے کر اس کتاب کی تصحیح و تنقیح میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا اور نہایت محبت سے اس کتاب کی شایانِ شان اشاعت کا اہتمام کیا۔
سید شفیق الرحمن