• الحمدللہ محدث فورم کو نئےسافٹ ویئر زین فورو 2.1.7 پر کامیابی سے منتقل کر لیا گیا ہے۔ شکایات و مسائل درج کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
  • آئیے! مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام جاری عظیم الشان دعوتی واصلاحی ویب سائٹس کے ساتھ ماہانہ تعاون کریں اور انٹر نیٹ کے میدان میں اسلام کے عالمگیر پیغام کو عام کرنے میں محدث ٹیم کے دست وبازو بنیں ۔تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔

تدبر سورۃ البقرۃ

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
سورۃ البقرۃ آیت: 1
المٓ
اللہ کی حکمت کی گہرائی میں جھانکنے کی دعوت
جب ہم قرآن کھولتے ہیں تو پہلی ہی آیت "المٓ" ہمیں ایک عجیب سی کیفیت میں ڈال دیتی ہے۔ یہ تین حروف نہ کوئی مکمل جملہ ہیں، نہ کوئی واضح حکم، اور نہ ہی ان کا کوئی عمومی مفہوم ہمیں معلوم ہے۔ لیکن یہی تو قرآن کی سب سے پہلی درسگاہ ہےکہ ہر چیز کو جاننا ضروری نہیں، بلکہ اللہ کی حکمت پر بھروسا رکھنا اصل نکتہ ہے۔ قرآن کا آغاز ایسے حروف سے کیوں ہوا، جو ہمیں سمجھ نہیں آتے؟ یہ ہمارے لیے ایک امتحان ہے، ایک پیغام ہے، اور ایک گہرے تدبر کی دعوت ہے۔
انسان کی محدود عقل اور اللہ کا لامحدود علم
جب ہم ان تین حروف کو دیکھتے ہیں، تو فوراً یہ احساس ہوتا ہے کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جو ہماری عقل کی حد سے باہر ہیں۔ یہی ہماری زندگی کی سب سے بڑی حقیقت ہےہم جتنا بھی علم حاصل کر لیں، اللہ کے علم کے سامنے ہم ایک قطرے کی مانند بھی نہیں۔ اللہ نے سورۃ بنی اسرائیل میں فرمایا:
وَمَا أُوتِيتُمْ مِّنَ الْعِلْمِ إِلَّا قَلِيلًا
اور تمہیں تو بہت تھوڑا سا علم دیا گیا ہے (17:85)
المٓ ہمیں ہماری حیثیت یاد دلاتا ہے، کہ اگر ہم قرآن کی ہدایت چاہتے ہیں، تو سب سے پہلے اپنی عاجزی کو تسلیم کرنا ہوگا۔
کیا ہم واقعی سیکھنے کے لیے تیار ہیں؟
جب کوئی طالب علم استاد کے سامنے آتا ہے، تو سب سے پہلے اسے سننے اور سیکھنے کی آمادگی رکھنی چاہیے۔ اگر وہ پہلے سے ہی یہ سوچے کہ "مجھے سب معلوم ہے"، تو وہ کچھ بھی نہیں سیکھ سکتا۔ المٓ قرآن کے دروازے پر پہلی دستک ہے، جو ہم سے یہ سوال کرتا ہے: کیا تم واقعی سیکھنے کے لیے تیار ہو؟ کیا تم اپنے علم، اپنی عقل اور اپنی سمجھ کو اللہ کے سپرد کر کے جھکنے کے لیے تیار ہو؟
اگر ہم واقعی قرآن سے ہدایت لینا چاہتے ہیں، تو سب سے پہلے اپنی عقل کی سرحدوں کو ماننا ہوگا اور خود کو اللہ کے سامنے ایک خالی برتن کی مانند پیش کرنا ہوگا، تاکہ وہ ہمیں ہدایت سے بھر دے۔
ایمان اور آزمائش کا تعلق
یہ تین حروف ہمیں یہ بھی سکھاتے ہیں کہ ایمان کا تقاضا صرف وہی چیز ماننا نہیں جو سمجھ میں آ جائے، بلکہ وہ بھی ماننا جو عقل سے بالاتر ہو۔ اللہ نے قرآن میں کئی بار فرمایا کہ ایمان والوں کی آزمائش کی جاتی ہے:
أَحَسِبَ ٱلنَّاسُ أَن يُتْرَكُوٓا۟ أَن يَقُولُوٓا۟ ءَامَنَّا وَهُمْ لَا يُفْتَنُونَ
کیا لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ انہیں صرف یہ کہنے پر چھوڑ دیا جائے گا کہ ہم ایمان لے آئے، اور ان کی آزمائش نہ کی جائے گی؟ (29:2)
"المٓ" بھی ایک آزمائش ہے۔ کچھ لوگ کہیں گے، "ہم نہیں مانتے کیونکہ ہمیں سمجھ نہیں آتا۔" جبکہ کچھ لوگ اللہ کی حکمت پر بھروسا رکھتے ہوئے اسے قبول کر لیں گے۔ یہی اصل امتحان ہےکون اللہ پر ایمان رکھتا ہے بغیر یہ شرط لگائے کہ سب کچھ فوراً سمجھ میں آ جائے۔
ہر مشکل کے پیچھے اللہ کی حکمت ہوتی ہے
زندگی میں کئی مواقع ایسے آتے ہیں جہاں ہمیں کسی آزمائش کا سبب سمجھ نہیں آتا۔ کبھی کوئی قریبی رشتہ دار دنیا سے چلا جاتا ہے، کبھی کوئی موقع چھن جاتا ہے، کبھی ہم کسی بڑی مشکل میں پڑ جاتے ہیں، اور ہمیں سمجھ نہیں آتا کہ "یہ کیوں ہوا؟"
"المٓ" ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ جیسے ان حروف کی حکمت اللہ جانتا ہے، ویسے ہی ہماری زندگی میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی حکمت بھی وہی جانتا ہے۔ جو کچھ ہمیں سمجھ نہیں آتا، وہ بھی اللہ کی طرف سے ایک خیر ہو سکتا ہے، چاہے ہماری آنکھیں ابھی نہ دیکھ سکیں۔ قرآن ہمیں ایک اور جگہ سکھاتا ہے:
وَعَسَىٰٓ أَن تَكْرَهُوا۟ شَيْـًٔا وَهُوَ خَيْرٌۭ لَّكُمْ ۖ وَعَسَىٰٓ أَن تُحِبُّوا۟ شَيْـًۭٔا وَهُوَ شَرٌّۭ لَّكُمْ ۗ وَٱللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ
اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور وہ تمہارے لیے بہتر ہو، اور ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو پسند کرو اور وہ تمہارے لیے بُری ہو، اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔(2:216)
پس، جب زندگی میں کوئی ایسا معاملہ آئے جو ہماری سمجھ سے باہر ہو، تو ہمیں اللہ پر بھروسا رکھنا چاہیے کہ وہی بہتر جانتا ہے، جیسے "المٓ" کی حقیقت بھی وہی جانتا ہے۔
غور و فکر اور تدبر کی دعوت
یہ تین حروف قرآن کی تفسیر کے دروازے کی پہلی کنجی ہیں۔ اللہ ہمیں بتانا چاہتے ہیں کہ یہ کتاب صرف تلاوت کے لیے نہیں، بلکہ غور و فکر کے لیے بھی ہے۔
أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ ٱلْقُرْءَانَ أَمْ عَلَىٰ قُلُوبٍ أَقْفَالُهَا
کیا وہ قرآن میں غور و فکر نہیں کرتے، یا ان کے دلوں پر تالے لگے ہوئے ہیں؟ (47:24)
"المٓ" ہمیں جھنجھوڑتا ہے کہ رُک جاؤ، سوچو، غور کرو۔ قرآن کا ہر حرف ایک گہرائی رکھتا ہے۔
"المٓ" کا پیغام
یہ تین چھوٹے حروف ایک عظیم پیغام رکھتے ہیں:
1) اللہ کی حکمت پر بھروسا رکھو ہر چیز کا فوری جواب تلاش کرنے کی کوشش نہ کرو، بلکہ ایمان رکھو کہ اللہ بہترین فیصلہ کرنے والا ہے۔
2) اپنی عقل کی حد کو پہچانو سب کچھ جاننے کی خواہش چھوڑ کر سیکھنے کی روش اپناؤ۔
3) مشکلات میں صبر کرو جو سمجھ میں نہ آئے، اسے بھی قبول کرو، کیونکہ ہر مشکل کے پیچھے اللہ کی ایک حکمت ہوتی ہے۔
4) قرآن پر تدبر کرو یہ کتاب صرف الفاظ نہیں، بلکہ ایک گہرے پیغام کا خزانہ ہے۔
5) ایمان اور تسلیمیت کی راہ اپناؤ ہر چیز کو عقل کی کسوٹی پر پرکھنے کے بجائے، اللہ کی باتوں پر یقین رکھو، کیونکہ وہی سب سے بہتر جاننے والا ہے۔
"المٓ" ہمیں اللہ کے سامنے جھکنے، غور و فکر کرنے، اور اللہ کی حکمت پر یقین رکھنے کا سبق دیتا ہے۔ کیا ہم واقعی سیکھنے کے لیے تیار ہیں؟
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:2
ذَٰلِكَ ٱلۡكِتَٰبُ لَا رَيۡبَۛ فِيهِۛ هُدٗى لِّلۡمُتَّقِينَ
یہ وہ کتاب ہے جس میں کوئی شک نہیں، ہدایت ہے پرہیزگاروں کے لیے۔
یہ آیت قرآن کے مقام، اس کی سچائی، اور اس کے حقیقی فائدے کو واضح کرتی ہے۔ اگر ہم اس کے الفاظ کا گہرائی سے جائزہ لیں، تو کئی اہم نکات سامنے آتے ہیں۔
یہ وہی عظیم کتاب ہے!
"ذَٰلِكَ" عربی زبان میں کسی دور کی چیز کی طرف اشارہ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، جو کہ اس کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔ یعنی یہ کوئی عام کتاب نہیں، بلکہ ایک بلند مقام رکھنے والی، عظیم اور برتر کتاب ہے۔ یہ ہمیں احساس دلاتا ہے کہ قرآن کوئی معمولی تحریر نہیں، بلکہ یہ اللہ کا کلام ہے، جس کا مقام ہر دوسری کتاب سے بلند ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں
"ریب" کا بنیادی مطلب "شک، تذبذب، بےچینی، بدگمانی اور بےاعتمادی" ہے۔عربی لغت کے مطابق"ریب" ایسا شک ہوتا ہے جس میں بےچینی اور اضطراب بھی شامل ہو۔یہ صرف عام شبہ (Doubt) نہیں بلکہ ایسا شک ہے جو دل میں بےقراری پیدا کر دے۔ایسا شک جو ذہن کو الجھن میں ڈال دے اور فیصلہ کرنے میں مشکل ہو۔مثلاً، اگر کوئی سچائی پر یقین نہ کرے اور ہمیشہ شکوک میں گھرا رہے، تو اسے "ریب" کہا جا سکتا ہے۔
"لَا رَيۡبَ" کا مطلب ہے کوئی شک نہیں، کوئی شبہ نہیں۔ عام کتابوں میں کہیں نہ کہیں غلطی، تضاد، یا شک پایا جا سکتا ہے، لیکن اللہ نے خود گواہی دی کہ یہ کتاب ہر شک سے پاک ہے! یہ وہ واحد کتاب ہے جس پر انسان آنکھیں بند کر کے یقین کر سکتا ہے، کیونکہ یہ اللہ کی طرف سے نازل شدہ ہے۔ زندگی میں ہمیں کتنی ہی باتوں پر شک ہوتا ہے، لیکن اللہ نے ہمیں یقین دلا دیا کہ اگر سچائی چاہیے، تو قرآن میں آ جاؤ!
ہدایت ہے، مگر کس کے لیے؟
یہاں ہدایت کا ذکر ہے، لیکن اللہ نے واضح کیا کہ یہ سب کے لیے نہیں بلکہ "لِّلۡمُتَّقِينَ" یعنی پرہیزگاروں کے لیے ہے۔ "متقی" وہ ہوتے ہیں جو اللہ سے ڈرتے ہیں، جو اپنے عمل اور نیت میں اللہ کو شامل رکھتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر کوئی قرآن سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، تو اسے اپنا دل صاف اور نیت سچی رکھنی ہوگی۔ جو لوگ ضد، تعصب، یا تکبر میں قرآن پڑھیں گے، وہ ہدایت نہیں پا سکتے، کیونکہ یہ کتاب صرف ان کے لیے روشنی ہے جو حقیقت کو تلاش کرنے کی نیت رکھتے ہیں۔
دنیا کی ہر چیز شک میں ڈال سکتی ہے، لیکن قرآن نہیں!
زندگی میں ہمیں کئی بار شبہات اور شکوک کا سامنا ہوتا ہے۔ لوگ ہم سے جھوٹ بول سکتے ہیں، کتابیں غلط ہو سکتی ہیں، نظریات وقت کے ساتھ بدل سکتے ہیں، لیکن قرآن وہ واحد چیز ہے جس کے بارے میں خود اللہ نے گارنٹی دی ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں!
یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ جب زندگی میں کوئی مسئلہ درپیش ہو، تو ہمیں قرآن کی طرف رجوع کرنا چاہیے، کیونکہ اس میں ہی *سب سے سچا علم اور سب سے واضح راہنمائی موجود ہے۔
کیا ہم قرآن کو سچائی کے معیار کے طور پر لیتے ہیں؟
اللہ فرما رہے ہیں کہ یہ کتاب ہر شک سے پاک ہے، لیکن کیا ہم واقعی اپنے روزمرہ فیصلے قرآن کے مطابق کرتے ہیں؟ کیا ہم اپنی پسند و ناپسند قرآن سے چیک کرتے ہیں؟ کیا ہم اپنی اخلاقیات اور زندگی کے اصول قرآن سے لیتے ہیں؟ یا پھر ہم دنیاوی نظریات اور فلسفوں کو ترجیح دیتے ہیں؟
یہ آیت ہمیں خود سے سوال کرنے پر مجبور کرتی ہے کہ ہم اپنے فیصلوں میں قرآن کو کتنا شامل کرتے ہیں؟
ہدایت سب کے لیے نہیں – بلکہ ان کے لیے جو اسے حاصل کرنا چاہتے ہیں!
کبھی ہم دیکھتے ہیں کہ کچھ لوگ قرآن پڑھتے ہیں لیکن انہیں ہدایت نہیں ملتی۔ اس آیت میں اللہ نے ہمیں یہ راز بتایا کہ ہدایت صرف انہیں ملتی ہے جو واقعی اسے چاہتے ہیں۔ اگر کوئی قرآن صرف تنقید کرنے یا اعتراضات نکالنے کے لیے پڑھے گا، تو اسے کچھ نہیں ملے گا۔ لیکن اگر کوئی سچے دل سے، عاجزی کے ساتھ، اللہ سے ہدایت مانگتے ہوئے قرآن پڑھے گا، تو وہ ضرور راہ پائے گا۔
عملی سبق
اگر ہمیں قرآن سے فائدہ لینا ہے، تو ہمیں اپنی نیت کو درست کرنا ہوگا اور اللہ سے دعا کرنی ہوگی کہ وہ ہمیں سچائی تک پہنچائے۔
کیا ہم "متقی" بننے کی کوشش کر رہے ہیں؟
اللہ نے واضح کر دیا کہ قرآن "متقی" لوگوں کے لیے ہدایت ہے۔ یعنی اگر ہمیں واقعی قرآن سے کچھ لینا ہے، تو ہمیں تقویٰ اپنانا ہوگا۔ تقویٰ کا مطلب ہے: اللہ کے احکامات کو سنجیدگی سے لینا۔ گناہ سے بچنے کی کوشش کرنا، چاہے وہ کتنا ہی معمولی کیوں نہ ہو۔ ہر فیصلے میں اللہ کی رضا کو مدنظر رکھنا۔ اگر ہم اپنی زندگی میں تقویٰ کو شامل کریں گے، تو قرآن کی ہدایت خود ہمارے دل میں اترنے لگے گی۔
قرآن ہماری زندگی میں کس مقام پر ہے؟
یہ آیت ہمیں سوچنے پر مجبور کرتی ہے:
• کیا ہم واقعی قرآن کو سب سے اعلیٰ سچائی مانتے ہیں؟
• جب ہمیں کوئی فیصلہ کرنا ہوتا ہے، تو کیا ہم قرآن سے رجوع کرتے ہیں؟
• کیا ہم تقویٰ اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ قرآن سے ہدایت حاصل کر سکیں؟
• کیا ہم دل سے قرآن کو پڑھتے ہیں یا بس رسم کے طور پر؟
یہ آیت ایک دعوت ہےکہ ہم قرآن کو اپنی زندگی میں وہ مقام دیں جو اللہ نے اس کے لیے مقرر کیا ہے۔ کیونکہ اگر ہم اسے شک و شبہ سے بالاتر مان کر سچے دل سے پڑھیں، تو یہ ہماری ہر مشکل کا حل بن سکتا ہے!
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت 3:
ٱلَّذِينَ يُؤۡمِنُونَ بِٱلۡغَيۡبِ وَيُقِيمُونَ ٱلصَّلَوٰةَ وَمِمَّا رَزَقۡنَٰهُمۡ يُنفِقُونَ
جو لوگ غیب پر ایمان لاتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں، اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔
یہ آیت ان لوگوں کی بنیادی صفات بیان کر رہی ہے جو اللہ کی ہدایت کو قبول کرنے کے اہل ہیں۔ غور کریں، یہ وہ لوگ ہیں جو قرآن سے حقیقی نفع اٹھاتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیوں؟ ان کی ان صفات میں کیا راز چھپے ہیں؟
یہاں تین بنیادی نکات ہیں جو ہماری پوری زندگی کی روح ہیں:
• غیب پر ایمان – جو کچھ نظر نہیں آتا، اس پر یقین رکھنا۔
• نماز قائم کرنا – اللہ سے تعلق کو مضبوط بنانا۔
• خرچ کرنا – جو ملا، اسے اللہ کی راہ میں لٹا دینا۔
یہ تین چیزیں زندگی کے ہر امتحان کا جواب ہیں! اب آئیے، انہیں انتہائی گہرائی میں سمجھتے ہیں۔
یہ آیت جب بھی پڑھتی ہوں، ایسا لگتا ہے جیسے اللہ میرے دل کی حالت کو جانچ رہا ہے اور مجھے اپنے معیار پر پرکھ رہا ہے۔ یہ کوئی عام جملے نہیں، بلکہ ہدایت کے مستحق لوگوں کی بنیادی نشانیاں ہیں۔
جو غیب پر ایمان رکھتے ہیں
یہاں اللہ نے سب سے پہلے ایمان کی بات کی، لیکن خاص طور پر "غیب پر ایمان" کا ذکر کیا۔ کیوں؟
"ایمان بالغیب" صرف ایک عقیدہ نہیں، بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے!ہماری دنیا محض آنکھوں کے دیکھنے تک محدود نہیں۔ حقیقت اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ کبھی سوچا ہے؟جب کوئی دعا قبول نہیں ہوتی، تو کیا ہم پھر بھی مانگتے رہتے ہیں؟جب آزمائشوں کے بادل گہرے ہو جاتے ہیں، تو کیا ہمارا دل اب بھی اللہ پر یقین رکھتا ہے؟جب ہمیں دوسروں سے انصاف نہیں ملتا، تو کیا ہم اللہ کی عدالت پر یقین رکھتے ہیں؟
ایمان بالغیب وہ روشنی ہے جو اندھیرے میں بھی راہ دکھاتی ہے۔ہم نے جنت نہیں دیکھی، مگر یقین ہے کہ وہی اصل زندگی ہے!ہم نے فرشتوں کو نہیں دیکھا، مگر جانتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ہم نے اللہ کو نہیں دیکھا، مگر ہمارا دل کہتا ہے کہ وہ سب کچھ دیکھ رہا ہے!ایمان بالغیب وہ یقین ہے، جو ہمیں ناممکن میں بھی ممکن کی امید دیتا ہے۔
یہ آیت مجھے سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ کیا میں واقعی یقین رکھتی ہوں کہ اللہ دیکھ رہا ہے، جب میں تنہا ہوتی ہوں؟ جب حالات میرے حق میں نہ ہوں، تو کیا میں اللہ کی تدبیر پر بھروسا رکھتی ہوں؟ جب دعا مانگتی ہوں اور جواب فوراً نہ ملے، تو کیا میں صبر کر کے یقین رکھتی ہوں کہ اللہ بہتر وقت پر عطا کرے گا؟ یہ آیت مجھے سکھاتی ہے کہ اللہ پر ایمان کا مطلب صرف مان لینا نہیں، بلکہ اس یقین کے مطابق جینا ہے۔
نماز کو قائم کرتے ہیں
یہاں "نماز پڑھنے" کا نہیں، بلکہ "نماز قائم کرنے" کا ذکر ہے!نماز محض ایک عمل نہیں، بلکہ ایک زندگی کا نظام ہے۔ سوچیں!جب دنیا ہمیں توڑنے لگتی ہے، تو کیا نماز میں ہمیں سکون ملتا ہے؟کیا ہماری نماز ہمیں دنیا کی بے فائدہ چیزوں سے روک رہی ہے؟کیا نماز ہمارے دلوں میں اللہ کی محبت بٹھا رہی ہے؟
نماز کو اگر صحیح معنوں میں قائم کیا جائے، تو یہ دل کو مطمئن کر دیتی ہے۔جب دنیا ہمیں چھوڑ دیتی ہے، تو سجدہ ہمیں تھام لیتا ہے!جب دنیا میں راستے بند ہو جاتے ہیں، تو قیام میں اللہ سے سرگوشیاں ہمیں نئی راہیں دکھاتی ہیں۔جب دل بکھرنے لگتا ہے، تو التحیات میں "السلام علیک ایھا النبی" کہتے ہی دل میں سکون اتر آتا ہے!نماز وہ کشتی ہے، جو ہمیں دنیا کے طوفانوں سے بچا کر اللہ کے قریب لے جاتی ہے۔
یہ آیت مجھے یاد دلاتی ہے کہ نماز محض فرض نہیں، بلکہ میرے اور اللہ کے درمیان ایک "زندہ تعلق" ہے۔ اگر میں اسے سچ میں قائم کروں، تو میری زندگی سنور سکتی ہے۔
جو کچھ اللہ نے دیا، اس میں سے خرچ کرتے ہیں
یہاں "مال" کا ذکر نہیں کیا، بلکہ "رزق" کہا گیا!"رزق" میں صرف پیسہ نہیں، بلکہ وقت، علم، محبت، صلاحیتیں، اور ہنر بھی شامل ہیں۔جو کچھ ملا ہے، اسے اللہ کے راستے میں خرچ کرنا اصل کامیابی ہے۔یہاں "جو کچھ دیا گیا" اس میں سے خرچ کرنے کا ذکر ہے، نہ کہ "زیادہ مال" کی شرط رکھی گئی ہے!یعنی، اللہ کسی کا مال، کسی کا علم، کسی کا وقت، اور کسی کا حسن اخلاق آزماتا ہے کہ وہ اسے کیسے خرچ کرتا ہے؟ سوچیں!ہم اپنی نعمتوں کو خود تک محدود رکھتے ہیں، یا دوسروں کو بھی اس میں شریک کرتےہیں؟ اپنا وقت صرف اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں، یا کسی اور کے لیے بھی نکالتےہیں؟جب کوئی محتاج دروازے پر آتا ہے، تو کیا ہم یہ سوچ کر دیتے ہیں کہ اصل دینے والا اللہ ہے؟
حقیقی انفاق وہ ہے جو اللہ کے لیے کیا جائے، نہ کہ دکھاوے کے لیے۔جتنا ہم اللہ کی راہ میں دیتے ہیں، اتنا ہی وہ ہمیں لوٹاتا ہے!جو وقت ہم اللہ کی رضا کے لیے نکالتے ہیں، وہی ہماری زندگی میں سب سے زیادہ بابرکت بن جاتا ہے!جو دولت ہم راہِ خدا میں لگاتے ہیں، وہ قیامت کے دن ہمارے لیے "سایہ" بن جائے گی!خرچ کرنا صرف دولت بانٹنے کا نام نہیں، بلکہ یہ دل کی وسعت اور اللہ پر بھروسے کی علامت ہے۔
اگر ہم سمجھیں کہ جو کچھ ہمارے پاس ہے، وہ اللہ کی عطا ہے، تو ہمیں اسے دوسروں پر خرچ کرنے میں بخل نہیں کرنا چاہیے۔خرچ کرنا صرف پیسہ دینا نہیں، کسی کو وقت دینا، مشورہ دینا، کسی کو ہنسانا، یا مدد کرنا بھی انفاق میں آتا ہے۔جتنا زیادہ خرچ کریں گے، اتنی زیادہ برکت ہوگی!
ان تین صفات میں حکمت کیا ہے؟
یہ تین چیزیں ہدایت کے لیے شرط کیوں رکھی گئی ہیں؟یہ تینوں ایک دوسرے سے جُڑی ہوئی ہیں:
• اگر ایمان بالغیب نہ ہو، تو نماز بوجھ لگے گی، اور انفاق مشکل لگے گا۔
• اگر نماز نہ ہو، تو ایمان کمزور ہو جائے گا، اور دل میں دنیا کی محبت غالب آ جائے گی۔
• اگر انفاق نہ ہو، تو نماز ایک رسمی عمل بن جائے گی، اور ایمان کمزور پڑ جائے گا۔
یہ تین چیزیں اگر ہماری زندگی میں آ جائیں، تو ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو جائیں گے!
میری زندگی میں اس آیت کا اثر
یہ تین صفات جب میں خود میں دیکھتی ہوں، تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ:
• اگر میں واقعی غیب پر ایمان رکھوں، تو میرے دل کی بےچینی ختم ہو جائے گی۔
• اگر میں نماز کو زندگی کا مرکز بنا لوں، تو میری مشکلات خود بخود حل ہونے لگیں گی۔
• اگر میں دوسروں پر خرچ کرنا سیکھ لوں، تو میرا رزق بڑھنے لگے گا اور میری روح خوش ہو جائے گی۔
یہ آیت میرے لیے ایک آئینہ ہے جو مجھے دکھاتی ہے کہ میں کہاں کھڑی ہوں اور کس چیز میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔سوال جو یہ آیت مجھ سے کرتی ہے:
• کیا میں اللہ پر اتنا بھروسا کرتی ہوں کہ ہر حال میں مطمئن رہوں؟
• کیا میں نماز کو واقعی اپنے دن کا سب سے اہم حصہ سمجھتی ہوں؟
• کیا میں اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کو بانٹنے کے لیے تیار ہوں؟
اگر ان تین سوالوں کے جواب "ہاں" میں آجائیں، تو میں واقعی ہدایت کے قریب پہنچ جاؤں گی!
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:4
وَٱلَّذِينَ يُؤۡمِنُونَ بِمَآ أُنزِلَ إِلَيۡكَ وَمَآ أُنزِلَ مِن قَبۡلِكَ وَبِٱلۡأٓخِرَةِ هُمۡ يُوقِنُونَ
اور وہ لوگ جو اس پر ایمان رکھتے ہیں جو آپ پر نازل کیا گیا اور جو آپ سے پہلے نازل کیا گیا، اور آخرت پر یقین رکھتے ہیں۔
یہ آیت ایمان کے تین بنیادی اجزاء پر روشنی ڈالتی ہے:
1) قرآن پر ایمان– یعنی وہ ہدایت جو سیدھی اللہ کی طرف سے محمد ﷺ پر اتری۔
2) پچھلی وحیوں پر ایمان – یعنی وہ تعلیمات جو پچھلے انبیاء کو دی گئیں۔
3) آخرت پر یقین – یعنی دنیا کی حقیقت کو سمجھنا اور انجام کی تیاری کرنا۔
یہ تین نکات درحقیقت "ہدایت یافتہ بندوں" کا مکمل خاکہ ہیں۔ جو شخص اس ایمان کے ہر پہلو میں مضبوط ہوتا ہے، وہی اللہ کے ہاں کامیاب ہے۔
قرآن پر ایمان
یہاں ایمان کے لیے "يُؤۡمِنُونَ" کا لفظ آیا ہے، جو قلبی تصدیق، زبانی اقرار، اور عملی اطاعت کو شامل کرتا ہے۔ صرف یہ مان لینا کہ قرآن اللہ کی کتاب ہے کافی نہیں، بلکہ اسے زندگی پر نافذ کرنا بھی ضروری ہے۔ قرآن پر ایمان، توحید پر ایمان کے بعد سب سے اہم ہے۔یہ ایمان مطالبہ کرتا ہے کہ ہم قرآن کو ہدایت کا واحد ذریعہ مانیں۔یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے خیالات، جذبات، اور طرزِ زندگی کو اس کے مطابق ڈھالیں۔
ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے: کیا ہم قرآن کو واقعی اپنی زندگی کا دستور سمجھتے ہیں؟ کیا ہم صرف مخصوص آیات پر عمل کرتے ہیں، یا مکمل قرآن پر ایمان رکھتے ہیں؟ کیا ہم اسے صرف برکت کے لیے پڑھتے ہیں، یا اس کے احکام کو زندگی میں نافذ بھی کرتے ہیں؟
اگر ہمارا ایمان قرآن کے ہر حکم پر ہے، تو ہم حقیقی مومن ہیں، ورنہ ہمارا ایمان ادھورا ہے۔
پچھلی کتابوں پر ایمان
یہاں اللہ نے پچھلی وحیوں پر ایمان کو بھی ہدایت یافتہ لوگوں کی صفت قرار دیا ہے۔ مگر کیوں؟ کیونکہ تمام آسمانی کتابیں ایک ہی پیغام پر مبنی تھیں: اللہ کی بندگی اور آخرت کی تیاری۔اللہ نے ہمیشہ انسانیت کو ایک مسلسل پیغام دیا، جو قرآن میں مکمل ہوا۔پچھلی کتابوں پر ایمان رکھنا ضروری ہے، مگر اس کے ساتھ یہ ماننا بھی ضروری ہے کہ اب صرف قرآن ہی محفوظ ہے۔
اگر کوئی کہے کہ "ہمیں بھی انجیل اور تورات کی پیروی کرنی چاہیے"، تو یہ قرآن کی روح کے خلاف ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھے کہ پچھلی کتابیں اب بھی مکمل محفوظ ہیں، تو وہ قرآن کے عقیدے سے انحراف کر رہا ہے۔ ہمیں اہلِ کتاب سے بات کرتے ہوئے ان کی کتابوں کا احترام کرنا چاہیے، مگر یہ بھی واضح کرنا چاہیے کہ اب صرف قرآن قابلِ عمل ہے۔ہم پچھلی کتابوں کو وحی مانتے ہیں، مگر انہیں اپنا دستور نہیں سمجھتے۔قرآن ہی آخری فیصلہ کن کتاب ہے، اور اسی پر عمل کرنا لازم ہے۔
آخرت پر یقین
یہاں ایمان کے لیے "يُوقِنُونَ" کا لفظ آیا ہے، جو "کامل یقین" کو ظاہر کرتا ہے۔ ایمان اور یقین میں فرق ہے: ایمان کا مطلب ہے مان لینا۔یقین کا مطلب ہے ایسا ماننا کہ کوئی شک نہ رہے، اور زندگی اس پر مکمل ڈھل جائے۔
ایمان یہ ہے کہ قیامت آئے گی، یقین یہ ہے کہ یہ کسی بھی لمحے آ سکتی ہے۔ایمان یہ ہے کہ جزا و سزا ہو گی، یقین یہ ہے کہ میں اپنے ہر عمل کا جوابدہ ہوں۔ایمان یہ ہے کہ جنت و جہنم موجود ہیں، یقین یہ ہے کہ میں جو کچھ کما رہا ہوں، وہ مجھے وہاں لے جائے گا۔
اگر آخرت پر یقین ہو، تو آدمی کبھی ظلم نہ کرے۔اگر آخرت پر یقین ہو، تو آدمی کبھی تکبر نہ کرے، کیونکہ حساب دینا ہو گا۔اگر آخرت پر یقین ہو، تو آدمی کبھی نماز نہ چھوڑے، کیونکہ اللہ کے سامنے جواب دہ ہونا ہے۔ آخرت پر یقین ہمیں گناہوں سے روکتا ہے اور اچھے اعمال پر ابھارتا ہے۔یہی وہ یقین ہے جو اہلِ تقویٰ کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔
گہرے نکات:
• اگر کوئی قرآن پر ایمان رکھے مگر آخرت پر یقین نہ کرے، تو وہ دنیا میں گمراہ ہو سکتا ہے۔
• اگر کوئی آخرت پر یقین رکھے مگر قرآن کی ہدایت پر نہ چلے، تو وہ قیامت کے دن خسارے میں ہو گا۔
• اگر کوئی قرآن اور آخرت پر یقین رکھے مگر پچھلی کتابوں کی حقیقت کو نہ سمجھے، تو وہ کمزور عقیدے کا ہوگا۔
• یہ آیت اہلِ ایمان کی مکمل شناخت بیان کرتی ہے۔ جو شخص ان تینوں میں مضبوط ہو، وہی حقیقی کامیاب ہے۔
ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
• قرآن کو صرف پڑھنا نہیں، بلکہ اس کے مطابق زندگی گزارنی ہے۔
• پچھلی کتابوں کو ماننا ہے مگر ان کی موجودہ حیثیت کو سمجھنا ہے۔
• آخرت پر ایسا یقین پیدا کرنا ہے کہ ہر فیصلہ اسی بنیاد پر ہو۔
• اگر ہم واقعی کامیابی چاہتے ہیں، تو اس آیت کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔
خلاصہ
• قرآن پر ایمان– صرف زبانی نہیں، بلکہ مکمل یقین اور اطاعت کے ساتھ۔
• پچھلی کتابوں پر ایمان – مگر ساتھ میں یہ تسلیم کرنا کہ صرف قرآن محفوظ ہے۔
• آخرت پر یقین – ایسا یقین جو زندگی کے ہر عمل کو متاثر کرے۔
یہ تینوں چیزیں ہدایت یافتہ مومن کی پہچان ہیں۔ اگر ان میں سے کسی ایک میں کمی ہو، تو ایمان کمزور ہے۔
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:5
أُو۟لَـٰئِكَ عَلَىٰ هُدًۭى مِّن رَّبِّهِمْ ۖ وَأُو۟لَـٰئِكَ هُمُ ٱلْمُفْلِحُونَ
یہی لوگ اپنے رب کی طرف سے ہدایت پر ہیں، اور یہی لوگ کامیاب ہونے والے ہیں۔
یہ آیت پچھلی چار آیات کا خلاصہ اور نتیجہ ہے۔ جن کی صفات پہلی چار آیات میں ذکر ہوئیں:
1) ایمان بالغیب
2) نماز قائم کرنا
3) اللہ کے دیے ہوئے میں سے خرچ کرنا
4) قرآن اور پچھلی کتابوں پر ایمان
5) آخرت پر یقین رکھنا
یہ تمام صفات رکھنے والے لوگ ہدایت پر ہیں اور حقیقی کامیابی انہی کا مقدر ہے۔ لیکن اس آیت میں ایک نہایت گہرا پیغام چھپا ہے، جو ہمیں سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہاں دو بڑے نکات ہیں:
1) أُو۟لَـٰئِكَ عَلَىٰ هُدًۭى مِّن رَّبِّهِمْ– یہ لوگ اللہ کی طرف سے ہدایت پر ہیں۔
2) وَأُو۟لَـٰئِكَ هُمُ ٱلْمُفْلِحُونَ– یہی لوگ حقیقی کامیاب ہیں۔
ہدایت، مگر کیسی؟
اللہ نے یہاں "عَلَىٰ" کا لفظ استعمال کیا، جس کا مطلب ہے کسی چیز پر مضبوطی سے قائم ہونا۔ تصور کریں:جیسے کوئی مضبوط جہاز سمندر میں چل رہا ہو، اگر آپ اس پر سوار ہیں، تو منزل تک پہنچ جائیں گے۔ جیسے کوئی درخت زمین پر جم کر کھڑا ہو، تو طوفان بھی اسے نہیں گرا سکتے۔ یہ لوگ ایسے نہیں کہ ہدایت ان کے پاس بس ایک نظریہ ہے، بلکہ وہ اس پر پوری طرح جمے ہوئے ہیں۔
یہاں ہمیں سبق لینا چاہیے کہ کیا ہم ہدایت کے "مسافر" ہیں؟ کیا ہم ہدایت کو اختیار کرنے میں اتنے مضبوط ہیں کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ہلا نہ سکے؟ کیا ہمارا ایمان صرف نظریاتی ہے، یا عملی طور پر ہم ہدایت پر "سوار" ہیں؟
یہ ہدایت کہاں سے آ رہی ہے؟
یہاں ایک بہت اہم نکتہ ہے:اللہ تعالیٰ نے کہا کہ یہ ہدایت "مِّن رَّبِّهِمْ" یعنی "ان کے رب کی طرف سے" ہے۔ یہ جملہ ہمیں سکھاتا ہے:ہدایت انسان خود نہیں بنا سکتا، یہ صرف اللہ کی عطا ہے۔ اگر اللہ کی طرف سے ہدایت نصیب ہو جائے، تو کوئی طاقت اسے مٹا نہیں سکتی۔ "رب" کا مطلب ہے پالنے والا، سنوارنے والا، پروان چڑھانے والا۔ یعنی یہ ہدایت کوئی جامد چیز نہیں، بلکہ یہ مسلسل ترقی پاتی ہے!
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم ہدایت کو ایک جامد چیز سمجھ رہے ہیں یا اسے مسلسل بڑھا رہے ہیں؟ کیا ہم ہدایت کے لیے اللہ سے دعا کرتے ہیں؟
فلاح، مگر کون سی؟
"المفلحون" کا اصل مفہوم صرف "کامیابی" نہیں، بلکہ ''ہمیشہ کے لیے کامیابی'' ہے! عربی زبان میں "فَلَحَ" کا مطلب زمین کا شق ہونا بھی ہے، جیسے ایک کسان زمین کو چیر کر بیج بوتا ہے، پھر وہ بیج آہستہ آہستہ بڑھتا ہے اور آخرکار فصل بن جاتا ہے۔ یہاں ایک بڑی حقیقت چھپی ہے: ایک کسان جب زمین میں بیج بوتا ہے، تو فوری طور پر نتیجہ نہیں ملتا، وقت لگتا ہے۔ ہدایت یافتہ لوگ بھی محنت کرتے ہیں، آزمائشوں سے گزرتے ہیں، لیکن آخرکار کامیاب ہو جاتے ہیں! اس کا مطلب ہے کہ حقیقی فلاح صبر اور استقامت کے بعد آتی ہے۔
اگر ہدایت پر آزمائشیں آ رہی ہیں، تو گھبرائیں مت!اگر کامیابی فوری نہیں مل رہی، تو صبر کریں، بیج آخرکار درخت ضرور بنتا ہے۔جو آخرت پر یقین رکھتا ہے، وہ وقتی ناکامیوں سے نہیں گھبراتا۔
ایک گہرا نکتہ – دنیاوی کامیابی اور آخروی کامیابی کا فرق
دنیا کہتی ہے:زیادہ پیسہ ہو تو کامیابی! مشہور ہو جاؤ تو کامیابی! طاقت حاصل کر لو تو کامیابی!
قرآن کہتا ہے:ہدایت پر رہو تو کامیابی!اللہ کے قریب ہو تو کامیابی!آخرت میں کامیاب ہو جاؤ تو اصل فلاح!
یہ آیت ہماری سوچ کو چیلنج کر رہی ہے: کیا ہم واقعی کامیابی کو وہ سمجھ رہے ہیں جو اللہ نے بتایا؟ یا ہم دنیا کی وقتی چیزوں کو کامیابی مان بیٹھے ہیں؟
خلاصہ – ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
ہدایت کو سب سے بڑی نعمت سمجھیں۔اللہ سے دعا کریں کہ ہمیں ہدایت پر جمائے رکھے۔اگر مشکلات آئیں، تو گھبرانے کے بجائے صبر کریں، کیونکہ فلاح کا راستہ صبر سے گزرتا ہے۔دنیاوی وقتی خوشیوں کے پیچھے نہ بھاگیں، بلکہ آخرت کی کامیابی پر فوکس کریں۔ہدایت کو صرف مانیں نہیں، اس پر "سوار" ہو جائیں!
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:6
إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُوا۟ سَوَآءٌ عَلَيْهِمْ ءَأَنذَرْتَهُمْ أَمْ لَمْ تُنذِرْهُمْ لَا يُؤْمِنُونَ
"بے شک جنہوں نے کفر کیا، ان کے لیے برابر ہے، چاہے آپ انہیں خبردار کریں یا نہ کریں، وہ ایمان نہیں لائیں گے۔"
پچھلی آیات میں ہدایت یافتہ لوگوں کی صفات اور کامیابی بیان کی گئی تھی۔ اب ایک بالکل مختلف گروہ کا ذکر ہو رہا ہے: وہ لوگ جو ہدایت سے منہ موڑ چکے ہیں۔یہاں اللہ تعالیٰ فرما رہے ہیں کہ "کافر" یعنی جنہوں نے جان بوجھ کر حق کو رد کر دیا، ان پر نصیحت اثر نہیں کرے گی۔ چاہے انہیں ڈرایا جائے یا نہ ڈرایا جائے، وہ ایمان نہیں لائیں گے۔یہ آیت ہمیں ہدایت کے قوانین، انسانی نفسیات، اور ایمان و کفر کے انجام کے بارے میں ایک گہری حقیقت سے روشناس کر رہی ہے۔ یہ آیت ہمیں صرف ماضی کے کفار کے بارے میں نہیں بتا رہی، بلکہ یہ ہر دور کے ہر شخص کے لیے ایک آئینہ ہے!
کفر کیا ہے؟
کفر صرف انکار نہیں، بلکہ جان بوجھ کر سچ کو دبانے کا عمل ہے!عربی میں "کفر" کا مطلب "چھپانا، ڈھانپنا" ہے، جیسے ایک کسان بیج زمین میں دباتا ہے۔ اسی طرح، جو لوگ حق کو دیکھ کر بھی ضد اور تکبر کی وجہ سے اسے چھپا دیں، وہی حقیقی کافر ہیں۔
ہدایت کا پہلا اصول ہے کہ اگر ہم حق کو دبائیں گے، تو اللہ بھی ہمارے دل کو تاریک کر دے گا! یہاں ہمارے لیے سوچنے کا مقام ہے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم بھی اللہ کی کسی ہدایت کو جانتے ہوئے اس سے منہ موڑ رہے ہیں؟ کیا ہم دین کی کسی بات کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رہے ہیں؟ اگر ہاں، تو یہ کفر کی ایک ابتدائی صورت ہو سکتی ہے!
نصیحت کا اثر کیوں نہیں ہوتا؟
یہاں اللہ ہمیں ایک اہم نفسیاتی حقیقت سکھا رہے ہیں: ہدایت کی قبولیت صرف نصیحت سے نہیں ہوتی، بلکہ دل کی حالت سے ہوتی ہے! کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ خواہ انہیں کتنا ہی سمجھایا جائے، ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا!ایسا کیوں ہوتا ہے؟ کیا مسئلہ دلائل کا ہے؟ نہیں! کیا مسئلہ نبیﷺ کے سمجھانے کے انداز کا ہے؟ نہیں! مسئلہ ان کے دل کی سختی کا ہے!
یہ آیت ہمیں متنبہ کر رہی ہے کہ اگر کوئی بار بار نصیحت کو رد کرتا رہے، تو اس کا دل سخت ہو جاتا ہے!یہ ہمیں ایک عملی سبق دے رہی ہے کہ اگر ہم دین کی نصیحتوں کو بار بار ٹالیں گے، تو ایک دن ایسا بھی آ سکتا ہے کہ وہ نصیحتیں ہمارے دل پر اثر ہی نہ کریں!یہی وہ مقام ہوتا ہے جب اللہ کہتا ہے: "اب انہیں خبردار کرو یا نہ کرو، کوئی فرق نہیں پڑے گا!"
ایمان کا دروازہ کیوں بند ہو جاتا ہے؟
یہاں سب سے خوفناک حقیقت بیان کی جا رہی ہے: "لَا يُؤْمِنُونَ" – "وہ ایمان نہیں لائیں گے!" یہ کس لیے؟ کیا اللہ نے زبردستی ان پر ایمان کا دروازہ بند کر دیا؟ نہیں! بلکہ یہ لوگ خود اپنے فیصلوں کے نتیجے میں ہدایت سے محروم ہوئے!قرآن میں ایک اور جگہ یہی قانون بیان ہوا ہے:
"ثُمَّ ٱنصَرَفُوا۟ صَرَفَ ٱللَّهُ قُلُوبَهُم بِأَنَّهُمْ قَوْمٌۭ لَّا يَفْقَهُونَ" (التوبہ: 127)
"پھر جب وہ خود منہ موڑ لیتے ہیں، تو اللہ ان کے دلوں کو پھیر دیتا ہے، کیونکہ وہ سمجھنے والے نہیں ہیں!
یہاں ایک زبردست نکتہ ہے:اگر کوئی خود ہدایت سے منہ موڑ لے، تو اللہ بھی اس کے دل کو پھیر دیتا ہے!یہ ایک اصول ہے: اگر ہم حق کو رد کریں گے، تو حق ہم سے دور ہوتا جائے گا!یہی وہ خوفناک کیفیت ہے جہاں نصیحت بے اثر ہو جاتی ہے، اور انسان ہمیشہ کے لیے گمراہی کے اندھیروں میں چلا جاتا ہے!
گمراہی کی جانب سفر – دل کی سختی کیسے بڑھتی ہے؟
یہ آیت ہمیں ہدایت کے رد کیے جانے کا ایک پورا پروسیس سمجھا رہی ہے:
1) پہلا مرحلہ: انسان حق کو سن کر بھی توجہ نہیں دیتا۔
2) دوسرا مرحلہ:وہ بار بار نصیحت کو نظر انداز کرتا ہے۔
3) تیسرا مرحلہ: وہ حق کا مذاق اڑانے لگتا ہے۔
4) چوتھا مرحلہ: وہ دین کی ہر بات کو سختی سے رد کرنے لگتا ہے۔
5) پانچواں مرحلہ: اللہ اس کے دل پر مہر لگا دیتا ہے، پھر کوئی دلیل، کوئی معجزہ، کوئی نصیحت اس پر اثر نہیں کرتی!
سوچیں! کیا ہم بھی کسی نصیحت کو بار بار نظر انداز کر رہے ہیں؟کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم بھی کسی گناہ میں اتنے آگے بڑھ چکے ہیں کہ اب نصیحت سن کر کوئی احساس ہی نہیں ہوتا؟یہ آیت ہمیں خبردار کر رہی ہے: اللہ کی طرف پلٹ آؤ، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے!
ہم اس آیت سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟
• ہدایت کسی کے اختیار میں نہیں، یہ صرف اللہ کی طرف سے ملتی ہے!
• اگر ہم بار بار حق کو ٹھکراتے رہیں، تو ہمارے دل سخت ہو سکتے ہیں!
• ہدایت کے لیے کھلے دل اور اخلاص کی ضرورت ہوتی ہے – ضد اور تکبر ہدایت کو روکتا ہے!
• اگر کوئی شخص جان بوجھ کر نصیحت سے منہ موڑے، تو ایک دن ایسا بھی آ سکتا ہے کہ نصیحت اس کے لیے بے معنی ہو جائے!
• ہدایت کی روشنی کو نظر انداز نہ کریں، ورنہ یہ روشنی چھن بھی سکتی ہے!
• ہمیں روزانہ اپنے دل کا محاسبہ کرنا چاہیے کہ کہیں ہم نصیحت کو نظر انداز تو نہیں کر رہے!اللہ سے ہمیشہ دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمارے دلوں کو زندہ رکھے اور ہدایت کو ہم پر ہمیشہ کھلا رکھے!
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:7
خَتَمَ ٱللَّهُ عَلَىٰ قُلُوبِهِمْ وَعَلَىٰ سَمْعِهِمْ ۖ وَعَلَىٰٓ أَبْصَٰرِهِمْ غِشَٰوَةٌۭ ۖ وَلَهُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ
"اللہ نے ان کے دلوں پر مہر لگا دی ہے، اور ان کے کانوں پر بھی، اور ان کی آنکھوں پر پردہ ہے، اور ان کے لیے بڑا عذاب ہے۔"
یہ آیت ہدایت اور گمراہی کے درمیان ایک فیصلہ کن حقیقت کو بیان کر رہی ہے۔ یہ ہمیں بتا رہی ہے کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں، جو خود کو اس مقام پر لے آتے ہیں جہاں نصیحت، حق اور سچائی ان کے لیے بے اثر ہو جاتی ہے۔
یہ آیت میرے لیے ایک آئینہ ہے—ایک ایسی حقیقت جس میں میں اپنے آپ کو دیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔یہ مجھے ڈراتی بھی ہے، جگاتی بھی ہے، اور ہدایت کا ایک ایسا اصول سکھاتی ہے جسے میں اپنی زندگی کا بنیادی سبق بنا سکتی ہوں۔ ہدایت اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے! مگر کیا ہوگا اگر یہ ہم سے چھین لی جائے؟یہ آیت ہمیں اسی خوفناک انجام کے بارے میں بتا رہی ہے—ایک ایسا انجام جہاں دلوں پر مہر لگ جاتی ہے، کان حق نہیں سن سکتے، اور آنکھیں سچائی دیکھنے سے قاصر ہو جاتی ہیں۔یہ کیسا المیہ ہے؟ کیسا خوفناک لمحہ ہے جب انسان کے لیے ہدایت کا دروازہ بند کر دیا جائے!یہی لمحہ میری روح کو جھنجھوڑتا ہے—کہیں میں بھی تو اس راہ پر نہیں؟
دل پر مہر کیوں لگتی ہے؟
"خَتَمَ" کا مطلب ہوتا ہے "مہر لگا دینا، بند کر دینا"جب کسی چیز پر مہر لگا دی جاتی ہے تو اب اس میں نہ کوئی چیز داخل ہو سکتی ہے، نہ نکل سکتی ہے۔یہ سب سے خوفناک کیفیت ہے!اللہ نے ان کے دلوں پر مہر کیوں لگا دی؟ کیا یہ زبردستی ہوا؟نہیں! بلکہ یہ ان کے اپنے اعمال کی سزا ہے!
"فَلَمَّا زَاغُوا۟ أَزَاغَ ٱللَّهُ قُلُوبَهُمْ" (الصف: 5)
"پھر جب وہ خود ٹیڑھے ہو گئے، تو اللہ نے ان کے دلوں کو ٹیڑھا کر دیا!
یعنی جب کوئی شخص خود ضد، تکبر اور ہٹ دھرمی میں بڑھتا چلا جاتا ہے، تو اللہ اس کے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔ہدایت کی سب سے بڑی علامت یہ ہے کہ دل نصیحت قبول کرے، اور گمراہی کی سب سے بڑی علامت یہ ہے کہ دل نصیحت سے بند ہو جائے!
یعنی یہ مہر کسی زبردستی کا نتیجہ نہیں، بلکہ انسان کے اپنے اعمال کی وجہ سے لگتی ہے!خود سے سوال کریں اگر میں گناہوں کو معمولی سمجھنے لگوں،اگر میں حق کو نظر انداز کرنے لگوں، اگر میں بار بار نصیحت کو سن کر بھی عمل نہ کروں،تو کہیں ایسا نہ ہو کہ میرا دل بھی سخت ہو جائے، اور ایک دن اس پر بھی مہر لگ جائے! یہی لمحہ سب سے زیادہ خوفناک ہے! کیونکہ اگر ہدایت کا دروازہ بند ہو جائے، تو پھر پلٹنے کا راستہ کہاں ہوگا؟
جب کان حق نہیں سنتے!
"سَمْع" کا مطلب سننے کی طاقت ہے۔ کانوں پر مہر کا مطلب یہ ہے کہ اب کوئی نصیحت اثر نہیں کرتی!چاہے قرآن پڑھا جائے، چاہے علم کی باتیں کی جائیں، وہ سب بے معنی لگتی ہیں! یہ کیوں ہوتا ہے؟ جب ہم بار بار نصیحت کو رد کرتے ہیں، جب ہم دین کی باتیں سنتے ہیں مگر ان پر غور نہیں کرتے، جب ہم سچائی کو قبول کرنے کے بجائے اسے جھٹک دیتے ہیں،تو ایک وقت آتا ہے کہ نصیحت دل میں اثر کرنا چھوڑ دیتی ہے!قرآن پاک میں ارشاد ہے:
"وَمِنْهُم مَّن يَسْتَمِعُ إِلَيْكَ ۖ وَجَعَلْنَا عَلَىٰ قُلُوبِهِمْ أَكِنَّةً أَن يَفْقَهُوهُ وَفِىٓ ءَاذَانِهِمْ وَقْرًۭا ۚ" (الأنعام: 25)
"اور ان میں سے کچھ وہ ہیں جو آپ کی بات سنتے ہیں، لیکن ہم نے ان کے دلوں پر پردے ڈال دیے ہیں کہ وہ اسے سمجھ نہ سکیں، اور ان کے کانوں میں بوجھ ڈال دیا ہے!"
یہ لمحہ ہمارے لیے ایک انتباہ ہے!کیا ہمم دین کی باتوں کو سن کر ایک کان سے سنتے اور دوسرے سے نکال دیتے ہیں؟اگر ہاں، تو ہمیں فوراً اپنے کانوں کو ہدایت کے لیے کھولنے کی ضرورت ہے!
آنکھوں پر پردہ کیوں؟
"غِشَاوَةٌ" کا مطلب ہے: "گہرا پردہ" یہ وہ کیفیت ہے کہ انسان حق کو دیکھ بھی لے، تو بھی اسے نظر انداز کرتا ہے۔
"فَإِنَّهَا لَا تَعْمَى ٱلْأَبْصَٰرُ وَلَٰكِن تَعْمَى ٱلْقُلُوبُ ٱلَّتِى فِى ٱلصُّدُورِ" (الحج: 46)
"حقیقت میں آنکھیں اندھی نہیں ہوتیں، بلکہ وہ دل اندھے ہو جاتے ہیں جو سینوں میں ہوتے ہیں!
یہ وہ حالت ہے جب آنکھیں کھلی ہوتی ہیں، مگر حقیقت کو دیکھنے کی صلاحیت ختم ہو چکی ہوتی ہے!یہ میرے لیے سب سے بڑا سوال ہے:کیا میں وہ چیزیں دیکھ رہی ہوں جو اللہ مجھے دکھانا چاہتا ہے؟یا میں دنیا میں اتنی مگن ہوں کہ میں حقیقت سے آنکھیں چرا رہی ہوں؟
سب سے بڑی سزا!
کیا ہم نے کبھی سوچا کہ سب سے بڑی سزا کیا ہو سکتی ہے؟ مال کا چھن جانا؟ صحت کا ختم ہو جانا؟ زندگی کی مشکلات؟نہیں! سب سے بڑی سزا یہ ہے کہ انسان ہدایت سے محروم ہو جائے!
"وَمَن يُضْلِلِ اللَّهُ فَمَا لَهُۥ مِنْ هَادٍ" (الزمر: 23)
"جسے اللہ گمراہ کر دے، اس کے لیے کوئی ہدایت دینے والا نہیں!"
یہی سب سے بڑی تباہی ہے! انسان کو نصیحت سننے، حق دیکھنے، اور سچائی کو قبول کرنے کی توفیق ہی نہ ملے! یہ کہ انسان خود کو ایسے مقام پر لے جائے جہاں ہدایت کا دروازہ بند ہو جائے!یہی سب سے بڑی بدبختی ہے!
ہم اس آیت سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟
• ہدایت کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند بھی ہو سکتا ہے – اس سے پہلے پلٹ آنا چاہیے!
• اگر ہم دین کی باتیں سنتے ہیں مگر ان پر عمل نہیں کرتے، تو یہ خطرے کی علامت ہو سکتی ہے!
• اگر ہمیں نصیحت اچھی نہ لگے، تو سوچیں کہ کہیں ہم اپنی روحانی بینائی اور سماعت تو نہیں کھو رہے؟
• ہدایت اللہ کے ہاتھ میں ہے، مگر وہ انہیں ملتی ہے جو سچائی کو قبول کرنے کے لیے تیار ہوں!
• اللہ سے ہمیشہ دعا کریں: "یَا مُقَلِّبَ القُلُوبِ، ثَبِّتْ قَلْبِي عَلَىٰ دِينِكَ" (اے دلوں کو پھیرنے والے! میرے دل کو اپنے دین پر ثابت رکھ!)
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:8
وَمِنَ النَّاسِ مَن يَقُولُ آمَنَّا بِاللَّهِ وَبِالْيَوْمِ الْآخِرِ وَمَا هُمْ بِمُؤْمِنِينَ
"اور لوگوں میں سے بعض وہ ہیں جو کہتے ہیں ہم اللہ پر اور یومِ قیامت پر ایمان لائے حالانکہ وہ (ہرگز) مومن نہیں ہیں۔"
یہ آیت محض تاریخی منافقین کے بارے میں نہیں، بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے ایک آئینہ ہے، خاص طور پر میرے اور آپ کے لیے کہ کہیں ہم بھی "زبان" سے کچھ اور کہہ رہے ہوں اور "دل" میں کچھ اور ہو۔ یہ آیت دل کی وہ چوری بے نقاب کر دیتی ہے جو انسان خود بھی نظر انداز کر دیتا ہے۔
اور لوگوں میں سے کچھ
اللہ تعالیٰ یہاں عام لوگوں میں سے ایک مخصوص گروہ کو الگ کر رہے ہیں۔ یعنی یہ لوگ بظاہر مسلمانوں کے ساتھ گھل مل کر رہتے ہیں، ان کی عبادات میں شریک ہوتے ہیں، مگر درحقیقت وہ مسلمانوں میں سے نہیں ہوتے۔ یہاں ایک جھٹکا لگتا ہے! کیا یہ آیت ہمں بھی مخاطب کر رہی ہے؟کیا ہم بھی کہیں ان میں شامل تو نہیں جو ظاہری طور پر دینداری کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں، مگر اندر کچھ اور ہے
جو کہتے ہیں
یہاں "يَقُولُ" (کہتے ہیں) پر زور دیا گیا ہے، یعنی ان کا ایمان محض الفاظ تک محدود ہے۔ یہ مجھے نبی کریم ﷺ کی ایک حدیث کی یاد دلاتا ہے۔رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"لوگو! تم میں سے بعض لوگ ایسے ہیں کہ ان کے اعمال ان کی زبان کی تصدیق نہیں کرتے!" (مسند احمد)
یعنی کہنے اور کرنے میں فرق ہوتا ہے۔ یہ آیت مجھ مجبور کرتی ہے کہ میں اپنے اندر جھانکوں: کیا میں بھی زبان سے کچھ اور کہتی ہوں اور عمل اس کے خلاف ہوتا ہے؟ کیا میں کہتی ہوں "میں اللہ سے محبت کرتی ہوں" مگر گناہ کے موقع پر اللہ کو بھول جاتی ہوں؟کیا میں لوگوں کے سامنے دین دار بنتی ہوں مگر اکیلے میں میرے اعمال کچھ اور ہوتے ہیں؟
"ہم اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان لائے"
یہاں غور کریں کہ انہوں نے رسول ﷺ، فرشتوں، اور کتابوں کا ذکر نہیں کیا! کیونکہ اللہ اور آخرت کو ماننا تو نسبتی طور پر آسان ہے، مگر جب اللہ کے احکام کو ماننے کی باری آتی ہے، جب قرآن اور حدیث کی روشنی میں چلنا پڑتا ہے، تب ان کے دل میں چور ہوتا ہے۔ آج بھی کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہم اللہ کو مانتے ہیں، مگر جب دین کے اصول ان کی خواہشات کے خلاف آتے ہیں تو ان کا طرزِ عمل بدل جاتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"منافق کی تین نشانیاں ہیں: جب بولتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے، جب وعدہ کرتا ہے تو وعدہ خلافی کرتا ہے، اور جب اس کے پاس امانت رکھی جاتی ہے تو خیانت کرتا ہے۔" (صحیح بخاری 33، مسلم 59)
یہ حدیث مجھے ڈرا دیتی ہے! کیا میرے اندر بھی نفاق کی یہ نشانیاں تو نہیں؟کیا میں وعدہ خلافی تو نہیں کرتی؟کیا میں نے کبھی کسی کی امانت میں خیانت کی ہے؟ کیا میں بھی جھوٹ بولتی ہوں؟یہ وہ سوالات ہیں جو اس آیت کو پڑھ کر میرے ذہن میں ابھرتے ہیں۔
"اور وہ ہرگز مومن نہیں"
یہاں "وَمَا هُم" کے ساتھ تاکید آئی ہے، یعنی اللہ تعالیٰ واضح فرما رہے ہیں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں! وہ سچے مومن نہیں ہیں۔ یہ بات مجھے جھنجھوڑ دیتی ہے، کیونکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ: زبان سے ایمان کا دعویٰ کرنا کافی نہیں، جب تک عمل اس کی تصدیق نہ کرے!اگر میرا عمل میرے ایمان کے خلاف جا رہا ہے، تو کیا میں واقعی سچی مومن ہوں؟رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"جس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی نفاق ہوگا، وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا!" (صحیح مسلم 243)
یہ حدیث سن کر دل لرز اٹھتا ہے! کیا میرے اندر رائی کے دانے جتنا بھی نفاق تو نہیں؟کیا میں صرف لوگوں کو دکھانے کے لیے نیک بنتی ہوں؟کیا میرے اعمال اور میرا دل ایک ہی چیز کی گواہی دیتے ہیں؟
یہ آیت مجھے کیا سکھاتی ہے؟
یہ آیت مجھے خود احتسابی کی طرف لے جاتی ہے۔ مجھے دیکھنا ہوگا کہ میں زبان سے جو کہتی ہوں، کیا میں اس پر عمل بھی کرتی ہوں؟مجھے اپنی نیتوں کو چیک کرنا ہوگا کہ آیا میں واقعی اللہ کے لیے اعمال کر رہی ہوں یا صرف دنیاوی مفادات کے لیے؟مجھے اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ کہیں میں بھی ظاہری دینداری کا شکار ہو کر اندر سے کچھ اور تو نہیں؟
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:9
يُخَادِعُونَ ٱللَّهَ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ وَمَا يَخْدَعُونَ إِلَّآ أَنفُسَهُمْ وَمَا يَشْعُرُونَ
وہ اللہ اور ایمان والوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں، مگر درحقیقت وہ خود کو دھوکہ دے رہے ہوتے ہیں، لیکن انہیں اس کا شعور نہیں۔
یہ آیت نفاق کی گہری حقیقت کو بیان کر رہی ہے اور ہمیں اس بات پر غور و فکر کی دعوت دیتی ہے کہ دھوکہ دینے والا شخص سب سے زیادہ اپنے آپ کو دھوکہ دیتا ہے، مگر اسے اس کا شعور نہیں ہوتا!
یہ حقیقت انتہائی خوفناک ہے کہ ایک انسان خود کو نیک، کامیاب، اور چالاک سمجھے، مگر درحقیقت وہ ہلاکت کے دہانے پر کھڑا ہو اور اسے اس کا احساس بھی نہ ہو۔
"وہ اللہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں"
یہاں "يُخَادِعُونَ" کا لفظ آیا ہے، جو "خَدَعَ" (دھوکہ دینا، چالاکی کرنا) سے نکلا ہے۔ اس میں مفاعلہ کا صیغہ استعمال ہوا ہے، جو باہمی عمل کو ظاہر کرتا ہے، یعنی ایسا لگتا ہے جیسے یہ لوگ اللہ کے ساتھ دھوکہ بازی کا کھیل کھیل رہے ہیں۔
مگر کیا اللہ سے کوئی دھوکہ دے سکتا ہے؟ کیا وہ اللہ کو بے خبر سمجھتے ہیں؟ یہ نفاق کی سب سے بڑی حماقت ہے کہ ایک شخص ظاہری طور پر ایمان کا اظہار کرتا ہے، مگر دل میں کفر، شک اور بدنیتی رکھتا ہے اور سمجھتا ہے کہ وہ اللہ کے علم سے پوشیدہ ہے۔ وہ ظاہری عبادات میں شریک ہوتے ہیں، نیکی کا مظاہرہ کرتے ہیں، مگر درحقیقت ان کا دل اللہ کی محبت، خشیت اور اطاعت سے خالی ہوتا ہے۔ ایک حدیث مبارکہ ہے:
"قیامت کے دن سب سے زیادہ سخت عذاب اس شخص کو ہوگا جو دو چہرے رکھتا ہے، جو ایک گروہ کے پاس ایک چہرہ لے کر جاتا ہے اور دوسرے کے پاس دوسرا چہرہ۔" (صحیح بخاری 6058، صحیح مسلم 2526)
یہ حدیث مجھے جھنجھوڑ دیتی ہے: کہیں میں بھی لوگوں کے سامنے ایک نیک چہرہ اور اکیلے میں کوئی اور چہرہ تو نہیں رکھتی؟کہیں میں بھی دنیاوی فائدے کے لیے دین کو صرف ایک ظاہری لبادے کے طور پر تو نہیں پہن رہی؟
"اور وہ ایمان والوں کو دھوکہ دیتے ہیں"
یہاں واضح کیا گیا کہ یہ منافق صرف اللہ ہی نہیں بلکہ ایمان والوں کو بھی دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ وہ مسلمانوں میں شامل ہو کر ان کا اعتماد حاصل کریں، مگر درحقیقت وہ اندرونی طور پر اسلام اور مسلمانوں کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ آج کے دور میں بھی ایسے افراد نظر آتے ہیں جو مسلمانوں کے ساتھ بیٹھتے ہیں، مگر ان کے خلاف ہی سازشیں کرتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے:
"جس نے ہمیں دھوکہ دیا، وہ ہم میں سے نہیں!" (صحیح مسلم 102)
یہ حدیث مجھے مجبور کرتی ہے کہ میں اپنا جائزہ لوں: کیا میں بھی کسی مسلمان بھائی یا بہن کو دھوکہ تو نہیں دے رہی؟ کیا میں اپنی ذات کے مفاد کے لیے کسی دوسرے کو نقصان پہنچانے کی کوشش تو نہیں کر رہی؟
"اور وہ خود کو ہی دھوکہ دے رہے ہیں"
یہ جملہ نہایت خطرناک حقیقت کو واضح کر رہا ہے! منافق یہ سمجھتا ہے کہ وہ دوسروں کو دھوکہ دے رہا ہے، مگر اصل میں وہ اپنے آپ کو تباہ کر رہا ہوتا ہے۔ وہ اپنی آخرت برباد کر رہا ہوتا ہے، مگر اسے اس کا احساس بھی نہیں ہوتا۔قرآن میں ایک اور جگہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
إِنَّ ٱلْمُنَٰفِقِينَ فِى ٱلدَّرْكِ ٱلْأَسْفَلِ مِنَ ٱلنَّارِ
"بے شک منافق جہنم کے سب سے نچلے درجے میں ہوں گے!" (النساء: 145)
یعنی وہ خود کو جنت کے قریب سمجھ رہے ہوتے ہیں، مگر حقیقت میں وہ جہنم کے گہرے ترین حصے میں گر رہے ہوتے ہیں!
یہاں میں خود سے سوال کرتی ہوں: کیا میں بھی اپنے آپ کو کسی فریب میں مبتلا کر رہی ہوں؟کیا میں نے اپنی زندگی کے کسی شعبے میں ایسی خود فریبی پال رکھی ہے جو میری آخرت کے لیے نقصان دہ ہے؟
"اور انہیں اس کا شعور تک نہیں"
یہ آیت کا سب سے زیادہ لرزہ خیز حصہ ہے! یہ سب کچھ ہوتا ہے، مگر انہیں اس کا احساس نہیں ہوتا! سب سے بڑا نقصان وہ ہوتا ہے جو انسان کو محسوس نہ ہو، کیونکہ جب احساس ہو تو توبہ کا دروازہ کھلا ہوتا ہے، مگر اگر شعور ہی نہ ہو تو بندہ مسلسل ہلاکت کی طرف بڑھتا رہتا ہے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
"جب بندہ گناہ پر گناہ کرتا ہے، تو اس کا دل سیاہ ہو جاتا ہے، اور پھر وہ برائی کو برائی نہیں سمجھتا!" (مسند احمد 8391)
یہ حدیث مجھے خوف میں مبتلا کر دیتی ہے! کہیں میں بھی ایسے کسی گناہ میں تو نہیں جسے میں نے معمول بنا لیا ہو؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ میرا دل بھی دھیرے دھیرے سیاہ ہو رہا ہو اور مجھے اس کا احساس نہ ہو؟کہیں میں بھی کسی ایسی حالت میں تو نہیں جہاں میں یہ سمجھوں کہ میں ٹھیک ہوں، مگر حقیقت میں میں اپنی آخرت برباد کر رہی ہوں؟
یہ آیت مجھے کیا سکھاتی ہے؟
• اللہ سے دھوکہ دینا ممکن نہیں!
• مسلمانوں کو دھوکہ دینا دراصل اپنی آخرت برباد کرنا ہے!
• منافقت کی سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ انسان خود کو دھوکہ دے رہا ہوتا ہے، مگر اسے اس کا شعور نہیں ہوتا!
• مجھے اپنے دل کو نفاق کی کسی بھی شکل سے پاک کرنا ہوگا!
 

نور نیت

مبتدی
شمولیت
اپریل 16، 2025
پیغامات
30
ری ایکشن اسکور
0
پوائنٹ
10
آیت:10
فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٌ فَزَادَهُمُ اللَّهُ مَرَضًا ۖ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌۭ بِمَا كَانُوا يَكْذِبُونَ
ان کے دلوں میں بیماری ہے، پھر اللہ نے ان کی بیماری میں مزید اضافہ کر دیا، اور ان کے لیے دردناک عذاب ہے، اس لیے کہ وہ جھوٹ بولتے تھے۔
یہ آیت ایک آئینہ ہے جس میں ہر شخص اپنی اصل حقیقت دیکھ سکتا ہے، اگر وہ دیکھنا چاہے۔ یہ صرف "منافقین" کی کہانی نہیں، بلکہ ہر اس دل کی کیفیت کا نقشہ ہے جو سچائی کے سامنے آکر بھی اس سے آنکھیں چرا لیتا ہے۔
بیماری کہاں ہے؟
اللہ تعالیٰ نے یہاں "عقولهم" (ان کی عقلوں میں)یا "نفوسهم" (ان کی جانوں میں) نہیں کہا، بلکہ "قُلُوبِهِم" (ان کے دلوں میں) فرمایا۔ یہاں "قلب" کا ذکر انتہائی اہم ہے، کیونکہ انسانی ہدایت و گمراہی کا اصل مرکز دل ہے، نہ کہ صرف دماغ۔
سوچیں! اگر دماغ میں کوئی غلطی ہو، تو دل کی ہدایت اسے درست کر سکتی ہے، لیکن اگر دل ہی بیمار ہو جائے، تو پھر پورا انسان برباد ہو جاتا ہے۔
قلب کا بیمار ہونا کسے کہتے ہیں؟
• دل کا سچائی کو پہچاننے کے باوجود اسے قبول نہ کرنا۔
• حق اور باطل کو جاننے کے باوجود اپنی پسند کے مطابق فیصلہ کرنا۔
• اپنی خواہشات کو دین پر ترجیح دینا۔
• حسد، بغض، شک، ریاکاری اور نفاق جیسی روحانی بیماریاں پال لینا۔
دل اور دماغ کا فرق:
دماغ کسی چیز کے حق میں دلائل تلاش کرتا ہے، لیکن فیصلہ ہمیشہ دل کرتا ہے۔اگر دل کمزور ہو جائے، تو انسان کسی بھی دلیل کو قبول کرنے کے قابل نہیں رہتا، بلکہ وہ صرف اپنی پسند کے مطابق دلائل تلاش کرتا ہے۔یہی بیماری کی سب سے خطرناک شکل ہے کہ انسان سچ کو سن کر بھی اس پر اثر نہ لے۔
یہ بیماری بڑھتی کیسے ہے؟
جب انسان کسی بیماری کو معمولی سمجھ کر علاج نہ کرے، تو وہ بیماری شدید ہو جاتی ہے۔ اگر حسد کا علاج نہ کیا جائے، تو وہ بغض میں بدل جاتا ہے۔ اگر بغض کا علاج نہ کیا جائے، تو وہ دشمنی میں بدل جاتا ہے۔ اگر دشمنی کا علاج نہ کیا جائے، تو وہ مکمل اندھے پن میں بدل جاتا ہے، جہاں حق اور باطل کی تمیز ختم ہو جاتی ہے۔ یہی وہ کیفیت ہے جس کا نتیجہ "فَزَادَهُمُ اللَّهُ مَرَضًا" میں بیان کیا گیا ہے۔
بیماری کیوں بڑھا دی گئی؟
یہاں اللہ کا ایک بہت بڑا قانون بیان کیا گیا ہے، جسے سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔ انسان کے دل میں جو رجحان پیدا ہوتا ہے، اللہ اسی کو مزید مضبوط کر دیتا ہے۔ اگر کوئی شخص ہدایت چاہتا ہے، تو اللہ اس کے لیے مزید راستے کھول دیتا ہے۔ اور اگر کوئی شخص گمراہی میں ضد کرتا ہے، تو اللہ اس کے دل کو اور سخت کر دیتا ہے۔
یہ کس طرح کام کرتا ہے؟ جب کوئی شخص حق کو دیکھ کر بھی انکار کرتا ہے، تو اللہ اس کے دل کو اس انکار پر مزید مضبوط کر دیتا ہے۔ اس کے بعد وہ حق کو دیکھنے کے باوجود اسے ایک آپشن نہیں، بلکہ ایک رکاوٹ سمجھنے لگتا ہے۔ وہ اپنی ضد کو "عقل" اور "حقیقت پسندی" کا نام دے دیتا ہے۔ وہ ہر سچائی کو رد کرنے کے لیے اپنے ذہن میں بہانے پیدا کر لیتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ خود کو مکمل دھوکے میں ڈال دیتا ہے کہ وہی حق پر ہے، جبکہ اصل میں وہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہوتا ہے۔یہی وہ وقت ہوتا ہے جب اللہ تعالیٰ انسان کو چھوڑ دیتا ہے، اور اس کے دل پر ایک مہر لگا دی جاتی ہے۔
سوچیں! اللہ کا کسی کو چھوڑ دینا کتنی بڑی سزا ہے؟اگر روشنی تک پہنچنے کے سارے راستے بند ہو جائیں، تو پھر کیا باقی رہتا ہے؟
دردناک عذاب کی حقیقت
یہاں لفظ "أَلِيمٌ" استعمال ہوا ہے، جو "درد" سے نکلا ہے۔ یعنی یہ صرف عام عذاب نہیں، بلکہ ایسا عذاب ہے جو ہر لمحے نئی تکلیف دیتا رہے گا۔ جسمانی عذاب بھی ہوگا، لیکن اس سے زیادہ خطرناک روحانی اور نفسیاتی عذاب ہوگا۔وہ عذاب دل کی گھٹن، دماغ کی بے چینی، اور روح کی بے سکونی کی صورت میں دنیا میں بھی محسوس ہونے لگتا ہے۔
دنیا میں عذاب کی علامات:
• حق کو دیکھ کر بھی قبول نہ کر سکنا۔
• دل میں دائمی بے سکونی اور اضطراب۔
• غلطی پر ہونے کے باوجود اپنی ضد میں مزید پختہ ہونا۔
• ہر وقت کسی نہ کسی نئی مصیبت میں مبتلا رہنا۔
• روح میں ایسی کھچاؤ اور جلن محسوس کرنا، جو ختم نہ ہو۔
ایسا شخص خود کو کتنا بھی کامیاب سمجھے، وہ اندر سے ٹوٹا ہوا ہوتا ہے۔
جھوٹ اور خودفریبی
یہاں ایک انتہائی چونکا دینے والا انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ سب کچھ جھوٹ بولنے کی وجہ سے ہوا۔لیکن یہ جھوٹ صرف زبان کا جھوٹ نہیں!یہ زندگی کا جھوٹ ہے۔۔۔ وہ جھوٹ جو انسان خود کو بولتا ہے۔
کون سا جھوٹ؟
وہ جھوٹ جس میں انسان حق کو دیکھ کر بھی خود کو یہ یقین دلاتا ہے کہ یہ غلط ہے۔وہ جھوٹ جس میں انسان خود کو سچا ثابت کرنے کے لیے بہانے تراشتا ہے۔ وہ جھوٹ جس میں انسان اپنے دل کی حقیقت کو چھپا کر دوسروں کو ایک جھوٹا روپ دکھاتا ہے۔ وہ جھوٹ جس میں انسان اپنی غلطی کو "حقیقت پسندی" اور "دانائی" کا نام دیتا ہے۔یہ سب جھوٹ دراصل انسان کو ہلاک کر دیتا ہے۔انسان جتنا اپنے آپ سے جھوٹ بولتا جائے، اتنا ہی اللہ اس کے دل کو مزید اندھا کرتا جاتا ہے۔
یہ آیت ہمیں کیا سکھاتی ہے؟
• سب سے پہلے ہمیں اپنے دل کی سچائی کو تلاش کرنا ہوگا۔
• اگر ہم کسی نافرمانی یا غلط رویے پر ضد کر رہے ہیں، تو یہ خطرے کی علامت ہے۔
• ہدایت اللہ کی طرف سے ہے، لیکن اگر ہم حق سے منہ موڑیں گے، تو اللہ ہمارے دلوں کو مزید سخت کر دے گا۔
• سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ انسان خود کو ٹھیک سمجھے، جبکہ وہ حقیقت میں گمراہی میں ہو۔
اب سوال یہ ہے کہ۔۔۔ کیا ہمارا دل واقعی "سچائی کو قبول کرنے والا" ہے، یا ہم بھی کسی نہ کسی "مرض" میں مبتلا ہیں، جس کا ہمیں احساس نہیں؟
 
Top