١٩: آپ(صلی اللہ علیہ وسلم) نفاست پسند تھے
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں عربوں میں نفاست پسندی بالکل نہ تھی۔ وہ جہاں چاہتے تھوک دیتے اور راستہ میں رفع حاجت کر لیا کرتے تھے۔ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس عادت کو بہت ناپسند فرماتے تھے اور اس سے منع کرتے تھے۔ احادیث میں کثرت سے روایتیں موجود ہیں کہ حضور(صلی اللہ علیہ وسلم) نے ان لوگوں پر لعنت کی ہے جو راستوں میں یا درختوں کے سایہ میں پیشاب پاخانہ کرتے ہیں۔ امراء اپنی کاہلی کی وجہ سے کسی برتن میں پیشاب کر لیا کرتے تھے۔ آپ(صلی اللہ علیہ وسلم) اس سے بھی منع فرماتے تھے۔ آپ(صلی اللہ علیہ وسلم) نے بیٹھ کر پیشاب کرنے کی ہدایت فرمائی ہے۔
عرب میں پیشاب کر کے استنجا کرنے یا پیشاب سے کپڑوں کو بچانے کا کوئی دستور نہ تھا۔ حضور(صلی اللہ علیہ وسلم) ایک دفعہ کہیں تشریف لیے جا رہے تھے ، راستہ میں دو قبریں نظر آئیں، آپ(صلی اللہ علیہ وسلم) نے فرمایا ان میں سے ایک پر اس لیے عذاب ہو رہا ہے کہ وہ اپنے کپڑوں کو پیشاب کی چھینٹوں سے نہیں بچاتا تھا۔
اللہ اللہ یہ فیضانِ ختمِ رسلﷺ
جس کو کہتے تھے دنیا وہ دیں بن گئی
(ماہر القادری)