احباب کے خلوص و محبت کا شکریہ۔ خصوصاً جمشید بھائی ، شاکر بھائی اور خضر حیات بھائی۔
احباب تھوڑی محنت کر لیتے تو احقر کے متعلق تفصیلات مل ہی جاتیں۔ حالانکہ شاکر بھائی کا یہ جملہ کافی ہونا چاہئے تھا :P
آپ تو غالباً اردو فورمز کی تاریخ سے بھی پرانی شخصیت ہیں۔
برسبیل تذکرہ فقرہ کا تعلق عمر سے بالکل نہیں ہے۔ ممبئی والے شیخ کفایت اللہ ، سرفراز فیضی کے علاوہ لندن والے عتیق الرحمٰن اور سعودی والے ڈیزائنر اعجاز پٹھان بھائی وغیرہ سے جب دوبدو ملاقاتیں ہیں (پچھلے سال جمشید بھائی سے بھی ملاقات ہوتے ہوتے رہ گئی کہ درمیان میں بس دو چار ہاتھ یعنی کہ کوئی دس پندرہ کیلومیٹر فاصلہ حائل رہ گیا تھا :) ) تو مجہول شخصیت کی عرفیت کا ٹھپہ بھی غریب پر ، امید واثق ہے کہ نہیں لگے گا۔
ایک بار پھر عرض خدمت ہے کہ تھوڑا وقت نکال کر غریب کے بلاگ کا مطالعہ کر لیں انشاءاللہ افاقہ ہوگا :
میرا شہر لوگاں سے معمور کر !
کوئی تین سال قبل ناچیز کا انٹرویو بھی یہاں (
حیدرآبادی سے شناسائی) شائع ہوا تھا ۔۔۔۔ چلئے بسہولت روی کچھ کاپی پیسٹ کر دیتے ہیں ۔۔۔۔
- کیا ہم آپ کا اصل نام جان سکتے ہیں؟
@ انگریزی ادب کے ایک مفکر اعظم جنہیں ہمارے حیدرآباد میں “ولی میاں شیخ پیر” کے لقب سے جانا جاتا ہے ، نے فرمایا ہے کہ :
نام میں کیا رکھا ہے، گلاب کو کسی نام سے پکارو ، خوشبو ہی دے گا۔
ہمارے پرانے بلاگ پر یہ جواب سن کر ایک قاری نے لکھا تھا کہ : “حیدرآبادی” کے نِک سے علاقائی تعصب کی بُو آتی ہے جبکہ آپ کے خیالات عموماً یونیورسل محسوس ہوتے ہیں۔
اب اس کے جواب میں ہمارا کہنا تھا کہ ہمارا ایمان علامہ اقبال (رحمہ اللہ) کے اس شعر پر ہے :
ان تازہ خداؤں میں بڑا سب سے وطن ہے
جو پیرہن اس کا ہے وہ مذہب کا کفن ہے
- آپ کی جائے پیدائش اور حالیہ مقام کون سا ہے؟
@ جائے پیدائش : حیدرآباد (انڈیا) اور حالیہ مقام : سعودی عرب
- کچھ اپنی تعلیم اور خاندانی پس منظر کے بارے میں بتائیں؟
@ حیدرآباد کی مشہور جامعہ عثمانیہ سے بی-ای (سول انجینرنگ)۔ اور اسی لحاظ سے اپنے آپ کو “عثمانین” کہلانے میں فخر محسوس کرتے ہیں (بالکل ویسے ہی جیسے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے فارغ التحصیل اپنے آپ کو “علیگ” کہتے ہیں)۔
خاندانی پس منظر ۔۔۔ ہممم ۔۔۔ حیدرآباد کے ایک معروف گھرانے سے تعلق ہے جس کے بیشتر افراد اردو شعر و ادب اور اردو خطاطی کے حوالے سے مشہور ہیں۔ عمر عزیز کے ساڑھے تین دہے گزار چلا ہوں ، شادی شدہ ہوں اور اللہ تبارک تعالیٰ نے اولاد کی نعمتوں سے بھی فیضیاب کر رکھا ہے ، الحمدللہ۔
- آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے ،کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل چاہتے ہوں؟
@ علامہ اقبال علیہ الرحمة فرما گئے ہیں :
میری زندگی کا مقصد ترے دین کی سرفرازی
اور دین میرے نزدیک مذہبی پیشواؤں کا علم و فضل نہیں بلکہ قرآن و حدیث کا علم بذریعے سلف الصالحین کا فہم ۔
ایک خواہش تو ہے ۔۔۔۔ شاید ٹیکنالوجی کی ترقی کبھی اسے پورا بھی کر جائے ۔۔۔۔ کہ جو کچھ خیالات ہمارے ذہن میں آتے ہیں وہ زبان کو ادائیگی کی یا ہاتھوں کو کمپوزنگ کی زحمت دئے بغیر یا تو کمپیوٹر میں محفوظ ہو جائیں یا موبائل میں۔