بھائی آپ نے جس کتاب کا دہاگہ دیا ہے وہ حاشیۃ الخضری علی ابن عقیل ہے ۔ جبکہ اوضح التسہیل یہ شرح ابن عقیل کا ترجمہ ہے اور اس میں ۔ واللہ اعلم ۔ محیی الدین عبد الحمید کی تعلیقات (جو منحۃالجلیل کے نام سے ابن عقیل کے ساتھ مطبوع ہیں)کو اکثر مقامات پر ترجمہ کر کے نقل کردیا گیا ہے اور حوالہ دینے کی بھی ضرورت نہیں سمجھی گئی ۔ ایک بات جو ملاحظہ کی گئی ہے وہ یہ ہے کہ اشعار وغیرہ اور دیگر مقامات پر ترجمہ کرتے ہوئے مشکل الفاظ کو ہو بہو نقل کر دیا گیا ہے ۔ بہر صورت ایک پھر بھی ایک اچھی کوشش ہے ۔ اس کتاب کی اہمیت اس لحاظ سے بھی ہے کہ یہ شرح ابن عقیل پر اردو میں واحد شرح ہے جس سے طلباء مدد لے سکتے ہیں ۔ اللہ مؤلف کو جزائے خیر دے ۔
آسان الفیہ کے نام سے ایک کتاب کافی عرصہ پہلے منظر عام پر آئی تھی جو اگر چہ مختصر ہے لیکن اس میں ۔ واللہ اعلم ۔ ترجمے کا حق ادا کردیا گیا ۔ ۔ لیکن بازار میں وہ بھی آج کل نایاب نہیں تو کمیاب ضرور ہے ۔
اگر کسی بھائی کے علم میں الفیہ ابن مالک یا ابن عقیل پر اردو میں کوئی کتاب ہو تو ضرور مطلع کرے ۔
اور ایک کتاب یہ ہے
کواکب النحو شرح هداية النحو (اردو)
ہدایۃ النحو پر اردو میں بہت ساری شروح مل جاتی ہیں ۔ اکثر میں تکرار ہے لیکن چند ایک شروح ایسی ہیں جن میں ایک دوسرے سے قدرے مختلف مواد ہے ۔ مثلاً
درایۃ النحو اس کتاب میں تفصیل کے ساتھ مسائل نحو کی وضاحت موجود ہے ۔ اور نحوی قواعد کے علل و غوامض کی تشریح ہے ۔
مصباح النحو یہ بھی پہلی کی طرح ہے ، مجھے یہ کتاب کا زیادہ مطالعہ کرنے کا موقعہ نہیں ملا ۔۔ لیکن اس کا نام یہأں اس وجہ سے بھی لکھ دیا ہے کہ بعض کبار علماء کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ اس سے استفادہ کرتے ہیں ۔
ضیاء النحو ، اس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ہدایۃ النحو میں جو ترتیب اختیار کی گئی ہے اس ترتیب کی عقلی توجیہات کے ذریعے تائید کی گئی ہے ۔ اور اسی طرح اصطلاحات اور ان کے القاب یعنی اسم اور مسمی کے درمیان مطابقت کو واضح کیا گیا ہے ۔
خیر النحو
مؤخر الذکر کتاب سب سے بعد میں چھپی ہے ، حجم میں نسبتا زیادہ ہے ، لیکن اس کی خصوصیات میں سے یہ خصوصیت ہے کہ اس میں نقشہ جات کے ذریعے مسائل نحو کو آسان طریقے سے سمجھایا گیا ہے ۔ اسی طرح عبارت کی تراکیب بھی کی گئی ہیں ۔
اگر کسی بھائی کے پاس مزید معلومات ہو تو شکریہ کا موقعہ دیں ۔ جزاکم اللہ ۔