بسم اللہ الرحمن الرحیم
کسی روایت میں چند ابتدائی مسلمانوں کا ذکر ہونا لازما اس بات کی دلیل نہیں کہ اس میں مذکور افراد کے علاوہ کسی دوسرے شخص نے اس زمانے میں اسلام قبول نہیں کیا تھا۔ اسی طرح کسی مخصوص واقعے میں کسی شخصیت کا ذکر نہ ہونا، اس کے ایمان لانے کی نفی نہیں کرتا۔
لہٰذا حدیث عمار رضی اللہ عنہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیوں کا ذکر نہ ہونا اور ان کے ابتدائی مسلمانوں میں شامل ہونے کا مسئلہ دو الگ الگ مباحث ہیں۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی صحیح میں روایت نقل کی ہے:
عَنْ عَمَّارٍ قَالَ:«
رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ وَمَا مَعَهُ إِلَّا خَمْسَةُ أَعْبُدٍ، وَامْرَأَتَانِ، وَأَبُو بَكْرٍ»
حضرت عمار رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ کے ساتھ پانچ غلام، دو عورتیں اور ابوبکر رضی اللہ عنہ کے سوا کوئی نہ تھا۔ [صحیح البخاری، حدیث: 3660]
حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے اس حدیث کی شرح میں پانچ غلاموں اور دو عورتوں کی تعیین کرتے ہوئے لکھا ہے:
«
أَمَّا الْأَعْبُدُ فَهُمْ بِلَالٌ وَزَيْدُ بْنُ حَارِثَةَ وَعَامِرُ بْنُ فُهَيْرَةَ ... وَأَبُو فُكَيْهَةَ مَوْلَى صَفْوَانَ بْنِ أُمَيَّةَ ... وَأَمَّا الْخَامِسُ فَيُحْتَمَلُ أَنْ يُفَسَّرَ بِشَقْرَانَ ... وَذَكَرَ بَعْضُ شُيُوخِنَا بَدَلَ أَبِي فُكَيْهَةَ عَمَّارَ بْنَ يَاسِرٍ» پھر دو عورتوں کے بارے میں لکھتے ہیں: «
وَأَمَّا الْمَرْأَتَانِ فَخَدِيجَةُ، وَالْأُخْرَى أُمُّ أَيْمَنَ أَوْ سُمَيَّةُ».
یعنی ان پانچ غلاموں میں بلال، زید بن حارثہ، عامر بن فہیرہ اور ابو فکیہہ رضی اللہ عنہم شامل ہیں، جبکہ پانچویں کے بارے میں شقران یا عمار بن یاسر رضی اللہ عنہما کا احتمال بیان کیا گیا ہے۔ دو عورتوں میں پہلی ام المؤمنین خدیجہ رضی اللہ عنہا اور دوسری ام ایمن یا سمیہ رضی اللہ عنہا ہیں۔
اس کے بعد حافظ ابن حجر رحمہ اللہ ایک نہایت اہم وضاحت فرماتے ہیں: «
وَفِي هَذَا الْحَدِيثِ أَنَّ أَبَا بَكْرٍ أَوَّلُ مَنْ أَسْلَمَ مِنَ الْأَحْرَارِ مُطْلَقًا، وَلَكِنْ مُرَادُ عَمَّارٍ بِذَلِكَ مِمَّنْ أَظْهَرَ إِسْلَامَهُ، وَإِلَّا فَقَدْ كَانَ حِينَئِذٍ جَمَاعَةٌ مِمَّنْ أَسْلَمَ، لَكِنَّهُمْ كَانُوا يُخْفُونَهُ مِنْ أَقَارِبِهِمْ»
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ابوبکر رضی اللہ عنہ آزاد لوگوں میں سب سے پہلے اسلام لانے والے تھے، لیکن عمار رضی اللہ عنہ کی مراد ان لوگوں سے ہے جنہوں نے اپنے اسلام کو ظاہر کر دیا تھا۔ ورنہ اس وقت بھی ایک جماعت ایسی موجود تھی جو اسلام قبول کر چکی تھی، لیکن اپنے رشتہ داروں سے اپنا اسلام چھپاتی تھی۔
[فتح الباري بشرح البخاري، كتاب فضائل الصحابة، جلد 7، صفحہ: 24]
یہاں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے خود واضح کر دیا کہ اس روایت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ موجود افراد کا شمار ان لوگوں کے اعتبار سے ہے جن کا اسلام ظاہر ہو چکا تھا، نہ کہ ان تمام افراد کا جو حقیقت میں مسلمان ہو چکے تھے۔ پس یہ روایت ایک مکمل فہرست سابقین اسلام نہیں ہے۔ اس سے یہ نتیجہ نکالنا درست نہیں کہ جن افراد کا نام اس میں نہیں آیا، انہوں نے اس زمانے میں اسلام قبول نہیں کیا تھا۔
اس کے علاوہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی چاروں صاحبزادیاں رضی اللہ عنہن، حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی بیٹیاں تھیں اور سابقین اسلام میں شامل تھیں یعنی زینب بنت محمد صلی اللہ علیہ وسلم، رقیہ بنت محمد صلی اللہ علیہ وسلم، ام کلثوم بنت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور فاطمہ بنت محمد صلی اللہ علیہ وسلم۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان صاحبزادیوں نے اپنی والدہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ اسلام قبول کیا تھا۔
امام ابن سعد رحمہ اللہ نے الطبقات الکبریٰ میں حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا کے حالات میں لکھا ہے: «
وَأَسْلَمَتْ حِينَ أَسْلَمَتْ أُمُّهَا خَدِيجَةُ، وَبَايَعَتْ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ هِيَ وَأَخَوَاتُهَا حِينَ بَايَعَهُ النِّسَاءُ»
وہ اسی وقت اسلام لے آئیں جب ان کی والدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اسلام قبول کیا، اور انہوں نے اپنی بہنوں کے ساتھ اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی جب عورتوں نے آپ سے بیعت کی۔
[الطبقات الکبریٰ لابن سعد، جلد 8، ص : 29]
اس میں صرف حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا کا ذکر نہیں بلکہ ان کی تمام بہنوں کے ساتھ اسلام قبول کرنے کی صراحت موجود ہے۔ امام ابن سعد رحمہ اللہ نے حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا کے حالات میں بھی لکھا ہے:
«
فَلَمْ تَزَلْ بِمَكَّةَ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ ﷺ، وَأَسْلَمَتْ حِينَ أَسْلَمَتْ أُمُّهَا، وَبَايَعَتْ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ مَعَ أَخَوَاتِهَا حِينَ بَايَعَهُ النِّسَاءُ»
وہ مکہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہیں، اور اسی وقت اسلام لے آئیں جب ان کی والدہ نے اسلام قبول کیا، اور اپنی بہنوں کے ساتھ اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی جب عورتوں نے آپ سے بیعت کی۔
[الطبقات الکبریٰ لابن سعد، جلد 8، ص : 30]
حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے بارے میں بھی ابن سعد نے ایک روایت نقل کی ہے: «
أَنَّ زَيْنَبَ بِنْتَ رَسُولِ اللَّهِ ﷺ كَانَتْ تَحْتَ أَبِي الْعَاصِ بْنِ الرَّبِيعِ، فَأَسْلَمَتْ وَهَاجَرَتْ مَعَ أَبِيهَا، وَأَبَى أَبُو الْعَاصِ أَنْ يُسْلِمَ»
زینب بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ابوالعاص بن ربیع کے نکاح میں تھیں، انہوں نے اسلام قبول کیا اور اپنے والد کے ساتھ ہجرت کی، جبکہ ابوالعاص نے اس وقت اسلام قبول کرنے سے انکار کیا۔
[الطبقات الکبریٰ لابن سعد، جلد 8، ص : 25]
اس روایت سے حضرت زینب رضی اللہ عنہا کا اپنے والد کے ساتھ اسلام قبول کرنا اور ہجرت کرنا معلوم ہوتا ہے۔ یہ تاریخی روایات اس بات کی تائید کرتی ہیں کہ بنات رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ابتدائی دور ہی میں اسلام قبول کر لیا تھا وہ سبھی اپنی والدہ اور بہنوں کے ساتھ ابتدائی دور میں مسلمان ہوئیں، نہ کہ فتح مکہ یا مدینہ منورہ میں ہجرت کے بعد۔
پس حدیث عمار رضی اللہ عنہ میں تمام مسلمانوں کا احاطہ مقصود نہیں، بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ موجود اور اپنا اسلام ظاہر کرنے والے افراد کا ذکر ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے خود تصریح کی ہے کہ اس وقت بہت سے لوگ اسلام قبول کر چکے تھے اور امام ابن سعد رحمہ اللہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیوں کے بارے میں صراحت کی ہے کہ وہ اسلام قبول کر چکی تھیں۔
لہٰذا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی چاروں صاحبزادیوں کو سابقون الاولون میں شمار کیا جائے گا کیونکہ سابقون الاولون سے مراد وہ لوگ ہیں جنہوں نے اسلام قبول کرنے میں سبقت حاصل کی۔ اسی لیے حدیث عمار رضی اللہ عنہ کو اسلام قبول کرنے والوں کی مکمل مردم شماری سمجھنا درست نہیں۔ اس حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ موجود بعض افراد کا ذکر ہے، جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھرانے کی خواتین اور بعض دوسرے افراد کے اسلام قبول کرنے کے شواہد دوسری تاریخی روایات میں محفوظ ہیں۔
واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب۔