اس میں کوئ شک نہيں ہے کہ جب راۓ دہندگان بے بنياد اور حقائق سے عاری ميڈيا رپورٹس يا محض افواہوں کو بنياد بنا کر مختلف سازشی کہانيوں کا ذکر کرتے ہيں اور اس حوالے سے سوالات اٹھاتے ہيں تو ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم يقينی طور پر امريکی حکومت کے موقف کو واضح کرنے کی سعی کرتی ہے۔ کيا آپ نہيں چاہيں گے کہ امريکی حکومت کا موقف بھی سنا جاۓ اور ايک معتبر سرکاری ذريعے سے وضاحت حاصل کی جاۓ؟ خاص طور پر ايک ايسے فورم پر جس کا وجود ہی اس اصول پر قائم ہے کہ درست اور مصدقہ معلومات کی تشہير کی جاۓ تا کہ پڑھنے والے گفت وشنيد، تعميری بحث اور درست معلومات کی بنياد پر کسی بھی ايشو کے حوالے سے اپنی ايک راۓ قائم کر سکيں۔
آپ نے جب امریکی حکومت کی وکالت کی ، ہمارے ذہن میں جو اعتراض آئے ، ہم نے ذکر کردیے ، اعتراض کا جواب دینے کی بجائے آپ نے جو لکھا اس کا خلاصہ یہ تھا کہ :
’ مستند ہے میرا فرمایا ہوا ‘
ايک طرف تو يہ الزام لگايا جاتا ہے کہ امريکی حکومت عام پاکستانيوں کی راۓ کو اہميت نہيں ديتی ليکن اس کے ساتھ آپ ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم پر تنقيد بھی کرتے ہيں جس کا مقصد ہی مختلف فورمز کے ذريعے پاکستانيوں سے براہ راست رابطہ ہے۔
جو بات غلط ہے ہم اس پر تنقید کرتے ہیں ، امریکی حکومت ہماری بات کو اہمیت دے یا نہ دے ، ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ۔
ميں آپ کی راۓ کا احترام کرتا ہوں ليکن ميرا آپ سے سوال ہے کہ کيا يہ بہتر نہيں ہے کہ ميں انٹرنيٹ پر آپ لوگوں کے خيالات اور آراء سے امريکی حکومت کو آگاہ کروں؟
بڑے شوق سے کریں ۔
اردو فورمز پر دوستوں کی آراء جاننے کے علاوہ ميری يہ کوشش ہوتی ہے کہ جذباتيت اور غلط عمومی تاثر کے برعکس امريکی حکومت کا اصل موقف آپ تک پہنچاؤں۔
’ جذباتیت ‘ کا لفظ استعمال کرنا یہاں بالکل بے محل ہے ، ہماری باتوں میں آپ کو کہیں جذبات نظر آتے ہیں تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ اس قوم میں کچھ نہ کچھ غیرت ابھی باقی ہے ۔ یہ معاملہ ہماری عزت ، غیرت ، اور خودداری کا ہے ، اس پر بھی ہم جذبات نہ دکھائیں تو کہاں دکھائیں ؟
ہماری بہن بیٹیوں کو اٹھا کر لے جائیں ، ہماری شہریوں کو سر عام قتل کرکے چلے جائیں ، سات سمندر پار سے آکر یہاں ڈرون حملے کریں ، اور پھر بھی ہمیں سے یہ شکوہ کیا جائے کہ ہم جذباتیت سے کام لیتے ہیں ؟
اس قدر نفاست کا اظہار نہ کریں کہ مار کٹائی بھی کریں اور پھر چیخ و پکار سے بھی گھبرائیں ۔
ميرا مقصد امريکہ کی خارجہ پاليسيوں کے ليے حمايت حاصل کرنا نہيں ہے بلکہ ايک تعميری بحث کے ليے بنياد فراہم کرنا ہے۔ ميرا "ايجنڈا" صرف اتنا ہے کہ دوسرے فريق کا نقطہ نظر بھی آپ کے سامنے پيش کروں تا کہ آپ ايک متوازن راۓ قائم کر سکيں۔
آپ کا مقصد جو بھی ہو ، بحث و مباحثہ کریں ، خوشی سے کریں ، لیکن سوال کا جواب لیں ، اور دیں ، اعتراض کریں ، اور سنیں ۔ اور جہاں بات نہ بن سکے ادھر ادھر کی بجائے سیدھا کہیں کہ یہ میرے علم میں نہیں یا میرے بس کی بات نہیں ۔