سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الشیخ نے کہا ہے سعودی نوجوانوں کو لازمی فوجی تربیت دی جائے تاکہ وہ کسی بھی ضرورت پڑنے پر مملکت کے دفاع کا فریضہ سرانجام دے سکیں۔
ویب پورٹل 'اخبار 24' کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔ مفتی اعظم کے بقول نوجوانوں کے لئے لازمی فوجی تربیت اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی قوت کو ناقابل تسخیر بنا سکیں۔
سعودی عرب کی اعلی اور موثر دینی شخصیت کی جانب سے یہ تبصرہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب ملکوں کے یمن کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کے دو ہفتوں بعد سامنے آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ سعودی نوجوان ہر وقت مسلح اور تیار رہیں تاکہ وہ کسی بھی خطرے کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو باقاعدہ تیار کرنا چاہئے تاکہ وہ دین اور قوم کے دشمنوں کے خلاف جہاد میں ہماری ڈھال بن سکیں۔
اپنے خطبے میں سعودی مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ مملکت پرامن فضا میں زندگی گذار رہی ہے، یہ اللہ کی بڑی نعمت ہے۔ اس نعمت کے شکرانے کے طور پر سعودی نوجوانوں کو اپنی لازمی فوجی تربیت کے بعد دین اور قوم کے دشمنوں سے مقابلے کے لئے ہمیشہ تیار رہنا چاہئے