ماشاء اللہ آپ کا پورا انٹرویو ۔۔۔ 'پڑھتا جا (اور بطور قاری) شرماتا جا' کے مصداق ایسا ہے کہ کہیں کچھ بولنے، کمنٹ کرنے کی ضرورت اور ہمت ہی نہیں ۔ البتہ ع مقطع میں آن پڑی ہے سخن گسترانہ بات ۔ کہ
دیکھنا تقریر کی لذّت کہ جو اس نے کہا
میں نے یہ جانا کہ گویا یہ بھی میرے دل میں ہے
اس نکتہ پر یہ احقر اسی فورم میں بارہا ”صدائے احتجاج“ بلند کرچکاہے، مگر جواباً ہمیشہ ”ڈھاک کے تین پات“ ہی نظر آئے۔ عنوانات سے لے کر دھاگوں کے متن میں ”مخالف مسلک“ کے مدفون لٹریچر سے اخذ کر کے ”فحش سے فحش مواد“ کو بار بار اسی طرح پیش کیا جاتا رہا ہے جیسے آج کل الیکٹرانک چینل پر ”بریکنگ نیوز“ نشر ہوتے ہیں، خبر دینے کے لئے نہیں بلکہ ”پروپیگنڈہ“ کرنے یا ”کسی“ کو ذلیل و خوار کرنے کے لئے۔
اگر تو یہ فورم صرف ”ایک ہی مسلک“ سے وابستہ افراد کے کارکنان کی ”تربیت“ کے لئے بنایا گیا ہے تاکہ وہ یہاں سے یہ ”جان“ اور ”سیکھ“ سکیں کہ صرف اور صرف ”ہمارے مسلک“ سے وابستہ افراد ہی ”اصلی اور پکے مسلمان“ ہیں۔ اور اس مسلک سے ”باہر“ کے تمام لوگ مشرک، منافق اور غیر مسلم ہیں، تب تو اس فورم کا موجودہ ”رویہ“ بہت ہی ”مناسب اور عمدہ“ ہے۔ ایسی صورت میں ”دیگر مسالک“ سے وابستہ افراد کو فورم کا رکن ہی نہیں بنانا چاہئے کہ وہ ”رنگ میں بھنگ“ ہی ڈالتے ہیں اور ”ہم مسلکی کارکنان“ کے ذہنوں مین ”شک و شبہ“ ہی پیدا کرتے ہیں۔
لیکن اگر (ایک بہت بڑا
اگر) اس فورم کا مقصد یہ ہے کہ نیٹ ورلڈ میں موجود ”خود کو مسلمان کہلوانے اور سمجھنے“ والوں کو (بنیادی طور پر) قرآن اور سنت کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کرنا اور (ثانوی طور پر) ”اسلام سے موسوم“ اُن عقائد، عبادات، مذہبی رسومات (وغیرہ) کے بارے میں قرآن اور صحیح حدیث کی مدد سے یہ ثابت کرنا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ( ان عقائد، عبادات، مذہبی رسومات پر عمل پیرا مسالک اور افراد کو نام لے لے کر انہیں بُرا بھلا کہے بغیر، ان کے مسلک اور اکابرین کو ذلیل و رسوا کئے بغیر) ۔ ۔ ۔ تو پھر مسلکی اختلافات پر لکھنے والے اراکین کی تحریروں اور ان کے موجودہ انداز بیان و گرافکس کا سختی سے ”نوٹس“ لینا ہوگا اور فورم کو ایسے ”مواد“ سے پاک کرنا ہوگا، جن کی موجودگی میں متذکرہ بالا ”مسلمانی کے دعویدار افراد“ کبھی بھی (قرآن اور صحیح حدیث کے مطابق) حقیقی مسلمان نہیں بن سکتے، کم از کم اس فورم کے موجودہ رویہ کی مدد سے تو نہیں۔ یہ میری ذاتی رائے ہے، جس سے منتظمین فورم کا متفق ہونا اور ”دیگر مسالک“ سے وابستہ افراد کا غیر متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ (ابتسامہ)